Inquilab Logo

آرین کی رہائی، منت میں چراغاں، مداحوں میں جشن

Updated: October 31, 2021, 9:55 AM IST | Mumbai

شاہ رخ خان خود بیٹے کو لینے جیل پہنچے ، دیگر دو ملزمین ارباز مرچنٹ اور من من دھامیچا کی بھی رہائی عمل میں آگئی، منت کودلہن کی طرح سجایا گیا، کئی فلمی ہستیوں نے خیر مقدم کیا

On Aryan`s arrival, Shah Rukh`s house was decorated with electric lights.
آرین کی آمد پرشاہ رخ کے مکان منت کو برقی قمقموں سجایا گیا

کروز ڈرگس پارٹی کیس میں ملزم آرین خان کو سنیچر کی صبح جیل سے رہا کر دیا گیا۔شاہ رخ خان خود آرین کو لینے ممبئی کی آرتھر روڈ جیل پہنچے تھے۔ آرین صبح تقریباً۱۱؍بجے آرتھر روڈ جیل سے باہر آئے۔ اس کے بعد وہ والد شاہ رخ خان کے ساتھ گھر روانہ ہوگئے۔ اس سے قبل آرتھر روڈ جیل کا بیل باکس صبح ساڑھے پانچ بجے کھولا گیا جس کے بعد آرین کے ضمانتی کاغذات جیل کے اندر پہنچ گئے۔ جیل سپرنٹنڈنٹ نتن وائچال نے بتایا کہ آرین کی رہائی کے احکامات موصول ہو گئے ہیں اور رہائی کا عمل جاری ہے۔ ساتھ ہی ملزم ارباز مرچنٹ کو بھی شام تک رہا کر دیا جائے گا۔  اس بارے میںارباز کے والد اسلم مرچنٹ نے اطلاع دی کہ اسے بھی رہا کردیا گیا ہے جبکہ من من دھامیچا بھی رہا کردی گئیں۔  یاد رہے کہ  اداکارہ جوہی چائولہ نے جمعہ کو آرین کے  لئے مچلکہ جمع کرایا تھا تاہم رہائی کا آرڈر شام ساڑھے ۵؍ بجے تک آرتھر روڈ جیل  نہیں پہنچ سکا تھا جس کی وجہ سے آرین جیل سے باہر نہ آسکے۔آرین کی ضمانت جمعرات کو ہی  بامبےہائی کورٹ نے منظور کر لی تھی لیکن کاغذی کارروائی مکمل نہ ہونے کی وجہ سے انہیں سنیچرتک جیل میں ہی رہنا پڑا۔ عدالت نے اس کیس میں شریک ملزمین من من   دھامیچااور ارباز مرچنٹ کی ضمانت بھی منظور کر لی ہے۔ یاد رہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ان تینوں کو۲؍اکتوبر کو کروز پر منعقد ہونے والی ڈرگس  پارٹی کے دوران حراست میں لیا تھا اور۳؍ اکتوبر کو باقاعدہ طور پر گرفتار کیا تھا۔
  ادھر شاہ رخ خان کے باڈی گارڈ جیل کے باہر گاڑی میں انہیں لینے گئے تھے جبکہ شاہ رخ خان گاڑی میں ہی موجودتھے۔  وہاں سے وہ سیدھے منت پہنچ گئے ہیں جہاں شاہ رخ خان اور گوری خان نے بیٹے کے استقبال کیلئے گھر کو دلہن کی طرح سجا دیاتھا۔ باندرہ کے بینڈ اسٹینڈ پرواقع شاہ رخ خان کی رہائش گاہ ’منت‘ کے باہر مداحوں کا زبردست ہجوم تھا اور آرین خان کی رہائی سے وہ کافی خوش نظر آرہے  تھے۔آرین کی جیل سے رہائی کی خوشی میں شاہ رخ خان کا کنبہ بھی کافی  پرجوش  تھا اور آرین کے استقبال میں  انہوں نے زبردست لائٹنگ اور سجاوٹ کی تھی۔ منت کو پوری طرح روشن کردیا گیا تھا اور دیواروں کو لائٹس کی لڑیوں سے سجادیا گیا تھا۔  دور سے دیکھنے پر ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے گھر میں آج ہی دیوالی منائی جارہی ہے۔ 

شاہ رخ خان کے بنگلے کے باہر موجود کچھ مداحوں نے بتایا کہ جمعہ کی شام میں لائٹس سے بھرا ٹیمپو منت میں گیا اور شام کو ہی کچھ لوگ منت کو دلہن کی طرح سجاتے نظر آئے۔ منت کے باہر جمع ہونے والے مداح `’ویلکم پرنس‘ کے نعرے بھی لگاتے نظر آئے ۔ اسی دوران کچھ لوگ آرین کے استقبال میں پٹاخے پھوڑتے بھی نظر آئے۔ ان میں بہت سے مداح شاہ رخ خان کے ہیئر اسٹائل اور لباس کی نقل کرتے ہوئے نظر آئے۔ کئی لوگ شاہ رخ کی فلموں کے گانوں پر ڈانس کررہے تھے۔ حالات کو دیکھتے ہوئے وہاں سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا تھا ۔دوسری طرف بالی ووڈ نے بھی آرین کی رہائی کا خیر مقدم کیا ہے۔ معروف فلم ڈائریکٹر رام گوپال ورما نے ٹویٹ کیا کہ ہر سال دیوالی پر کسی ایک خان کی فلم ریلیز ہو تی تھی لیکن اس مرتبہ خان ریلیز ہوا ہے۔انہوں نے شاہ رخ کو مبارکباد بھی دی۔اداکارہ او رسیاسی لیڈر ارملا ماتونڈکر نے آرین کی رہائی پر شاہ رخ خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان حالات میں شاہ رخ خان نے جس سنجیدگی کا مظاہرہ کیا، جس طرح سے انہوں نے ہمت نہ ہارتے ہوئے قانونی لڑائی لڑی اور اپنے بیٹے کو  رہا کروایا وہ قابل تعریف ہے۔ کردار کی اس طرح کی پختگی صرف شاہ رخ خان کے پاس ہے اور وہ اس کا وقتاً فوقتاً مظاہرہ بھی کرتے ہیں۔  شاہ رخ کے قریبی دوست اور مشہور فلمسازکرن جوہر نے اپنی اور شاہ رخ کی ایک جذباتی تصویر شیئر کرتےہوئے لکھا کہ میں ان کے ساتھ ہمیشہ رہوں گا۔ادھر اطلاعات ہیں کہ آرین کی والدہ گوری خان نے بیٹے کا  ہیلتھ چیک اپ کروانے اور اس کی کونسلنگ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ چونکہ آرین ۲۷؍ دنوں تک جیل میں رہ کر آیا ہے اس لئے گوری خان یہ ضروری سمجھتی ہیں کہ آرین کا چیک اپ ہو جائے اور اس کی کونسلنگ بھی ہو جائے ۔ بتایا جارہا ہے کہ آرین منت میں پہنچنے کے بعد کافی دیر تک پھوٹ پھوٹ کررویا ہے۔ جس کی وجہ سے اس کی والدہ گوری خان کے بھی آنسو نکل پڑے ۔ شاہ رخ خان بھی جذباتی ہو گئے تھے لیکن انہوں نے دونوں کو کافی دلاسہ دیا۔اس دوران شاہ رخ کی بیٹی سہانہ خان نے بھی بھائی کو کافی سمجھایا بجھایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK