• Wed, 12 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی :کارپوریشن کی۹۰؍ میں سے۴۵؍ نشستیں خواتین کیلئے محفوظ

Updated: November 12, 2025, 12:21 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

وارڈ ریزرویشن کیلئے قرعہ اندازی مکمل ، ۲۳؍وارڈوں میں سے ہر وارڈ سے۲؍ خواتین کے منتخب ہونے کا امکان۔

A schoolgirl draws a lottery ticket. Picture: INN
قرعہ اندازی کیلئے ایک اسکولی طالبہ پرچی نکالتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
بھیونڈی  نظام پور شہر میونسپل کارپوریشن کے عام انتخابات کے لیے منگل کے روز وارڈ ریزرویشن کی قرعہ اندازی انجور پھاٹا واقع مانسی گڈا کالج کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی ۔ اس تقریب کی صدارت میونسپل کمشنر انمول ساگر نے کی جب کہ مختلف محکمہ جاتی افسران اور عوامی نمائندے بڑی تعداد میں موجود تھے۔قرعہ اندازی کے نتیجے میں ۹۰؍ نشستوں میں سے۴۵؍ نشستیں خواتین کیلئے مخصوص قرار دی گئی ہیں۔
ان میں درج فہرست ذات کی۲؍، پسماندہ طبقات (او بی سی) کی۱۲؍ اور عمومی زمرے کی۳۱؍ نشستیں شامل ہیں ۔ اس کے تحت شہر کے ۲۳؍وارڈوں میں سے ہر ایک وارڈ سے ۲؍ خواتین ممبران کے منتخب ہونے کا امکان ہے جو میونسپل سیاست میں خواتین کی بھرپور نمائندگی کو یقینی بنائے گا۔انتظامیہ کے مطابق، ممبران کی تعداد میں اضافہ نہ ہونے کے باعث۲۰۱۷ء کی حد بندی کو ہی برقرار رکھا گیا ہے۔
آبادی کے تناسب سے اس بار۳؍ نشستیں درج فہرست ذات، ایک نشست درج فہرست قبیلہ (شیڈول ٹرائب )،۲۴؍ پسماندہ طبقات اور۶۲؍ نشستیں عمومی زمرے کیلئے مختص کی گئی ہیں۔دلچسپ امر یہ ہے کہ درج فہرست ذات کے وارڈوں کی حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، جس سے سابقہ عوامی نمائندوں کو نقصان نہیں پہنچا۔
البتہ درج فہرست قبائل کی ایک نشست کے عمومی زمرے میں منتقل ہونے سے قبیلہ طبقے کے مرد امیدواروں کی امیدیں بڑھ گئی ہیں ۔ ماہرین کے مطابق، اس بار کی ریزرویشن تقسیم کافی متوازن ہے اور کسی بھی طبقے یا جماعت کو خاص نقصان نہیں ہوا ہے۔قرعہ اندازی کے عمل کو کامیابی سے مکمل کرانے میں ایڈیشنل میونسپل کمشنر وِٹھل ڈاکے، ڈپٹی میونسپل کمشنر وکرم دراڈے، اسسٹنٹ کمشنر شیلیش دوندے، الیکشن ڈپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ کمشنر اجیت مہاڈک اور وارڈ آفیسر گِریش گوشٹیکر نے نمایاں کردار ادا کیا۔ میونسپل کارپوریشن کے تعلقاتِ عامہ کے افسر شری کانت پردیسی نے بتایا کہ قرعہ اندازی کے نتائج کو حتمی منظوری کیلئے ریاستی الیکشن کمیشن کو روانہ کر دیا گیا ہے۔ منظوری ملنے کے بعد انتخابی شیڈول کے اعلان کی راہ ہموار ہو جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK