Inquilab Logo

ایک ہی دن اسدالدین اویسی اور اکھلیش یادو کا دورۂ پوروانچل

Updated: January 13, 2021, 12:50 PM IST | Agency | Varanasi / jaunpur

ایم آئی کے سربراہ اترپردیش پہنچے،اکھلیش یادو پر الزام لگایا کہ انہیں سماجوادی پارٹی کے دور حکومت میں ۱۲؍ مرتبہ یوپی آنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ او م پرکاش راج بھر سے ملاقات

MIM Supporter
اعظم گڑھ کےماہل میں اسدالدین اویسی مداحوں کے درمیان۔

  ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین نے منگل کو اپنے طے شدہ پروگرام کے مطابق پوروانچل کے مختلف اضلاع  کا دورہ کیا۔ اس موقع انہوں نے اوم پر کاش راج بھر  اور اپنے  پارٹی کارکنوں سے ملاقات کی  ۔ 
  بہار کے اسمبلی انتخابات میں ۵؍سیٹیں حاصل کرنے کے بعد پرجوش ایم آئی ایم کے صدر اور حیدرآباد سے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی  اترپردیش میں پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے منگل کو پوروانچل پہنچے۔ انہوں نے یوگی آدتیہ ناتھ کی کابینہ  کے سابق وزیر اوم پرکاش راج بھر سے مل کر آگے کی ممکنہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔اوم پرکاش کی دعوت پر  جونپور پہنچنے کیلئے ایم آئی ایم صدر  وارانسی کے بابت پور ایئر پورٹ پہنچے ۔اسد الدین اویسی  نے جونپور کے بعد اعظم گڑھ اور مئو میں بھی کارکنوں کی میٹنگ میں شرکت کی ۔
 ایئر پورٹ کے باہر میڈیا  کےنمائندوں سے بات چیت میں انہوں نے اکھلیش یادو  پر تنقید  کرتے ہوئے کہا :’’ اکھلیش یادو کے دور حکومت میں ۱۲؍بار اترپردیش آنے کی کوشش کی لیکن  اجازت نہیں دی گئی۔لیکن اب میں آگیا ہوں۔ میری پارٹی کا اوم پرکاش راج بھر کی پارٹی سے اتحاد ہوا ہے۔میں دوستی نبھانے آیا ہوں۔‘‘
  اویسی نے کہا کہ ریاست میں سابق حکمراں جماعت سماج وادی پارٹی نے اپنے  دورحکومت میں  مسلمانوں کو صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا۔ان کی ترقی  اور فلاح وبہبود کے لئے کوئی بھی اقدام نہیں کیا۔
 اس سے قبل سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے سربراہ اوم پرکاش راج بھر کے ساتھ جونپور کے جلال پور پہنچنے پر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین سربراہ اسد الدین اویسی کا کارکنوں نے شاندار استقبال کیا۔ دونوں لیڈروں پر کارکنوں نے پھول برسائے اور انہیں مالا پہنایا۔
  اسد الدین کا قافلہ جب اعظم گڑھ سے گزرا تو سخت سردی کے دوران بڑی تعداد میںعوام اُن کی ایک جھلک پانے کیلئے کھڑے تھے ۔ قصبہ سرائے میر میں لوگ ان کی گاڑی کے باہر کھڑے ہوکر’دیکھو دیکھو کون آیا ؟ شیر آیا شیر آیا ‘ کا نعرہ لگا رہے تھے۔ اسد الدین اویسی کے دورے پیش نظر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے ۔ 
  یادر ہے کہ ریاست میں ۲۰۲۲ءکے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر چھوٹی چھوٹی سیاسی پارٹیوں کی سرگرمیاں  تیز ہوگئی ہیں۔حال ہی میں بھارتیہ سماج پارٹی اور پرگتی شیل سماج پارٹی کے لیڈروں نے آپس میں ملاقات کی تھی۔ ادھر ایم آئی ایم کے ریاستی صدر شوکت علی نے بھی شیوپال سے ملاقات کی تھی۔
  اوم پرکاش راج بھر کی بھارتیہ سماج پارٹی کی آزاد سماج پارٹی سے بات چیت جاری ہے اور قومی امکانات ہیں کہ آزاد سماج پارٹی سے ا س کا اتحاد ہو جائےگا ۔ ایسے میں اسدالدین اویسی کا پوروانچل کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل  ہے۔ اس سے خطے میں سیاسی سرگرمیاں مزید تیز ہوجائیں گی۔

سماجوادی پارٹی(ایس پی ) کے سربراہ  اور سابق وزیرا علیٰ اکھلیش یادو نے منگل کو جونپور کا دورہ کیا ۔اس دوران بی جے پی پر تنقید کی۔ خاص بات یہ ہے کہ جس دن اکھلیش یادو جونپور میں پہنچے ، اسی دن اسدالدین اویسی نے بھی جونپور کا دورہ کیا۔ 
  اس موقع پر سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے   یوگی  حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ  بی جے پی حکومت چند ہاتھوں میں ملک کا سب کچھ دیناچاہتی ہے لیکن سماجوادی پارٹی ہر حال میں کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
 ایس پی سربراہ سابق ایم ایل اے اور کابینی وزیر پارس ناتھ یادو کی جینتی پر منعقد ہ ایک پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے اپنے خطاب کے دوران سوال کیا کہ جولوگ بلڈوزر لے کر گھوم رہے ہیں وہ پہلے یہ بتائیں کہ بلڈوزر کہاں چلنا چاہئے؟ جن کے گھر کے نقشے پاس نہیں ہیں ان کے گھروں پر یا۵۰؍سالہ خاتون کی عصمت دری کرنے والے ملزمین کے گھروں پر؟
  اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ نے تین زرعی قوانین کے خلاف سراپا احتجاج کسانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔ ان کے مطابق سپریم کورٹ کہہ رہا ہے کہ قانون خراب ہیں اور حکومت اسے  ملتوی کر دے لیکن حکومت اس میں کوئی دلچسپی نہیں دکھا رہی ہے۔انہوں نے انتباہ کے انداز میں کہا کہ اگر حکومت یہ قوانین واپس نہیں لیتی ہے تو آنے والے دنوں میں اس حکومت کا کوئی پتہ نہیں ہوگا۔ اس موقع  اکھلیش یادو نے عوام سے اپیل کی کہ جمہوریت کی بقا کی جدوجہد کا یہ آخری الیکشن ہے اس میں سماجوادی پارٹی کو ضرور کامیاب بنائیں ۔  بصورت دیگر جمہوریت کا تصور ذہن سے نکال دیں۔
 انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی(ایس پی)نے جب کسانوں کی حمایت کا اعلان کیا تو حکومت نے کہا کہ یہ سیاسی مسئلہ نہیں ہے، یہ کسانوں کا مسئلہ ہے  لیکن اگر سماج وادی کسانوں کے ساتھ کھڑے نہیں ہوں گے تو پھر کون کھڑا ہوگا؟ انہوں نے اعلان کیا کہ سماج وادی پارٹی ہر حال میں کسانوں کا ساتھ دے گی۔
 کورونا ویکسین  سے متعلق  ایک بار پھر بی جے پی  پر تنقید کرتے ہوئے  اکھلیش یادو نے کہا کہ کووڈ ویکسین کے سلسلے میں ہمیں ملک کے سائنسدانوں اور ڈاکٹروں پر پورا بھروسہ ہے لیکن بی جے پی حکومت پر بالکل بھی اعتماد نہیں ہے۔ حکومت پہلے اس بات کا  یقین دلائے کہ گاؤں اورغریب کو ویکسین کب تک ملے گی اور اس کی نوعیت کیا ہوگی کیا یا مفت ہوگی یا نہیں؟
 اس سے قبل ایس پی سربراہ نے  آنجہانی پارس ناتھ یادو کی مورتی پر گلپوشی کرتے ہوئے کہا کہ پارس ناتھ یادو نے مخالف حالات میں بھی حوصلہ نہیں کھویا اور نہ ہی گھبرائے۔وہ ہمتی اور نڈر لیڈر تھے۔اس دوران انہوں نے ان کی موت سے خالی ہوئی ملہنی سیٹ پر ضمنی انتخاب  میں دوبارہ جیت ملنے پر رائے دہندگان کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK