Inquilab Logo

ممبئی کیلئےنالے کا پانی قابل استعمال بنانے کی خاطر بی ایم سی کو ٹینڈر کا انتظار

Updated: November 17, 2022, 9:55 AM IST | Mumbai

پانی کیلئے فکرمند شہری انتظامیہ نے ٹینڈر طلب کئے لیکن آخری تاریخ ۱۱؍نومبر تک کوئی سامنے نہیں آیا،تاریخ کو بڑھاکر ۱۷؍دسمبر کردیا گیا ہے

The drain water is released into the sea from Low Grove Pumping Station in Worli
ورلی میں واقع لو گروو پمپنگ اسٹیشن سے نالوں کا پانی سمندر میں چھوڑا جاتا ہے

شہری انتظامیہ ممبئی  میں نالوں  کے پانی کو قابل استعمال بنانے کے تعلق سے ایک طویل عرصے سے منصوبہ بندی کر رہی ہے لیکن بی ایم سی کا یہ خواب حقیقت کا رخ نہیں اختیار کرپارہا ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ کوئی ایسا ادارہ سامنے نہیں آرہا ہے جو یہ کام کرنے کیلئے تیار ہو۔کارپوریشن نے گزشتہ ماہ اس تعلق سے مشیر کو اپوائنٹ کرنے کیلئے ٹینڈر جاری کیا تھا اور اس کی آخری تاریخ ۱۱؍نومبر طے کی گئی تھی لیکن ابھی تک اس تعلق سے کوئی ٹینڈرنہیں آیا ہے۔ اس لئے انتظامیہ نے اب اس کی آخری تاریخ  ۱۷؍ دسمبر تک کیلئے بڑھا دی ہے۔
 بی ایم سی نے حال ہی میں کانٹریکٹرز کے ایک گروپ کو منتخب کیا ہے جو ۲۶؍ہزار کروڑ کے اس پروجیکٹ کے تحت شہر کے پانی کو ری سائیکل کرسکتےہیں۔ ابتدائی منصوبہ یہ تھا کہ مخصوص عمل سے گزارا ہوا پانی قدرتی آبی ذخائر میں شامل کردیا جائے گا لیکن اب شہری انتظامیہ کے افسران اس  بات کا امکان تلاش کررہے ہیں کہ آیا اس پانی کو  قابل استعمال بنایا جاسکتاہے۔بی ایم سی کے واٹر سپلائی پروجیکٹ کے چیف انجینئر وسنت گائیکواڈ نے کہا کہ ’’ہم اب بھی ٹینڈر کا انتظار کررہے ہیں۔ اس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔‘‘ایک اور افسر نے کہاکہ’’چونکہ یہ بڑا پروجیکٹ ہے اس لئے کنسلٹنٹ کئی سوالوں کے جواب جاننا چاہتے ہیں۔ہمیں پہلے انہیں حل کرنا ہوگا۔‘‘افسر نے کہا کہ ایک مرتبہ کوئی کنسلٹنٹ کام کرنا شروع کرے گا تو وہ ایک سال تک تمام پہلوئوں پر غور و خوض کرے گا۔بی ایم سی کے ایک افسر نے کہا ’’اس میںپانی سپلائی کے موجودہ نظام کا جائزہ لینا، کیسے ایک نیانظام قائم کیا جاسکتا ہے اور اسے موجودہ نظام سےکیسے جوڑا جاسکتاہے اور نالے کے پانی کو صاف کرنے کے بعد اسے کس طرح  قابل استعمال بنایا جاسکتاہے جیسی چیزیں شامل ہیں۔‘‘
 واضح رہے کہ ممبئی کے شہریوں کو ۷؍آبی ذخائر سے روزانہ ۳؍ہزار ۹۵۰؍ملین لیٹر پانی سپلائی کیا جاتا ہے، حالانکہ ضرورت ۴۲۰۰؍ ملین لیٹر پانی کی ہوتی ہے۔افسر کا کہنا ہے کہ بی ایم سی۲؍ہزار ۴۰۴؍ ملین لیٹر نالے کے پانی کو ممبئی سیویج ڈسپوزل پروجیکٹ ۲؍ کے تحت صاف کرنے اور ۶؍پمپنگ اسٹیشنوں کی تجدید کاری کا منصوبہ رکھتی ہے۔لیکن اس صاف کئے ہوئے پانی کو قابل استعمال بنانےکیلئے اسے مزید صاف کرنا ہوگا۔بی ایم سی کے افسر نے مزید کہا کہ ’’ممبئی کے قریب نئے شہر وجود میں آرہے ہیں۔ مستقبل میں اگر ممبئی میںپانی کی ضرورت بڑھتی ہے توشہر کے باہر ڈیم بناکر وہاں سے پانی لانا مشکل ہوگا کیوں کہ دوسرے شہروں کو بھی پانی کی ضرورت ہوگی۔ اس لئے نالی کے پانی کو صاف کرنے اور اسے قابل استعمال بنانے کے پروجیکٹ کی ضرورت ہے۔‘‘

bmc tender Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK