Inquilab Logo

کیرالامیں یونیورسٹی میں اروندھتی رائے کا مضمون نصاب میں شامل، بی جے پی کو اعتراض

Updated: July 29, 2020, 10:58 AM IST | Agency | Kerala

کیرالا کے کوزی کوڈ میں کالی کاٹ یونیورسٹی کے نصاب میں بکر پرائز جیتنے والے اروندھتی رائے کے لیکچر ’کم ستمبر‘ کو شامل کئے جانے پر بی جے پی نے اعتراض کیا ہے

Arundhati Roy - Pic : INN
اروندھوتی رائے ۔ تصویر : آئی این این

کیرالا کے کوزی کوڈ میں کالی کاٹ یونیورسٹی کے نصاب میں بکر پرائز جیتنے والے اروندھتی رائے کے لیکچر ’کم ستمبر‘ کو شامل کئے جانے پر بی جے پی نے اعتراض کیا ہے۔کیرالا بی جے پی کے صدر کے سریندرن نے اس مضمون کو ملک مخالف قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ اس مضمون کے ذریعہ طلبہ میں مذہبی تقسیم پیدا کرنے کی سازش ہے ،اسلئے  اسے جلد سے جلد نصاب سے نکال دیا جائے۔
  بی جے پی لیڈر نے صرف اتنے پر اکتفا نہیں کیا بلکہ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ ارون دھتی رائے کے مضمون کو شامل کرنے والے مدیران کے خلاف ملک سے بغاوت کا مقدمہ درج کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو اس معاملے پر نوٹس لینا چاہئے اور ارون دھتی رائے کے ’قابل اعتراض‘ اور ’ملک دشمن بیانات‘ کی تحقیقات کی جانی چاہئے- خیال رہے کہ کالی کٹ یونیورسٹی سے بی اے انگریزی  کے دوسرے سال کے تیسرے سمسٹر میں شامل کئے گئے اس مضمون پر کے سریندرن نے کہا کہ’’اس مضمون میں  ملک کے مختلف حصوں میں خودکش حملہ آوروں کو صحیح ٹھہرایا گیا  ہے اور حکومت پر اقلیتوں کے خاتمے اور جمہوریت کو للکارنے کا الزام عائد کیا ہے۔ اس مضمون میں وہ ہندوستان کے جوہری تجربات اور بڑے ڈیموں کے بارے میں بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔‘‘یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ابھی تک یہ معاملہ نوٹس میں نہیں آیا ہے اور اجلاس میں اس پر کوئی  بات بھی نہیں کی گئی ہے۔ اس پر مزید غور و فکر کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK