Inquilab Logo

پولیو مہم میں شامل ہونے کی ہدایت سےاساتذہ میں بے چینی

Updated: September 19, 2020, 3:34 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

کورونا وائرس کی وباء کے درمیان ٹیچروں کواس ڈیوٹی سےدور رکھاجائے، شکشک سبھاکی ڈپٹی میونسپل کمشنر سےاپیل۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

بی ایم سی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر منگلاگومارے نے ۲۰؍ستمبرسےشروع ہونےوالی پلس پولیو مہم کی ڈیوٹی کیلئے ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ سے اساتذہ و دیگر اسٹاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے ۔ اس ہدایت پر آر سینٹر زون کے میڈیکل آفیسر نے زون کے ایجوکیشن آفیسر کو ۲۹۰؍اساتذہ کی خدمات فراہم کرنے سے متعلق مکتوب روانہ کیاہے۔ اس ضمن میں تعلیمی تنظیم ممبئی مہانگر پالیکا شکشک سبھا کے جنرل سیکریٹری کےکےسنگھ نے بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی میونسپل کمشنر سے اپیل کی ہےکہ اساتذہ کو پلس پولیو مہم کی ڈیوٹی سے دور رکھا جائے ۔اس ڈیوٹی سے ٹیچروں میں بے چینی ہے ۔ کورونا وائرس کی وباءمیں ٹیچروں کو یہ ڈیوٹی دی گئی ہے جس سے ٹیچروں کی جان کو خطرہ لاحق ہے ۔
 کےکےسنگھ کےمطابق پلس پولیوکا ڈوز دینے کا کام طبی شعبہ کاہے۔ اس لئے ٹیچروں سے یہ کام نہ کرایا جائے ۔ بی ایم سی ٹیچروں کو یہ کام دےکر بامبے ہائی کورٹ کےحکم نامے کی خلاف ورزی کررہی ہے ۔ کورٹ نے ٹیچروں سے غیر تعلیمی کام نہ کرانے کاحکم جاری کیاہے۔ اس کےباوجود کورونا وائرس کی وباء میں ٹیچروں سے یہ کام لے کر ان کی زندگی سے کھلواڑکیاجارہاہے۔یوں بھی اساتذہ ان دنوں ورک فرام ہوم کی ہدایت کےمطابق طلبہ کی آن لائن پڑھائی میں مصروف ہیں ۔ بی ایم سی ۱۹۹۵ء سے مذکورہ مہم چلارہی ہے ۔ اس وقت سے اس مہم کیلئے ٹیچروں کا استعمال کیا جا رہا ہے حالانکہ یہ کام میڈیکل ڈپارٹمنٹ کے ذمہ داران کاہے ۔ اس کےباوجود ٹیچروں سے یہ کام کرایا جارہاہے ۔ ٹیچروں نے بھی کبھی اس کام سے انکار نہیں کیالیکن اس وقت حالات دوسری نوعیت کے ہیں ۔ایسے میں ٹیچروں سے یہ کام کرانا ان کی زندگی سےکھیلنے کے مترادف ہے۔ لہٰذا اس کام سے ٹیچروں کو دور رکھا جائے ۔یہی ہماری اپیل ہے۔‘‘  انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس تعلق سے ایجوکیشن آفیسر مہیش پالکر سے بھی بات چیت کی گئی ہے ۔ انہوں نےکہاکہ یہ سرکیولر ہماری جانب سے جاری نہیں کیاگیاہے ۔ اس کے باوجود متعلقہ ڈپارٹمنٹ سےاس بارےمیں بات کرنےکی کوشش کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK