Inquilab Logo

بلیا : قتل کے ملزم کی حمایت پر بی جے پی رکن اسمبلی مشکل میں 

Updated: October 20, 2020, 10:43 AM IST | Agency | Lucknow

بی جے پی صدر جےپی نڈا نے بھی ریاستی صدر کو فون کرکے سریندر سنگھ کو تنبیہ کرنے کی ہدایت دی

bjp
بی جے پی

بلیا قتل کے ملزم کی حمایت کرنے والے رکن اسمبلی کیخلاف سخت کارروائی کا امکان  ہے۔   
 اترپردیش کے نظم ونسق کے معاملے  پر اپوزیشن کی تنقیدوں کا سامنا کررہی یوگی حکومت بلیا کے ریوتی علاقے میں قتل کی واردات  اور بی جے پی ایم ایل اے کے ذریعہ ملزم کی  حمایت کے بعد  دفاعی پوزیشن میں آگئی ہے۔  پارٹی کے ایک مقامی لیڈر اور بیریا کے رکن اسمبلی سریندر سنگھ کے قریبی دھریندر پرتاپ سنگھ نے کوٹے کی دکان کیلئےدرجن پور گاؤں میں  تنازع میں پولیس اور انتظامیہ کے افسران کے سامنے ایک شخص کو گولیوں سے بھون دیا تھا۔بعد میں ملزم کی پیروی کرنے بی جے پی رکن اسمبلی خود ہی میدان میں اتر ے جس  سےاپوزیشن کے اس الزام کی تصدیق ہوگئی ہے کہ بی جے پی حکومت کے تحفظ میں جرائم پیشہ افراد بے خوف واردات کو انجام دیتے ہیں اور پولیس انتظامیہ ان کا کچھ نہیں کرپاتا۔قتل کے ملزم کی حمایت میں کھل کر بولنے والے ایم ایل اے کو اتوار کو پارٹی ریاستی صدر سوتنتر  دیو سنگھ نے طلب کر کے غیر ضروری بیان بازی سے باز رہنے کی تنبیہ کی تھی۔ اس درمیان پیر کو قومی صدر جے پی نڈا نے بھی بلیا کی واردات اور ملزم کے حمایت میں پارٹی کے رکن اسمبلی کے بیان پر سخت رخ اپناتے ہوئے ریاستی صدر کو فون کر کے ایم ایل اے کو سخت تنبیہ کی ہدایت دی جس کے بعد قتل کے ملزم کی کھلی حمایت کر کے بی جے پی پر اپوزیشن کی تنقید کا موقع دینے والے رکن اسمبلی کے خلاف سخت کارروائی کے امکانات مزید پختہ ہوگئے ہیں۔
 پارٹی ذرائع کے مطابق  قومی صدر سریندر سنگھ کی حرکتوں سے  ناراض تھے ۔انہوں نے رکن اسمبلی کو ملزم کے خلاف جاری جانچ سے دور رہنے اورآئندہ حمایت میں بولنے یا جانچ کو متاثر کرنے کی کسی بھی کوشش پر سخت کارروائی کا عندیہ دیا۔
  اسی دوران وزیر اعلی یوگی آدتیہ نے پیر کو ویڈیو کانفرنسنگ کے دوران بلیا کی خواتین سے بات چیت کے دوران مزاحیہ لہجے میں کہا کہ انہیں بھی اب بلیا کے نام سے ڈر لگتا ہے۔ اسی  دوران سماج وادی پارٹی کے کارکنوں نے پیر کو لکھنؤ میں مظاہرہ کیا اور  قیصر باغ ڈی سی پی گوپال چودھری کو۶؍نکاتی میمورنڈم سونپا۔  یادر ہے کہ رکن اسمبلی سریندر سنگھ سنیچر کو قتل کے ملزم دھریندر پرتاپ سنگھ کے کنبے کے ساتھ دوسرے فریق کیخلاف ایف آئی آر درج کروانے پہنچے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK