Inquilab Logo

بابری مسجد کی بازیابی کے لئے آیت کریمہ اور دعاؤں کا اہتمام

Updated: August 06, 2020, 7:16 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

بھنڈی بازار، کرلا، گوونڈی اور میرا روڈ جیسے مختلف علاقوں کے گھروں میں، مساجد اور دینی اداروں‌ میں اس کا اہتمام کیا گیا اور روزہ رکھا گیا

Raza Academy - Pic : INN
سوشل ڈسٹینسنگ پرعمل کرتے ہوئےدعاؤں کا اہتمام کیا گیا

گھرکی خواتین، مردوں، بچوں، علماء اور ائمہ مساجد نےبدھ کے روزبابری مسجد کی بازیابی کیلئےدعائیں کیں، آیت کریمہ کا ورد کیا اور کچھ لوگوں‌نے روزہ بھی رکھا۔ اس تعلق سے ایک دن قبل مسلم کونسل ٹرسٹ اور رضا اکیڈمی کے جانب سے عامۃ المسلمین سے اپیل کی گئی تھی۔
 واضح رہے کہ ۵؍اگست کو رام مندر کی تعمیر کیلئےبھومی پوجن کیا گیا اور اسے بڑی کامیابی قرار دیاگیا حالانکہ یہ اظہر من الشمس ہے کہ سپریم کورٹ نے مسلمانوں کی جانب سے پیش کردہ تمام ثبوتوں شواہد اور حقائق کو تسلیم کیاتھا۔ یہ الگ بات ہے کہ اس کے باوجود فیصلہ فریق مخالف کے حق میں دیا۔
 حاصل کردہ تفصیلات کے مطابق رضا اکیڈمی کے دفتر بھنڈی بازار میں، مسلم کونسل ٹرسٹ کے سربراہ ابراہیم طائی کے گھر میں، عافیہ عمران دادانی کے گھر پر، محمد رضوان کےگھر کرلا قصائی واڑہ میں ، امام باڑہ بی آئی ٹی چال انس رضا کے گھر کے ساتھ سنی ہری جامع مسجد گوونڈی کے خطیب و امام مولانا محمود عالم رشیدی، مفتی ساجد علی رضوی مصباہی، امام سنی ہری مسجد کرلا گارڈن، جامعہ اسلامیہ میرا روڈ میں مفتی واجد القادری نے اور مفتی علاؤالدین القادری، محکمہ شرعیہ سنی دارالافتاء والقضا ( میراروڈ) نے خصوصی دعا کا اہتمام کیا اور روزہ بھی رکھا۔ 
 تنظیم تحریک درود سلام کے ذمہ دار مولانا محمد عباس رضوی نے اس موقع پر کہا کہ۵؍اگست کو رام مندر کی تعمیر کے لئے بھومی پوجن ضرور کیا گیا لیکن یہ ناقابل فراموش سچائی ہے کہ ظلم ،غنڈہ کردی اور طاقت کے بل پر بابری مسجد شہید کی گئی۔ اس لئےہم سب نے بابری مسجد کی بازیابی کیلئے دعاؤں کااہتمام کیا۔ ہمیں یقین ہے کہ خالق کائنات کی عدالت میں فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے، وہ ہمیں اپنے مقدس گھر کی بازیابی کی توفیق ضرور دے گا۔ 
 رضا اکیڈمی کے جنرل سیکریٹری سعید نوری نے کہا کہ تاریخی حوالوں اور شریعت کے پاکیزہ اصولوں کی روشنی میں بابری مسجد مسجد تھی، ہےاور تاقیامت مسجد ہی رہے گی اور دنیا کی کوئی طاقت بابری مسجد کی اس حیثیت کو کبھی ختم نہیں کر سکتی۔ رب کائنات کی ذات پاک  پر بھروسہ ہے کہ وہ ہمیں اور ہماری نسلوں کو بابری مسجد کی بازیابی کی توفیق ضرور عطا فرمائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK