Inquilab Logo

بھیونڈی:ورلاتالاب میں گندہ پانی چھوڑنے پر برہمی

Updated: July 14, 2021, 7:28 AM IST | khalid abdul Qayyum | Mumbai

یہاں سے شہر کو یومیہ۲؍ایم ایل ڈی پانی فراہم کیا جاتا ہے، ڈرینیج کا گندہ پانی چھوڑنے والوں پر کارروائی کا مطالبہ

Contaminated drainage water can be seen in warla Pond.Picture:Inquilab
ورلا تالاب میں ڈرینیج کا آلودہ پانی دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر انقلاب

یہاں شہر کویومیہ ۲؍ایم ایل ڈی پانی فراہم کرنے والے ورلا تالاب میں ڈرینیج کا گندہ پا نی چھوڑنے کا معاملہ روشنی میں آیا ہے۔اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین اوررکن نے اس پر شدید برہمی کااظہار کرتے ہوئے اسے شہریوں کی صحت کے ساتھ کھلواڑ قرار یتے ہوئے لاپرواہ میونسپل افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔تالاب میں گندہ پانی چھوڑنے کی اطلاع پر گنیش اتسو مہامنڈل کے صدر نے بھی سخت نوٹس لیا ۔انہوں نے کارپوریشن کو انتباہ دیا کہ اگر ڈرینیج کے پانی کو فوری طور پر روکا نہیں گیا تو وہ یہاں بنائے گئے گھاٹوں پر گنپتی وسرجن نہیں کریں گے۔
 معلوم ہوکہ تقریباً ۱۵۰؍ ایکڑ میں پھیلے ورلا تالاب سے بھیونڈی میونسپل انتظامیہ کی جانب سے شہر کے کئی علاقوں میں یومیہ۲؍ایم ایل ڈی پینے کے پانی کی فراہمی کی جاتی ہے۔اس کے باوجود   اس تالاب میں ڈرینیج کا گندہ پانی چھوڑنے پر اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن سراج طاہر مومن نے شدیدناراضگی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب حکومت اور سرکاری افسران لوگوں کو صاف پانی فراہم کرنے کے تعلق سے بلنگ بانگ دعوے کرتے ہیں۔دوسری جانب زمینی سطح پر ان دعوے کی قلعی کھل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وبائی امراض کے دور میں لوگ اپنی صحت  کے تعلق سے ویسے ہی بہت پریشان ہیں دوسری جانب کارپوریشن کی اس مجرمانہ لاپرواہی شہر میں دوسرے امراض کو جنم دے سکتی ہے۔انہوں نے فوری طور پر تالاب میں گندہ پانی روکنے کا مطالبہ کیا ۔
وسرجن نہ کرنے کا انتباہ
 ورلاتالاب کے کنارے بنائے گئے عارضی گھاٹ پر گنپتی ،درگا اور دوسری مورتیاں وسرجن کی جاتی ہیں۔ساتھ ہی چھٹ پوجا کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔ گنیش اتسو مہامنڈل کے صدر مدن بھائی نے اس تالاب کو ہندوؤں کیلئے اہم قرار دیتے ہوئے انتظامیہ کو انتباہ دیا کہ اگر انتظامیہ نے فوری  طورپر تالاب میں گندہ پانی چھوڑنا بند نہیں کیا تو وہ ان گھاٹوں میں وسرجن نہیں کریں گے۔
 تالاب میں گندگی  کے تعلق سے اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین سنجے مہاترے نے بھی ناراضگی کااظہار کیا ہے۔انہوں نے میونسپل کمشنر کو عرضداشت پیش کرکے بتایا کہ وسرجن کے ساتھ ہی ورلادیوی مندر میں نوراتر میں۹؍دن بھگت مندر آتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کا کہ آلودگی کیلئے  ذمہ دار افسران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ معاون میونسپل کمشنر ڈاکٹر سنیل بھالے راؤ نے بتایا کہ تالاب کے اطراف واقع عوامی بیت الخلاء چلانے والوں کو نوٹس دیا گیا ہے۔انہیں بیت الخلاء کے سیفٹی ٹینک فوری طور پر صاف کرانے کا حکم دے دیا گیا ہے۔  

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK