Inquilab Logo

بھارت جوڑو یاترا اپنے آخری پڑائو پر،پلوامہ پہنچ گئی

Updated: January 29, 2023, 9:35 AM IST | srinagar

سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور پرینکا گاندھی کی شرکت ،راہل گاندھی نے پلوامہ کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا، کل یاترا کا آخری دن، سری نگر میں اختتام ہو گا

Mehbooba Mufti and her daughter Ilja Mufti along with Rahul Gandhi in Bharat Jodo Yatra. (Photo: PTI)
محبوبہ مفتی اور ان کی بیٹی التجا مفتی بھارت جوڑو یاترا میں راہل گاندھی کے ساتھ۔(تصویر:پی ٹی آئی )

بھارت جوڑو یاترا  جو کشمیر میں اپنے آخری پڑائو میں پلوامہ پہنچ گئی ہے سنیچر کو دوبارہ شروع ہوئی۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے اونتی پورہ سے  یاترا کا آغاز کیا۔ اس دوران پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی  اور پرینکا گاندھی بھی یاترا میں شامل  ہوئیں۔ یاترا کے دوران راہل گاندھی نے پلوامہ پہنچنے کے بعد اس مقام پر شہیدوں کو خراج تحسین پیش کیا جہاں پر دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا۔
یاترا کا شیڈیول 
 کشمیر پہنچنے کے بعد اب تک نہایت کامیاب رہنے والی بھارت جوڑو یاترا اب اپنے بالکل آخری پڑائو میں داخل ہو چکی ہے۔ سری نگر تک پہنچنے کے لئے یاترا کو اب محض ۳۰؍ کلومیٹر کا سفر مکمل کرنا ہے جو اتوار کی شام تک مکمل کرلیا جائے جبکہ پیر کی صبح جلسہ عام ہو گا۔ سنیچر کی صبح اونتی پورہ سے شروع ہونے والی یاترا سنیچر کی شام ہی پلوامہ پہنچ گئی تھی  جہاںاس کا پڑائو برلا اسکول میں تھا۔ اس کے بعدپمپور سے راہل گاندھی اتوار کو دوبارہ یاترا شروع کریں گے  اور سری نگر کے پنتھ چوک تک جائیں گے۔سری نگر کے مضافات میں واقع پنتھ چوک  پر رات کے قیام کے بعد ` یاترا  آگے بڑھے گی اور شہر کے بلیوارڈ روڈ پر واقع نہرو پارک کے قریب ختم ہوگی۔ راہل پیر کو ایم اے روڈ پر واقع کانگریس ہیڈکوارٹرس میں ترنگا لہرائیں گے ۔اس کے بعد ایس کے اسٹیڈیم میں جلسہ عام ہوگا۔ جہاں پر وہ ترنگا لہراکر باقاعدہ طور پر یاترا کا اختتام کریں گے ۔ یاد رہے کہ یہ یاتراگزشتہ سال ۷؍ ستمبر کو تمل ناڈو کے شہر کنیا کماری سے شروع ہوئی تھی۔
پلوامہ میں  راہل گاندھی 
   راہل گاندھی   نے سنیچر کی صبح جموں کشمیر کے پلوامہ ضلع کے اونتی پورہ سے ` بھارت جوڑو یاترا دوبارہ شروع کی۔ ایک دن پہلے پارٹی کی جانب سے سیکوریٹی میں کوتاہی کے الزام کے بعد یاترا کو اننت ناگ ضلع میں عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔ کانگریس نےالزام لگایا تھا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں پولیس کی طرف سے کئے گئے حفاظتی انتظامات مکمل طور پر ناکام رہے ہیں۔ان الزامات پر جموں کشمیر  انتظامیہ نے کہا تھا کہ توقع سے زیادہ لوگوں کے جمع ہونے کی وجہ سے سیکوریٹی وسائل پر دباؤ بڑھ گیا تھا لیکن ان کی سیکوریٹی میں کوئی کوتاہی نہیں ہوئی ہے۔
محبوبہ مفتی اور ان کی بیٹی کی شرکت 
 دریں اثنا پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی اور ان کی بیٹی التجا مفتی کو اونتی پورہ میں یاترا میں شامل ہوئے۔ اس دوران راہل کے ساتھ قدم سے قدم ملاتے ہوئے محبوبہ مفتی نے اپوزیشن کے اتحاد کا پیغام بھی دیا جبکہ ان کی بیٹی التجا مفتی کافی دور تک راہل گاندھی سے گفتگو کرتی ہوئی دیکھی گئیں۔ راہل گاندھی بھی ان کی بات توجہ سے سن رہے تھے۔ اس یاترا میں محبوبہ مفتی کی پارٹی کے کارکنوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔کشمیر میں راہل کے ساتھ ان کی بہن اور کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی بھی یاترا میں حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے یاترا میں شرکت کی اور اپنے بھائی کا حوصلہ بڑھایا۔
سیکوریٹی کے سخت انتظامات 
   سیکوریٹی میں کوتاہی کے الزامات لگنے کے بعد یاترا کیلئے سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ سیکوریٹی فورسیز نے یاترا کے آغاز کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کو سیل کر دیا تھا۔ صرف پاس حاصل گاڑیوں اور صحافیوں کو پنڈال تک پہنچنے کی اجازت دی گئی تھی۔ راہل کے چاروں طرف تین سطحی حفاظتی حصار قائم کیا گیا تھا۔  یاد رہے کہ  راہل کو جمعہ کو قاضی گنڈ علاقے کا دورہ اس وقت روکنا پڑا جب سیکوریٹی فورسیز بانہال سرنگ کے اس طرف جمع ہونے والے بھاری بھیڑ کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی۔اس کے بعد راہل مشکل سے ۵۰۰؍ میٹر بھی نہیں چل  سکے تھے۔ اس کے بعد راہل کار سے اننت ناگ ضلع کے خانہ بل پہنچے جہاں انہوں نے آرام کیا۔
کانگریس صدر کا وزیر داخلہ کو خط
  کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے راہل گاندھی کی سیکوریٹی میں کوتاہی کے پیش نظر وزیر داخلہ امیت شاہ کو خط لکھ کر مداخلت کی درخواست کی ہے۔ کانگریس صدر نے ٹویٹ کیا کہ سیکوریٹی فراہم کرنا مرکزی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ ہندوستان پہلے ہی دو وزرائے اعظم اورمتعدد لیڈران کھو چکا ہے۔ اسی لئے ہم یاتریوں کے لئے بہتر سیکورٹی کا مطالبہ کررہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK