Inquilab Logo

بھارت جوڑو یاترا‘ کل مدھیہ پردیش میں داخل ہوگی، پرینکا گاندھی کی بھی ’یاترا‘ میں شمولیت کا امکان

Updated: November 22, 2022, 12:13 AM IST | new Delhi

۴؍ دنوں کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کی تکمیل کے بعد راہل گاندھی نے دو دن کے وقفہ کا اعلان کیا تھا تاکہ وہ گجرات کی انتخابی مہم میں بھی پارٹی کیلئے کچھ کام کرسکیں۔ا

After suspending the `Bharat Jodo Yatra` for two days, Rahul Gandhi went to Gujarat and received a warm welcome there as well.
’بھارت جوڑو یاترا‘ کو دو دنوں کیلئے موقوف کرکے راہل گاندھی گجرات گئے تو وہاں بھی ان کا زبردست خیرمقدم کیا گیا

۴؍ دنوں کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کی تکمیل کے بعد راہل گاندھی نے دو دن کے وقفہ کا اعلان کیا تھا تاکہ وہ گجرات کی انتخابی مہم میں بھی پارٹی کیلئے کچھ کام کرسکیں۔اس طرح ۲۰؍ نومبر کو مہاراشٹر میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ کا شیڈول مکمل ہوا اور اب یہ قافلہ ۲؍ دن کے وقفے کے بعد ۲۳؍ نومبر کو صبح مدھیہ پردیش میں داخل ہوگا۔اس طرح وہاں پر ۱۳؍ دنوں میں  ۳۸۲؍ کلومیٹر کا فاصلہ  طے کرے گا۔ اس درمیان کانگریس کارکنوں کو اس خبر نے پُرجوش کر دیا کہ مدھیہ پردیش میں یاترا کے دوران پہلی مرتبہ کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی بھی شامل ہوں گی۔
 کانگریس ذرائع کے مطابق مدھیہ پردیش کے برہان پور ضلع سے یاترا کے داخل ہونے کے بعد پرینکا گاندھی بھی اپنے بھائی راہل گاندھی کا ساتھ دیں گی۔ یاترا کے شیڈول کے مطابق مدھیہ پردیش میں کانگریس کی یہ ’بھارت جوڑو یاترا‘ برہان پور، کھرگون، کھنڈوا، اندور اور اجین کے راستے ریاست میں ۳۸۲؍ کلومیٹر کا فاصلہ۱۳؍ دنوں میں طے کرے گی اور پھر’ آگر مالوا‘ ضلع سے اجستھان تک پہنچے گی۔ اس دوران یہ یاترا ۶؍ اضلاع کا احاطہ کرے گی۔ کانگریس ذرائع کے مطابق اس میں۱۵؍ ذیلی یاترائیں بھی  ہوں گی اور یہ تمام قافلے ۳۰۰۔۳۰۰؍ کلومیٹر کی ’یاترا‘ کریں گے اور اس طرح ریاست کے ۵۲؍ اضلاع کا احاطہ کیا جائے گا اور وقفے وقفے سے  راہل گاندھی کی مرکزی یاترا میں شامل ہوں گی۔ دریں اثنا کانگریس نے بتایا کہ اس یاترا کے دوران مختلف مقامات پر راہل گاندھی سے ملاقات کیلئے ریاست بھر سے ۱۵۰۰؍ سے زائد افراد نے درخواستیں دی ہیں۔
   اس سے قبل مہاراشٹر میں اپنے دورے کے اختتام پر راہل گاندھی نے ریاست کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’مہاراشٹر کے لوگوں نے گزشتہ۱۴؍ دنوں تک ’بھارت جوڑو یاترا‘  کے تئیں جس محبت  اور اعتماد کا مظاہرہ کیا، وہ اپنے آپ میں بے مثال ہے۔ اس دوران مجھے چھترپتی شیواجی مہاراج، راج رشی شاہو مہا راج، مہاتما پھلے اور ڈاکٹر بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی سرزمین سے جو تجربہ ملا، وہ ناقابل فراموش ر ہے گا۔ اس نے مجھے کافی حوصلہ فراہم کیا ہے۔‘‘ اپنے تجربات او ر مشاہدات بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’’ اس دوران ریاست کے مختلف سماجی گروہوں سے وابستہ شخصیات کے علاوہ کسانوں، نوجوانوں، خواتین، دلتوں اور پسماندہ طبقات کے افراد سے ملاقات ہوئی، انہوں نے اپنے مسائل، درد اور دکھ بانٹے۔ لوگوں نے ملک کی موجودہ سیاسی اور سماجی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔ مختلف تنظیموں اور اداروں کے نمائندوں اور دانشوروں سے ملاقات ہوئی، یہ سب میرے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ان ملاقاتوں میں ان کی طرف سے دی گئی معلومات اور عوام کے مشورے میرے لئے بہت اہم ہیں اور میری زندگی کا سرمایہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں مہاراشٹر کے اس تجربے اور اس دوران حاصل ہونے والے مشاہدے کو کبھی فراموش نہیں کرسکوں گا۔ انہوں نے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے `’جے مہاراشٹر‘ کے ساتھ اپنی تقریر ختم کی۔
 ۲۳؍ نومبر کومدھیہ پردیش میں داخل ہونے کے ۲؍ ہفتے   بعد یہ یاترا راجستھان میں داخل ہوگی جہاں اس کے استقبال اور خیرمقدم کیلئے جنگی پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں۔ اس دوران  راجستھان میں ’راہل سے  جڑو‘ نامی مہم چل رہی ہے جس سے نوجوانوں کا ایک بڑا طبقہ بہت تیزی کے ساتھ جڑ رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK