Inquilab Logo

بھیونڈی:ہندوستانی مسجد میں جاری محلہ کلینک مریضوں کے علاج میں مصروف

Updated: July 10, 2021, 12:57 AM IST | khalid abdul Qayyum | Mumbai

یہاں الانصار میڈیکل ویلفیئر سوسائٹی اور ہندوستانی مسجد ٹرسٹ کے زیراہتمام محلہ کلینک ایک سال سے جاری ہے۔گزشتہ سال جب کورونا وائرس پھیلا تھا تب سے لے کر آج تک اس کلینک میں مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے، خاص کر ان مریضوں کا جو مہنگے علاج کا خرچ برداشت نہیں کر سکتے۔

People coming for treatment can be seen in the neighborhood clinic.Picture:Inquilab
محلہ کلینک میں علاج کیلئے آنے والے افراد کو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر انقلاب

بھیونڈی:یہاں الانصار میڈیکل ویلفیئر سوسائٹی اور ہندوستانی مسجد ٹرسٹ کے زیراہتمام    محلہ کلینک  ایک سال سے جاری ہے۔گزشتہ سال جب کورونا وائرس پھیلا تھا تب سے لے کر آج تک  اس کلینک میں مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے، خاص کر ان مریضوں کا جو مہنگے علاج کا خرچ برداشت نہیں کر سکتے۔
 ہندوستانی مسجد میں جاری  اس محلہ کلینک میں ۱۰؍  بیڈ بھی دستیاب ہیںجہاں ضرورت پڑنے پرمریضوں کو عارضی طور پر داخل کرکےگلوکوز،انجکشن  اور آکسیجن بھی فراہم کیا جاتا ہے۔یہاں معمولی فیس پر طبی جانچ کے ساتھ ہی دوائیں بھی دی جاتی ہیں۔ڈاکٹروں کی کوشش ہوتی ہے کہ ہندوستانی مسجد محلہ کلینک میں آنے والے مریضوں کو خون اور دیگر ٹیسٹ کی نوبت نہ آئے اور اگر بہت ضرورت پڑنے پر ٹیسٹ کرانے کی نوبت آ بھی جائے تو  انہیں۶۰؍فیصد تک رعایت دی جاتی ہے۔ کلینک سے ہی دوائیں دی جاتی ہیں۔یہ محلہ کلینک ۲؍ شفٹوں  میں جاری ہے۔  صبح ۱۰؍بجے سے دوپہر ایک بجے تک اور شام  ۵؍ بجے سے رات ۹؍بجے تک۔ یہاں  بخار،سر دی،زکام، کھانسی، ملیریا، ٹائیفائڈ،  وائرل انفیکشن اور دیگر امراض سے متاثرہ افراد کی بھیڑ رہتی ہے۔ اس کلینک میں ۴؍ڈاکٹر اپنی خدمات انجام دیتے ہیں جن میں ۳؍ خواتین ہیں ۔
بڑی تعداد میں خواتین بھی علاج کیلئے آتی ہیں
  الانصار میڈیکل ویلفیئر سوسائٹی کے شاہد فاروقی نے بتایا کہ ’’محلہ کلینک کی شروعات ہم نے ایک سال قبل ۲۳؍جون کو کی تھی۔ جب کورو نا بحران  شروع ہوا تھا تب سے لے کر ہم ابھی تک اس محلہ کلینک کے ذریعہ مریضوں کا انتہائی رعایتی شرح پر شہر کے معتبر ڈاکٹروں کے ذریعہ علاج  کی سہولت فراہم کررہے ہیں۔‘‘انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’ اس محلہ کلینک سے ۵۰؍ ہزار سے زائد افراد استفادہ حاصل کرچکے ہیں۔ کلینک میں ڈاکٹر نصرت ابوذر دکنی، ڈاکٹر زیاد ریاض مومن، ڈاکٹر تسنیم عادل مومن اور ڈاکٹر نیہا عامر انصاری جیسے مشہور ومعروف ڈاکٹر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ کلینک میں امراض نسواں کے ماہر ڈاکٹروں کی موجودگی کے سبب خواتین  بھی بڑی تعداد میں یہاں آتی ہیں۔ ‘‘
  الانصار میڈیکل ویلفیئر سوسائٹی  کے ذمہ داروں نے بتایا کہ کلینک میں ۲۰؍روپے میں ۲؍دن کی دوائیں ،۴۰؍روپوں میں انجکشن اور دوائیں، ۱۲۰؍روپوں میں گلوکوز اور دوائیں دی جاتی ہیں۔اگر مریض کیلئے کسی طرح کا کوئی ٹیسٹ بہت ضروری ہوا تو اس کا ۶۰؍فیصد رعایت میں ٹیسٹ کروایا جاتا ہے۔ یہی  سبب ہے جو روزانہ ۱۲۰؍ سے زائد مریض اس ڈے کیئر سینٹر سے استفادہ کررہے ہیں۔
 دیہی علاقوں میں میڈیکل کیمپ الاانصار میڈیکل
 ویلفیئر سوسائٹی  نے شہر کے اطراف دیہی علاقوں میں بھی میڈیکل کیمپ کاانعقاد شروع کردیا ہے۔ساوندے گاؤں میں منعقدہ اسی طرح کے کیمپ   میں گاؤں والوںکی طبی جانچ کرکے انہیں  دوائیں بھی مفت دی گئیں۔ اس کیمپ کی مدد سے وہ برادران وطن کا علاج کرنے کے ساتھ ہی انہیں اسلام کی سبھی ذات پات اور دھرم کے لوگوں کو ساتھ لیکر چلنے کا پیغام بھی  ان تک پہنچانا چاہتے ہیں۔
شہر میں بھی متعدد میڈیکل کیمپ
 مذکورہ سوسائٹی کے ذمہ داروں نے بتایا کہ آنکھوں اور ذیابیطس کے مریضوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر آنکھوں کا مفت چیک اپ اوربلڈ شوگر لیول کی مفت جانچ کاکیمپ ، فری میڈیکل کیمپ ، خون کا ٹیسٹ،ایچ آئی وی ٹیسٹ،ایکسرے،ٹی بی ٹیسٹ، کووِڈ ۱۹؍ ٹیسٹ (انٹیجین،آر ٹی پی سی آر)  مفت کیا جاتا ہے جس سے سیکڑوں شہری فائدہ اُٹھاتے ہیں۔اسی کے ساتھ ہی  اکثر و بیشتر بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔ 

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK