Inquilab Logo

بھاگلپور:قبرستان کی زمینوں پر مافیاکی نظر

Updated: July 02, 2021, 12:04 PM IST | Tasneem Kausar | Bhagalpur

اب تک شاہ کنڈ ، ناتھ نگر، گوراڈیہہ جگدیش پور اورسبوربلاک کے ۵۰؍ سے زائد قبرستانوں کی گھیرا بندی نہیں ہوسکی ہے،کچھ زمین شرپسندوں کے قبضے میں، اکثر پر قبضہ کا خطرہ ۔مقامی ا فراد نے حکومت سے قبرستانوں کی گھیرا بندی کرانے کا مطالبہ کیا

Bhagalpur: Ibrahimpur Cemetery which has not been cordoned off yet .Picture:Inquilab
بھاگلپور : ابراہیم پورکا قبرستان جس کی ابھی تک گھیرا بندی نہیں ہوسکی ہے۔تصویر : انقلاب

بہار کے ضلع بھاگلپور میں ۵۰؍ سے زائد قبرستان کی زمینوں پرزمین مافیا کی نظر ہے، ان  پر قبضہ کا خطرہ ہے۔ کچھ زمینوں پر شر پسندوں نے قبضہ کر بھی لیا ہے۔ ایسے میں مقامی افراد نے گھیرا  بند ی کا مطالبہ کیا ہے۔   بھاگلپور کے شاہ کنڈ ، ناتھ نگر، گوراڈیہہ جگدیش پور اور سبور بلاک کے ۵۰؍ سے زائد قبرستانوں کی گھیرا بندی نہیں ہو ئی جس  سے قبرستان میں گندگی کا انبار  ہے، ان میں جھاڑ جھنکاڑ بھی  ہیں۔ کچھ قبرستان کی زمینوں پر شرپسند قابض ہوتے جارہے ہیں۔ایسی صورت میں باہمی اختلافات اور تنازع  ہو رہا ہے۔  ضلع کے ناتھ نگر بلاک کی کجریلی پنچایت کےسمریا گاؤں میں ۵؍ اور شاہ کنڈ بلاک کے شاہ کنڈ، خیرا، دریاپور، سمستی پور، عماد پور میں ایسے قبرستان ہیں جن کی ابھی تک گھیرا بندی نہیں ہوئی ہے۔  جگدیش پو ر بلاک کے کھیری باندھ، گوراڈیہ بلاک کے استو، سنہولی  اور ڈہر پور کے بہت سارے علاقوں کے قبر ستان محفوظ نہیں ہیں ، ان کے گر د دیوار کھڑی  نہ ہونے سےان کی بےحرمتی ہورہی ہے۔ ان  میں دن بھر مویشی پھرتے رہتے ہیں۔  اس بارے میں    سماجی کارکن اور جن آ واز سینا کے ریاستی صدر منظر عالم نے بتایا : ’’ قبرستان کی گھیرا بندی کے سلسلے میں میں نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے مطالبہ کیا ہے کہ قبرستانوں کی گھیرا بندی کی اشد ضرورت ہے۔ قبرستانوں کی اراضی پر زمین مافیا کی  نظر ہے ۔زمین مافیا کئی بلاک میں درختوں کو کاٹ کر قبرستانوں کی خالی پڑی اراضی کو فروخت کرنے کے فراق میں ہیں۔ اس لئے ایسے عناصر پر سخت نظر رکھی جائے اور قبرستان کی گھیرا بندی کراکر ا ن زمیں کو  ہمیشہ کیلئے محفوظ کیا جائے۔‘‘انہوں نے یہ بھی کہا :’’ قبرستانوں کی گھیرا بندی ہو جانے سے فرقہ وارانہ کشیدگی بھی نہیں ہوگی ۔ اس طرح انتظامیہ کے ساتھ ساتھ ریاست کے عوام بھی چین اور سکون سے رہیںگے۔‘‘
  اس سلسلے میں نصرت ویلفیئر سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری  اور مدرسہ دارالعلوم اسعدیہ کھیری باندھ بھاگلپور کے بانی ومہتمم مولانا زاہد حلیمی کا کہنا تھا : ’’قبرستان ایسا مقام ہے  جہاں میت کو دفن کیا جاتا ہے۔ ان کو مسلم سماج میں  انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ آخری سفر کے بعد لوگ اسی جگہ مٹی کے اندر آرام فرما ہوتے ہیں۔ اس کی پاکیزگی از حد ضروری ہے۔اس کی بقا گھیرابندی ہی  سے ممکن ہے۔  اسی صورت میں اس کی بے حرمتی بھی نہیں ہوگی ۔‘‘
  انہوں نے مزید کہا:’’مسجد، مدرسہ اور قبرستان  کا تعلق عوام سے  ہے، ان کے  ذریعہ کسی طرح کی بد امنی نہ پھیلے، اس پر حکومت کو توجہ دینی چاہئے،لہٰذا بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار   قبرستانوں کی گھیرا بندی جلد کرادیں ، تاکہ مستقبل میں کسی طرح کی کوئی بد امنی یا شر پسندی کا خدشہ بھی نہ ہو۔  اب تک وزیر اعلیٰ ان سب مسائل پر بڑی سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں۔ نتیش کمار کی پیش رفت اور حکمت عملی سے  پوری ریاست میں قبرستانوں کی گھیرا بندی ہورہی ہے ، پھر بھاگلپور کے قبرستانوں میں ابھی تک چہاردیواری کیوں نہیں ہے؟‘‘ 

bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK