Inquilab Logo

ہاتھرس معاملہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش ناکام

Updated: October 10, 2020, 4:04 AM IST | Jeelani Khan Aleeg | Lucknow

ہاتھرس معاملے میں بھیم آرمی اور پی ایف آئی پر بیرون ملک سے فنڈنگ حاصل کرکے فساد کروانے کا الزام عائد کیا گیا تھا جسے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے خارج کردیا،چندر شیکھر آزاد’راون‘ نے بھی یوگی کو چیلنج دیا۔

Chandrasekhar Azad. Photo: INN
چندرشیکھر آزاد۔ تصویر: آئی این این

ہاتھرس اجتماعی آبرو ریزی و موت معاملے کوفسادات کا رنگ دینے اور اس کے لئے بیرون ممالک سے فنڈنگ حاصل کرنےکے الزامات میں گھری بھیم آرمی کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے’کلین چٹ‘ دے دی ہے۔ایجنسی کاکہنا ہے کہ بیرون ممالک فنڈنگ حاصل کرنے کےلئے پی ایف آئی اور بھیم آرمی کےمابین کسی لنک کا کوئی ثبوت اسے نہیں ملاہے۔ای ڈی نے اس خبر کو بھی بے بنیاد بتایاہے کہ بیرون ممالک سے آئے ۱۰۰؍کروڑ روپے اس نےریکور بھی کرلئےہیں ۔ادھر، تنظیم کے سربراہ چندرشیکھرنے وزیر اعلیٰ کو چیلنج کیا ہے کہ ان کے اکائونٹ میں ایک لاکھ روپے بھی دکھادیں تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے ورنہ انہیں اپنے عہدے سےاستعفیٰ دینا ہوگا۔
 ہاتھرس معاملے کو برادری اور فرقہ وارانہ رنگ دے کرفسادات کی سازش کرانے اور اس کیلئےبیرون ممالک سے حاصل فنڈنگ کی جانچ کررہی مرکزی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)نے کہاہے کہ اس معاملے میں بھیم آرمی اور پیپلز فرنٹ آف انڈیا(پی ایف آئی) کےدرمیان کسی طرح کے لنک کا اس کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے۔ایجنسی کے بقول، ابھی تک کی جانچ میں ایسے کسی تار کا کوئی ثبوت ہاتھ نہیں لگا ہے۔حالانکہ ای ڈی نے ابھی اس تنظیم کو مکمل طور پر کلین چٹ دینے جیسی کوئی بات بھی نہیں کہی ہے۔اس نےیہ بھی کہا ہے کہ جس ۱۰۰؍کروڑ روپے کو ریکور کرلینے کا دعویٰ میڈیا میں کیا جارہا ہے اس میں کوئی صداقت نہیں ۔ابھی اس کے ہاتھ کوئی رقم نہیں لگی ہے۔
 ای ڈی کا یہ بیان سابق ڈی جی پی برج لال کے اس بیان کے بعد آیاہےجس میں انہوں نے بھیم آرمی کا باضابطہ نام لے کر ہاتھرس میں ماحول بگاڑنےاور متاثرہ کنبہ کو ورغلانے کا الزام لگایا تھا۔ برج لال جو یوپی ایس سی/ایس ٹی کمیشن کے چیئرمین بھی رہ چکےہیں ،نےکئی الزامات بھیم آرمی اور پی ایف آئی پر لگائےتھے۔انہوں نے کہا تھاکہ جس روز چندرشیکھر نے اسپتال جاکر متاثرہ لڑکی سے ملاقات کی کوشش کی تھی اسی روز سے اس کنبہ کے بیانات مسلسل بدلنےلگے۔آج عالم یہ ہے کہ یہ لوگ سی بی آئی جانچ کےلئے تیار ہیں اور نہ ہی نارکو ٹیسٹ کیلئے۔برج لال نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ رات میں لاش کو جلادینے کی وجہ یہی تھی کہ خفیہ ایجنسیوں نےاطلاع دی تھی کہ صبح میں بھیم آرمی،کانگریس، پی ایف آئی و دیگر پارٹیاں و تنظیمیں ماحول بگاڑنے کی سازش کررہی ہیں اور وہ آخری رسومات ادا نہیں کرنے دیں گی۔
 اس طرح کے الزامات کے بعدبھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر’راون‘نے نہ صرف انہیں افواہ، جھوٹ قرار دیا ہے بلکہ انہوں نے وزیر اعلیٰ کو چیلنج بھی کیا ہے۔جمعہ کو اپنے ٹوئٹ میں چندر شیکھر نے لکھا ہے کہ ۱۰۰؍کروڑ روپے حاصل کرنے جیسے الزامات بے بنیاد ہیں ۔میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ ان الزامات کو ثابت کریں ۔ انہوں نے مزید لکھا ہے کہ میرے اکائونٹ میں توایک لاکھ روپےبھی نہیں ملیں گے۔اس لئے، یوگی آدتیہ ناتھ الزامات کو ثابت کریں تو میں سیاست چھوڑ دوں گا اور اگر وہ ثابت نہیں کر پائے تو انہیں عہدہ چھوڑنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK