Inquilab Logo

مہنگائی کے خلاف ۴؍ ستمبر کو کانگریس کی مہا ریلی کے انعقاد کا اعلان

Updated: August 30, 2022, 10:19 AM IST | Mumbai

ملک میں صرف مہنگائی، مایوسی اور بے چینی کی لہر ہے، مودی سرکار اہم مسائل پر توجہ نہ دے کر صرف ایونٹ مینجمنٹ کر رہی ہے:پون کھیڑا

Pawan Khera and other Congress leaders can be seen during the press conference.
پریس کانفرنس کے دوران پون کھیڑ ا اور دیگر کانگریسی لیڈروں کو دیکھا جاسکتا ہے ۔

کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری اور عوام میں پائی جانے والی بے چینی کو محسوس کرتے ہوئے ۴؍ ستمبر کو مہا ریلی کا انعقاد کیاجائے گا ۔ اس ضمن میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کے صدر پون کھیڑا نے کی  پیر کو گاندھی بھون میں  منعقدہ پریس میں کہا کہ ’’ ملک کا آج سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی اور بے روزگاری ہے اور مودی حکومت مہنگائی کم کرنے اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں پوری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ پیٹرول، ڈیزل، ایل پی جی گیس سمیت کئی ضروری اشیاء کی قیمتیں آسمان چھورہی ہیں۔آج لوگ مہنگائی سے پریشان ہیں، مودی حکومت عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے مذہبی مسائل کوہوا دے رہی ہے اور صرف ایونٹ مینجمنٹ کر رہی ہے ۔ ملک میں فی الوقت کسی کی لہر نہ ہوتے ہوئے صرف مہنگائی، مایوسی اور بے چینی کی لہر ہے۔ 
 بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے پون کھیڑا نے کہا کہ ’’مرکزی حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہے اور حکومت کے پاس اس کا کوئی جواب بھی نہیں ہے۔ حکومت مہنگائی کے مسئلہ پر بات کرنے سے ڈرتی ہے۔ مہنگائی سے متعلق مرکزی حکومت کے دعوے پوری طرح سے جھوٹے اورگمراہ کن ہیں۔ اگر ہم یو پی اے حکومت اور این ڈی اے حکومت کے دورکی قیمتوں کا موازنہ کریں تو صاف طو رپر دیکھ سکتے ہیں کہ مودی حکومت میں مہنگائی کتنی بڑھی ہے۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت والی یو پی اے حکومت کے دوران ایل پی جی سلنڈر۴۱۰؍ روپے میں دستیاب تھا، آج اس کی قیمت بڑھ کر ایک ہزار ۵۳؍ روپے ہو گئی ہے،۱۵۶؍ فیصد کا اضافہ ہے۔بین الاقوامی بازار میں جب خام تیل کی قیمت  ۱۰۷؍ڈالرتھی تب بھی یو پی اے حکومت نے پٹرول کی قیمت کو۷۵؍  روپے سے اوپر نہیں جانے دیا تھا۔ آج خام تیل کی قیمت۹۷؍ ڈالر ہونے کے باوجود پیٹرول ۱۰۶؍ روپے اور ڈیزل۹۷؍ روپے فی لیٹر ہے۔گھریلو گیس کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے اجوالا گیس کنکشن لینے والوں کو دوسرا سلنڈرخریدنا مشکل ہورہا ہے۔پون کھیڑانے کہا کہ بی جے پی حکومت کا یہ دعویٰ کہ کووڈ کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے بالکل غلط ہے۔ نریندر مودی جو سینہ ٹھوک کر کہتے تھے کہ دودھ، دہی، آٹا، پنیر پر جی ایس ٹی نہیں لگائیں گے، اب ان اشیاء پر جی ایس ٹی لگا دیا ہے۔ نوٹ بندی سے کیا حاصل کیا؟ یہ بی جے پی خود بھی نہیں جان سکی۔ 

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK