Inquilab Logo

عالمی برادری سےامریکہ کے نام نہاد امن منصوبے کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل

Updated: January 29, 2020, 1:57 PM IST | Agency | Ramallah

فلسطینی حکومت نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے امن منصوبے کو جانب دارانہ قراردیتے ہوئے عالمی برادری سے اس کے بائیکاٹ کی اپیل کی ہے۔

 فلسطین کے مختلف شہروں میں امریکہ کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ تصویر: پی ٹی آئی
فلسطین کے مختلف شہروں میں امریکہ کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ تصویر: پی ٹی آئی

  رام اللہ : فلسطینی حکومت نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ  کے  امن منصوبے کو جانب دارانہ قراردیتے ہوئے عالمی برادری سے اس کے بائیکاٹ کی اپیل کی ہے۔فلسطینی حکومت  نے کہا ہےکہ امر یکہ کا نام نہاد امن منصو بہ  قضیہ فلسطین کا حل نہیں ہے بلکہ یہ تنازع کو مزیدسنگین بنائے گا۔ ہم عالمی برادری سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ امر یکہ کے اس `جانب دارانہ امن منصوبے کا بائیکاٹ کرے اور فلسطینیوں کا  اس محاذ پر ساتھ دے۔
 فلسطینی حکومت کے ترجمان محمد اشتیہ نے رام اللہ میں اعلیٰ سطحی حکومتی اجلاس سے قبل کہا کہ فلسطینی قوم متفقہ طورپر امر یکہ کے نام نہاد امن منصوبے کومسترد کرچکی ہے۔ یہ ایک جانب دارانہ اور اسرائیل کی طرف داری پرمبنی پروگرام ہے جس کا مقصد قضیہ فلسطین کاحل نہیں بلکہ اسے تباہ کرنا ہے۔امر یکہ کا  یہ منصوبہ مشرق وسطیٰ میں امن  کیلئے نہیں بلکہ ارض فلسطین پر قابض لوگوں کو تحفظ دینے کیلئے تیار کیا گیا ہے۔ہم عالمی برادری سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسےمسترد کردے۔
 محمد اشتیہ  نے مزید کہاکہ امر یکہ نے ہمارے خلاف اور فلسطینی پناہ گزینوں کی کفالت کرنے والی اقوام متحدہ کی ایجنسی کے خلاف جنگ شروع کر رکھی ہے۔ واشنگٹن میں فلسطین کے دفاتر تک بند کرد یئے گئے اور فلسطینی باشندوں کے تمام مالیاتی ذرائع پر بھی قدغن  لگانے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے اور دوسری طرف وہ ہم سے ہمدردی کا دکھاوا کرتے ہیں۔محمد اشتیہ کے مطابق  دراصل  امریکی صدر اس  منصوبے کے بہانے اسرائیل کے وزیراعظم  بنجامن نیتن یاہو کو جیل جانےسے بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ 
 وہائٹ ہائوس  میں ٹرمپ اور نیتن یاہو کی ملاقات
 پیر کو اسرائیل کے وزیرِ اعظم سے اوول آفس میں ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ امن منصوبہ مشرقِ وسطیٰ میں قیام امن کیلئے اہم موقع ہو سکتا ہے۔یہ منصوبہ فلسطینیوں  کیلئے بہت اچھا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ آخر کار وہ بھی اسے تسلیم کر لیں گے۔ اسرائیل کے وزیر اعظم نے بھی صدر ٹرمپ کی تعریف کرتے ہوئے مجوزہ منصوبے کو `صدی کا سب سے بڑا معاہدہ قرار دیا  ۔
 فلسطین کا امر یکہ سے مذاکرات نہ کرنے کا اعلان
ؕ  فلسطینی اتھاریٹی کے سربراہ محمود عباس نے بھی  کہا کہ  امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی طرف سے ملاقات کی کسی پیشکش کو قبول نہیں کیا جائے گا۔نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک فلسطینی عہدیدار نے بتایا کہ امریکی اور فلسطینی حکام میں اس وقت کوئی رابطہ نہیںہے۔ ہم آزاد فلسطینی ریاست کے بنیادی مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔۱۹۶۷ء کی جنگ میں اسرائیل کے قبضے میں آنے والے علاقوں پر مشتمل فلسطینی ریاست کے قیام اور مشرقی بیت المقدس کو اس کا دارالحکومت بنانے کے مطالبے پرقائم رہیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK