Inquilab Logo

پیزا برگر کی ہوم ڈلیوری ہو سکتی ہے، تو گھر گھر راشن کیوں نہیں پہنچایا جاسکتا؟

Updated: June 07, 2021, 11:06 AM IST | Agency | New Delhi

مرکز کی جانب سے دہلی حکومت کی ’گھر گھر راشن‘ اسکیم پر روک لگانے پر دہلی کے وزیر اعلیٰ کا پریس کانفرنس سے خطاب ، پوچھا کہ منصوبہ کو نافذ کرنے سے دو دن قبل کیوں روک دیا گیا؟

Delhi Chief Minister Arvind Kejriwal has sharply criticized the Center.Picture:INN
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے مرکز پر شدید تنقیدیں کیں۔تصویر :پی ٹی آئی

 مرکزی حکومت کی جانب دہلی حکومت کی ’گھر گھر راشن اسکیم‘ پر روک لگائے جانے کے معاملہ پر وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اتوار کوپریس کانفرنس سے خطاب کیا اور کہا کہ اسکیم کو نافذ کرنے کی تیاریاں پوری ہو چکی تھی تو دو دن قبل اس اسکیم پر روک کیوں لگا دی گئی؟ کیجریوال نے کہا کہ آپ نے منصوبہ کو یہ کہہ کر مسترد کر دیا کہ اس کے لئے مرکزی حکومت کی منظوری حاصل کیوں نہیں کی گئی، لیکن اس اسکیم کے لئے ہم نے مرکز سے کم از کم ۵؍مرتبہ اور ۵؍ مرحلوں کی منظوری حاصل کی ہے۔وزیر اعلیٰ کیجریوال نے کہا کہ وزیر اعظم صاحب آج میں بہت پریشان ہوں۔ آج مجھ سے کوئی خطا ہو جائے تو معاف کر دینا۔ اس اسکیم پر ہم کوئی تنازع نہیں چاہتے۔‘‘ دہلی کےوزیر اعلیٰ نے کہا، ’’ہم نے اس منصوبہ کا نام وزیر اعلیٰ گھر گھر راشن اسکیم رکھا۔ آپ نے کہا کہ منصوبہ کے نام میں وزیر اعلیٰ کا نام نہیں آ سکتا۔ ہم نے آپ کی بات مان کر نام ہٹا دیا۔ آپ نے ہماری اسکیم کو اب یہ کہہ کر مسترد کر دیا کہ ہم نے مرکز سے منظوری نہیں لی۔ مرکزی حکومت سے اس منصوبہ کے لئے ہم ۵؍مرتبہ اجازت لے چکے ہیں۔‘‘  کیجریوال نے مزید کہا کہ اگر اس ملک میں اسمارٹ فون، پیزا برگر کی ہوم ڈلیوری ہو سکتی ہے تو پھر راشن کی کیوں نہیں ہو سکتی؟ کیا آپ کو راشن مافیا سے ہمدردی ہے! ان غریبوں کی بات کون سنے گا؟ مرکز نے عدالت میں ہمارے منصوبے کے خلاف کوئی اعتراض نہیں کیا  تو اب کیوں مسترد کیا جا رہا ہے؟ بہت سے غریب لوگ اپنی ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ لوگ باہر جانا نہیں چاہتے، لہٰذا ہم گھر گھر جاکر راشن فراہم کرنا چاہتے ہیں۔کیجریوال نے کہا، ’’مرکزی حکومت کے افسران کہہ رہے ہیں کہ یہ راشن مرکز کا ہے، تو دہلی کیوں کریڈٹ لے؟ میں کریڈٹ نہیں لے رہا، براہ کرم اسے لاگو کر دیجئے۔ میں دنیا کو بتاؤں گا کہ مودی جی نے اس سکیم کو نافذ کیا ہے۔ اس کا تعلق ہے عام آدمی پارٹی سے ہے اور نا ہی بی جے پی سے، بلکہ یہ راشن اس ملک کے عوام کا ہے اور اس راشن کی چوری کو روکنا ہم دونوں کی ذمہ داری ہے۔
 کیجریوال نے کہا کہ اس وقت ملک کو شدید بحران کا سامنا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر ایک دوسرے کی مدد کریں۔ اب وقت نہیں ہے کہ آپس میں جھگڑا کریں۔ لوگوں نے محسوس کرنا شروع کر دیا ہے کہ مصیبت کے وقت بھی مرکزی حکومت سب سے جھگڑا کر رہی ہے۔ آپ ممتا دیدی کے ساتھ لڑ رہے ہیں۔ آپ جھارکھنڈ حکومت کے ساتھ لڑ رہے ہیں۔ آپ لکش دیپ کے لوگوں کے ساتھ لڑ رہے ہیں۔ آپ مہاراشٹر حکومت سے لڑ رہے ہیں۔ آپ دہلی کے لوگوں کے ساتھ لڑ رہے ہیں۔ کسانوں سے لڑ رہے ہیں۔ لوگ اس بات پر بہت غمزدہ ہیں۔ ملک اس طرح کیسے چلے گا؟ آپ ہم سب سے کیوں لڑ رہے ہیں؟ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK