Inquilab Logo

ایودھیا: ہندو اکثریتی گاؤں میں حافظ عظیم الدین پردھان منتخب

Updated: May 12, 2021, 7:18 AM IST | Ayodhya

ایودھیا کے راجہ پور گائوں میں پہلی مرتبہ کسی مسلم شخص کو پردھان منتخب کیا گیا ہے ، اس حلقے میں صرف ۲۷؍ مسلم ووٹ ہیں

Village Pardhan Hafiz Azeemuddin.Picture:PTI
گائوں پردھان حافظ عظیم الدین تصویرپی ٹی آئی

 اس  مرتبہ یوپی کا پنچایت الیکشن کئی معنوں میں خاص رہا۔ کئی بڑے ناموں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، تو کئی ایسے لوگوں نے جیت درج کی جن کے تعلق سے کسی کو امید نہیں تھی۔ ایسا ہی ایک معاملہ فیض آباد ضلع کے راجہ پور گاؤں میں سامنے آیا ہے۔ ایودھیا کے اس گاؤں میں برادران وطن کی اکثریت ہے لیکن یہاں سے پہلی  مرتبہ ایک مسلم امیدوار نے فتح حاصل کر سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ دراصل راجہ پور گاؤں میں حافظ عظیم الدین نے الیکشن جیت کر پردھان بننے کا اپنا خواب شرمندۂ تعبیر کر لیا ہے۔ راجہ پور گاؤں ہمیشہ سے ہی ہندو اکثریتی علاقہ رہا ہے اور یہاں  سے  کسی ہندو امیدوار کو ہی پردھان منتخب کیا جاتا رہا ہے لیکن اس بار حافظ عظیم الدین نے پردھان بن کر سبھی کو حیران کر دیا ہے۔
  قابل ذکر بات یہ ہے کہ انہوں نے کثیر ووٹوں کے فرق سے یہ جیت حاصل کی ہے جس سے ظاہر ہے کہ برادران وطن کے بڑے طبقہ نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے دل کھول کر ووٹ دیا۔راجہ پور گاؤں میں کل ۶۰۰؍ ووٹ ہیں جن میں سے ۲۰۰؍ ووٹ حافظ عظیم الدین نے حاصل  کئے  جبکہ  ان کے علاوہ مزید ۶؍ امیدوار کھڑے ہوئے تھے جن کا تعلق ہندو طبقہ سے تھا  اور جس امیدوار نے دوسرا مقام حاصل کیا اسے حافظ عظیم الدین سے ۸۵؍ووٹ کم حاصل ہوئے ۔ یہاں قابل غور بات یہ بھی ہے کہ اس  علاقے میں صرف ۲۷؍مسلم ووٹ ہیںجس کا مطلب ہے کہ بقیہ ووٹ برادران وطن  نے ہی حافظ عظیم الدین کو دیئے  ۔
 اپنی کامیابی کو حافظ عظیم الدین نے عید کا تحفہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ’’علاقے میں ۲۷؍مسلم ووٹ ہیں اور بقیہ ووٹ مجھے ان ہندوؤں نے دیئے ہیں جنھیں مجھ پر بھروسہ ہے۔‘‘ یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ راجہ پور علاقہ میں واحد مسلم خاندان حافظ عظیم الدین کا ہی ہے۔ عظیم الدین پیشہ سے کسان ہیں اور ان کا خاندان بھی اسی پیشے سے جڑا ہوا ہے۔ انھوں نے مدرسہ سے حافظ اور عالم کی ڈگری حاصل کی اور خاندانی پیشہ اختیار کرنے سے پہلے دس سال تک مدرسہ میں تعلیم بھی دی۔ اب وہ علاقے کی ترقی کے  لئے کچھ کرنا چاہتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK