Inquilab Logo

بیسٹ ملازمین کو۱۰؍ہزار۱۰۰؍روپے بونس ،یونین مطمئن نہیں

Updated: November 05, 2020, 11:00 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

بی ایم سی ملازمین کے برابر بونس کا مطالبہ ،بھید بھائو کا الزام، آج میٹنگ میں اس موضوع پر بات چیت کے لئے بیسٹ کمیٹی ممبران کو مکتوب

BEST
بیسٹ کے ملازمین اپنے بونس سے خوش نہیں، زیادہ کا مطالبہ کررہے ہیں

بیسٹ ملازمین کو۱۰؍ہزار۱۰۰؍روپے بونس دینےکاممبئی کی میئرکشوری پڈنیکر نے اپنی سرکاری رہائش گاہ سے بدھ کو اعلان کیا۔اور یہ بتایا کہ وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور وزیر سیاحت ادتیہ ٹھاکرے سے ایک دن قبل بات چیت کرنے کے بعدیہ اعلان کیا جارہا ہے۔وزیراعلیٰ نےبھی کورونا کے دور میں بیسٹ ملازمین کی خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ یہ ان کا حق ہے ،بونس دیا جانا چاہئے۔واضح ہوکہ بی ایم سی ملازمین کو امسال ۱۵؍ ہزار۵۰۰؍روپے بونس دینےکااعلان کیا گیا ہے۔ اس اعلان کے بعد ہی بیسٹ ورکرس یونین کی جانب سے بیسٹ کے ملازمین کوبھی اسی کے برابربونس دینے کا مطالبہ کیاگیاتھا ۔گزشتہ سال بھی بی ایم سی ملازمین کے مقابلے کم بونس دینے پر۵؍ہزار۹۰۰؍روپے بقایا کہہ کر اسے دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا لیکن ان دونوں مطالبات پر توجہ نہیں دی گئی۔
یہ دھوکہ ہے 
 بیسٹ ورکرس یونین کے لیڈر ششانک راؤ نے کہاکہ یہ بیسٹ ملازمین کےساتھ شیوسینا لیڈران کا دھوکہ ہے۔آخر ملازمین کے ساتھ بھید بھاؤکی روش کیوں اپنائی جارہی ہے اور بیسٹ ملازمین کا استحصال کیوں کیا جارہا ہے جبکہ وباکے دوران انہوں نےجان ہتھیلی پر رکھ کر خدمات انجام دیں۔
 ششانک راؤ کا یہ بھی کہنا ہے کہ انصاف کا تقاضہ ہےکہ بیسٹ ملازمین کو بھی بی ایم سی ملازمین کے برابر بونس دیاجائے اور گزشتہ سال کا بقایا بھی ادا کیا جائے، یہ ان کا حق ہے اور انہیں ملنا ہی چاہئے۔ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اس معاملے میں‌توجہ دیں‌ اور ملازمین کو انصاف دلائیں۔
بیسٹ کمیٹی کے اراکین کو خط
 بیسٹ کامگار سنگٹھنا کے سربراہ جگ نارائن گپتانے کہا یہ بیسٹ ملازمین کے ساتھ کھلی ناانصافی ہے اور اسی لئے ہم نے بیسٹ کمیٹی کے اراکین کو خط لکھا ہے کہ آج۵؍ نومبرکو بیسٹ کمیٹی کی میٹنگ بلائی گئی ہےجس میں اس موضوع پر بات چیت کرکےبیسٹ کے۴۰؍ہزار ملازمین کو انصاف دلایا جائے۔انہوں نےاس بات پر بھی سخت اعتراض کیا کہ ادارے ، کمیٹیاں اور آئین کے مطابق ضابطے سوچ سمجھ کر بنائے گئےہیں اور جمہوری طریقے کے مطابق فیصلے کئے جاتے ہیں لیکن اگر اسی طرح سے میئر کے بنگلے سے چند افسران کی موجودگی میں بونس کا اعلان کر دیا جائے گا تو پھر جمہوری طرزعمل کا کیا ہوگا۔اس لئے بیسٹ کامگار سنگٹھنا کا مطالبہ ہے بیسٹ ملازمین کو بغیر کسی امتیاز اور جانبداری کے ان کا‌حق دیا‌جائے اور مطالبات پورے کئے جائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK