Inquilab Logo

بیڈمنٹن کی مشہور کھلاڑی سائنا نہوال بی جے پی میں شامل

Updated: January 29, 2020, 2:43 PM IST | Agency | New Delhi

بیڈ منٹن کی مشہور کھلاڑی سائنانہوال بی جے پی میں شامل ہوگئیں۔ ہریانہ میں پیداہوئی ۲۹؍سالہ سائنا نہوال، حیدرآبادمیں رہتی ہیں۔ وہ ہندوستان میں مشہور کھلاڑیوں میں شمار کی جاتی ہیں اور ان کے مداحوں کی تعداد بھی کافی ہے۔ سابق نمبر ون کھلاڑی کو کھیل میں ملک کے سرکردہ ایوارڈس راجیو کھیل رتن اور ارجن ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔

سائنا نہوال بی جے پی میں شامل ۔ تصویر : آئی این این
سائنا نہوال بی جے پی میں شامل ۔ تصویر : آئی این این

 نئی ہلی : بیڈ منٹن کی مشہور کھلاڑی سائنانہوال بی جے پی میں شامل ہوگئیں۔ ہریانہ میں پیداہوئی ۲۹؍سالہ سائنا نہوال، حیدرآبادمیں رہتی ہیں۔ وہ ہندوستان میں مشہور کھلاڑیوں میں شمار کی جاتی ہیں اور ان کے مداحوں کی تعداد بھی کافی ہے۔ سابق نمبر ون کھلاڑی کو کھیل میں ملک کے سرکردہ ایوارڈس راجیو کھیل رتن اور ارجن ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔ انہوں نے ۲۴؍بین الاقوامی خطابات پر اپنا قبضہ جمایا۔ لندن اولمپکس میں انہوں نے برونز میڈل حاصل کیا تھا۔ نہوال ۲۰۰۹ءمیں عالمی نمبر دو کھلاڑی رہ چکی ہیں اور ۲۰۱۵ءمیں انہوں نے ورلڈ نمبرون کھلاڑی کا مقام حاصل کیا تھا۔ سائنا نہوال کی بی جے پی میں شمولیت دہلی انتخابات سے پہلے ہوئی ہے۔ گزشتہ سال کئی کھلاڑیوں بشمول کرکٹر گوتم گمبھیر، ببیتا پھوگاٹ نے بھی بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ ہریانہ انتخابات سے پہلے ریسلر سشیل کمار اور ببیتا پھوگاٹ نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ ان کے ساتھ ہاکی ٹیم کے کپتان سندیپ سنگھ بھی بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔ سنگھ کو انتخابات میں کامیابی کے بعد وزیر بنایاگیا ہے۔ آج سائنا نہوال کے ساتھ ان کی بہن چندرن شو نے بھی بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ارون سنگھ کی موجودگی میں سائنا نہوال نے اپنی بہن کے ساتھ پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔اس موقع پر ان کو گلدستہ پیش کیاگیا اور پارٹی کا کھنڈوا پہنایاگیا۔امکان ہے کہ بی جے پی،سائنا نہوال کی خدمات دہلی اسمبلی کے انتخابات کی مہم میں حاصل کرے گی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نہوال نے کہا ”میں نے ملک کے لئے میڈلس جیتے ہیں۔ میں کافی سخت محنت کرتی ہوں اور میں سخت محنت کرنے والوں کو پسند کرتی ہوں۔ میں نے یہ دیکھا ہے کہ وزیراعظم مودی نے ملک کیلئے بہت کچھ کیا ہے۔ میں ان کے ساتھ مل کر ملک کیلئے کچھ کرنا چاہتی ہوں۔ مجھے نریندر سر سے کافی جذبہ حاصل ہوتا ہے۔“ نہوال نے کہا کہ ان کیلئے یہ سب کچھ نیا ہے لیکن انہیں سیاست کا علم رکھنا اچھا لگتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے کھیل کود کے فروغ کیلئے کافی کام کیا ہے۔ کھیلو انڈیا ایسا پروگرام ہے جس میں کافی حد تک کھلاڑی حصہ لیتے ہیں، کامیاب ہونے والوں کو بڑی بڑی اکیڈیمیوں میں شمولیت اور ملک کیلئے کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم مودی کی ستائش میں قبل ازیں کئے گئے نہوال کے ٹوئیٹس سے یہ سمجھا جارہا تھا کہ ان کا جھکاو زعفرانی جماعت کی طرف ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK