Inquilab Logo

بھارت جوڑو یاترا :کرناٹک میں زبردست جوش و خروش

Updated: October 02, 2022, 10:36 AM IST | New Delhi

بڑی تعداد میں عوام کی شرکت ، جے رام رمیش نےٹویٹ کیا:اس یاترا سے نئےراہل گاندھی ابھرکر سامنے آئے ہیں

Rahul Gandhi with a woman and child during the `Bharat Jodo Yatra` in Karnataka
کرناٹک میں راہل گاندھی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے دوران ایک خاتون اور بچہ کے ساتھ

کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں نکالی جا رہی ’بھارت جوڑو یاترا‘ان دنوں کرناٹک میں ہے۔سنیچر کو یہاں اس کا دوسرا دن تھا۔حالانکہ بارش کی وجہ سےسنیچرکویاترا تاخیر شروع ہوئی لیکن اس میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ کرناٹک میں یاترا کا سنیچر کو دوسرا دن ہے اور گنڈلوپیٹ میں موسلادھاربارش کی وجہ سے یاترا میں خلل پڑا۔ کانگریس پارٹی ذرائع کے مطابق، یاترا سنیچرکی صبح۶؍بجکر ۳۰؍منٹ پرچامراج نگر ضلع کے ٹونڈاواڑی سے نکلنا تھی۔کانگریس کے جنرل سیکریٹری جئے رام رمیش نےٹویٹ کیا، `بھارت جوڑو یاترا اپنے۲۴؍ویں دن بیگور سے صبح ساڑھے ۶؍بجے شروع ہونا تھی، لیکن بارش کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی ہے۔۱۵؍ دن کے وقفے کے بعد بارش ہوئی اور اس سے کسانوں کو فائدہ ہوگا۔ اور یہی وہ بات ہے جس کیلئے یہ یاترا نکالی جارہی ہے۔‘‘
’بی جے پی-آر ایس ایس دفاعی حکمت عملی پر مجبور‘
 جے رام رمیش نےکہاکہ بھارت جوڑو یاترا سےنئےراہل گاندھی ابھرکر سامنے آئے ہیں۔ اس بات نےبی جےپی اور آر ایس ایس کودفاعی حکمت عملی اپنانے پرمجبورکیاہے۔یہ سبھی پریشان ہیں کیونکہ بھارت جوڑویاترا سے نئے راہل گاندھی  اور نئی کانگریس پارٹی ابھری ہے۔
 راہل گاندھی نےسنیچرکےروز کورونا کی وجہ سے جان گنوانے والوں کے اہل خانہ کے لئے مناسب معاوضہ کامطالبہ کیا اور وزیر اعظم نریندر مودی سے پوچھاکہ آپ انہیں ان کا حق کیوں نہیں دے رہے ہیں۔راہل گاندھی نے جمعہ کو گنڈلوپیٹ میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے اپنی جان گنوانے والے کورونا وائرس کے مریضوں کے اہل خانہ سے بات چیت کی۔
کورونا سے جان کی بازی ہارنے والوں کیلئے معاوضے کا مطالبہ
 بات چیت کا ویڈیو شیئر کرتےہوئے، کانگریس کےسابق صدر نےسنیچرکوٹویٹ کیا، ’’وزیراعظم، پرتیکشا کو سنیں جس نے بی جے پی حکومت کی کووڈ بدانتظامی سےاپنے والد کو کھو دیا تھا۔‘‘ راہل گاندھی نےکہاکہ انہوں نے اپنی تعلیم اور خاندان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے پوچھا ’’کیا کووڈمتاثرین  کے اہل خانہ مناسب معاوضہ حاصل کرنے کے حقدار نہیں ہیں؟ وہ انہیں ان کا حق کیوں نہیں دے رہے؟‘‘
پرتیکشا نےکیا کہا؟
 جمعہ ۳۰؍ستمبر کو راہل نے ان لوگوں کے لواحقین سےملاقات کی جو کورونا کے دوران آکسیجن کی کمی کی وجہ سےاپنی جان گنوا بیٹھے تھے۔اس دوران ایک لڑکی کی تقریر نے وہاں موجود سبھی کو جذباتی کر دیا۔ تقریباً۷؍سال کی پرتکشانامی لڑکی نے کہا کہ میرے والدکاانتقال کورونا سے ہوا، اس وقت آکسیجن کی کمی تھی۔رتیکشا نے کہا ’’جب پاپازندہ تھےتومیں ان سے پڑھائی کے لیے تمام ضروری چیزیں منوالیتی تھی۔ میرے ایک بار کہنے پر ہی وہ پنسل اور کتابیں لا کر دیتے تھے۔پاپا کورونا میں نہیں رہے کیونکہ انہیں وقت پر آکسیجن نہیں مل سکی۔لوگ کہہ رہے تھے کہ اس وقت آکسیجن کی کمی تھی۔اب میری ماں کے پاس میرے لیے کچھ خریدنےکیلئےپیسے نہیں ہیں۔ اگر میری والدہ کو سرکاری نوکری مل جائے تومیں اچھی طرح پڑھ سکوں گی۔پرتیکشا نےبتایا کہ میں ڈاکٹر بننا چاہتی ہوں اور لوگوں کی جان بچاؤں گی۔
خواتین بچوں کے مستقبل کی فکر میں ہیں
 کئی اور خواتین نے بتایا کہ کس طرح ان کےشوہر، بھائی اور رشتہ دار آکسیجن کی کمی کی وجہ سےمرگئے۔ایک خاتون نے بتایا کہ شوہر کی موت سے بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی ہے۔ اگر ہمیں حکومتی مدد نہیں ملی تو بچوں کے مستقبل کا کیا بنے گا۔
 واضح رہے کہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی جمعہ کی صبح تمل ناڈوکے گڈلور سے کرناٹک کےگنڈلوپیٹ پہنچے۔  کرناٹک میں یاترا ۲۱؍ دنوں میں۵۱۱؍کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ ۷؍ ستمبر کو کنیا کماری سے شروع ہونے والی یاترا ۳۰؍ جنوری ۲۰۲۳ءکو جموں میں ختم ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK