Inquilab Logo

دست درازی کے بعد دوشیزہ کو چلتی ٹرین سے پھینکنے کی کوشش

Updated: November 29, 2020, 7:58 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Kalyan

لڑ کی نے بہادری کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے۲؍ ملزمین کو کلیان جی آر پی کے حوالے کروایا

Kalyan Police - Pic : Inquilab
لوکل ٹرین میں دست درازی کرنے والے ملزمین کو پولیس تحویل میں دیکھا جا سکتا ہے۔(تصویر:انقلاب

چلتی لوکل ٹرین میں ایک دوشیزہ کے ساتھ دست درازی کر کے اُسے ٹرین سے نیچے پھینکنے کی کوشش کر نے کا سنسنی خیز معاملہ روشنی میں آیا ہے۔ متاثرہ نے چلتی لوکل ٹرین میں ۱۰؍ منٹ تک مزاحمت کرتے ہوئے ملزمین کادیدہ دلیری سے مقابلہ کیا۔ اس معاملے میں کلیان گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) نے ۲؍ ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ 
 کلیان جی آر پی سے ملی تفصیلات کے مطابق کسارا میں رہنے والی ایک ۲۱؍ سالہ دوشیزہ تھانے میں ایک مال میں بڑے عہدے پر فائز ہے۔ وہ روزانہ کسارا سے تھانے کے در میان لوکل ٹرین سے سفر کرتی ہے۔ معمول کے مطابق ۲۵؍ نومبر کو  وہ تھانے سے کسارا لوکل کے لیڈیز ڈبے میں سوار ہوئی۔ اُس وقت ڈبے میں بہت ساری خواتین موجود تھیں۔ تاہم آٹھ گاؤں ریلوے اسٹیشن آتے آتے پورا لیڈیز ڈبہ خالی ہو گیا اور وہ اکیلی رہ گئی۔ لوکل ٹرین جیسے ہی آٹھ گاؤں اسٹیشن سے نکلی تو ۲؍ نوجوان چلتی ٹرین میں سوار ہو گئے۔ دونوں نوجوان شراب کے نشے میں چُور تھے۔ اِن دونوں نوجوانوں کی حر کات وسکنات کو دیکھ کر دوشیزہ نے فوراً اپنے موبائل سے تصویر کھینچی اور اپنے ایک رشتہ دار کو بھیج کر حالات سے آگاہ کردیا۔ اس دوران نوجوانوں نے دوشیزہ کے ساتھ بد تمیزی شروع کردی اور جب اُس نے مزاحمت کی تو چلتی ٹر ین سے نیچے پھینکنے کی کوشش بھی کی مگر دوشیزہ نے  بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوجوانوں کا مقابلہ کیا تب تک ٹرین کسارا ریلوے اسٹیشن پہنچ چکی تھی۔
 ایک ملزم ریلوے اسٹیشن آتے ہی ٹرین سے کود گیا جبکہ دوسرے ملزم کو دوشیزہ اور اُس کے رشتہ دار نے،جو اسٹیشن پہنچ گیا تھا، پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔ بعد ازاں کلیان جی آر پی نے دوسرے ملزم کو بھی ڈھونڈ نکالا۔ اس ضمن میں کلیان جی آر پی کے سینئر انسپکٹر شاردُل والمیکی نے بتایا کہ گرفتار ہو نے والے ملزمین کے نام امول جادھو اور امن ہیلے ہیں جو تھانے میں ایک کمپنی میں کام کرتے ہیں۔ملزمین کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ ۳۰۷؍ اور ۳۵۴؍ کے تحت کیس  درجکیا گیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK