Inquilab Logo

بھیونڈی : ضروری اشیاء کے داموں میں اضافہ پربرہمی

Updated: June 18, 2022, 8:56 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

این سی پی نے احتجاج کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ، کہا : وہ ہرمحاذ پرناکام ہے

NCP workers and leaders in the `Hankar Andolan` against the central government.
مرکزی حکومت کے خلاف ’ہنکار آندولن‘ میں این سی پی کارکنان اور لیڈران۔(تصویر:انقلاب)

مرکزی حکومت  کی عوام  مخالف پالیسیوں کی وجہ سے دن بہ بدن ضروری اشیاء کے داموں میں بھی تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ سے گھریلو بجٹ بری طرح زیادہ متاثر ہوا ہے۔ اسی وجہ سے عوام میں حکومت کے خلاف سخت ناراضگی پائی جارہی ہے ۔ اس کے خلاف جمعرات کو راشٹروادی کانگریس پارٹی بھیونڈی کے صدر شعیب خان (گڈو)کی قیادت میں احتجاج اور مظاہرہ کیا گیا۔  اس موقع پر شعیب گڈو نےمرکزی حکومت پر سخت تنقید کی ۔
 مظاہرین نے آنند دیگھے چوک سے پرانت آفس تک ’ہنکار آندولن‘کے ذریعہ اقتدار کے نشے میں دھت  مرکزی حکومت کو بیدار کرنے کی کوشش کی۔  این سی پی کارکنان دوپہر میں آنند دیگھے چوک پر جمع ہوئے اور  مرکزی حکومت کے خلاف زبردست نعرے لگائے۔وہ بڑھتی مہنگائی اوربے روزگاری،او بی سی ریزرویشن پر بی جے پی سرکارکی سیاست،خواتین پر تضحیک آمیز تبصرہ اور دواؤں کے بے تحاشہ بڑھتے دام کے سبب شدید برہم تھے۔ان کے ہاتھوں میں تختیاں تھیں جن پر حکومت مخالف نعرے تحریر تھے۔ این سی پی کے مقامی صدر کی قیادت میں پرانت آفس پر مظاہرین نے مودی سرکار کے خلاف زبردست  نعرے لگائے۔این سی پی کے وفد جس میں خواتین ونگ کی صدر سواتی کامبلے  اوردیگر لیڈران شامل تھے،  نے پرانت آفس کو میمورنڈم بھی پیش کیاجس میں  بے قابو مہنگائی،بڑھتی ہوئی بے روزگاری،او بی سی ریزرویشن پر بی جے پی سرکار کی سیاست،خواتین پر تضحیک آمیز تبصرہ اور دواؤں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کو کم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
 اس موقع پرشعیب خان گڈو نے کہا کہ پیٹرول، ڈیزل، رسوئی گیس، تیل، کھاد اور اناج وغیرہ کے دام آسمان چھو رہے ہیں ۔ جب یو پی اے سرکار تھی اس وقت شرد پوار وزیر زراعت تھے اس وقت دام کنٹرول میں تھے لیکن آج مرکزی حکومت ہر محاذ پر ناکام ثابت ہوگئی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے مطالبات یہی ہیں کہ حکومت بڑھتی ہوئی مہنگائی پر کنٹرول کرے کیونکہ عوام پہلے ہی لاک ڈاؤن اور کورونابحران سے بے حد پریشان ہیں، ایسے میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے لوگ بھکمری کا شکار ہورہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت غریبوں،کسانوں اور پسماندہ طبقات کو فراموش کئے ہوئے ہے۔ارباب اقتدار نے کسانوں اور غریبوں کے ساتھ یہی رویہ برقرار رکھا تو حالات مزید ابتر ہوجائیں گے۔
 حکومت کی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے بھیونڈی این سی پی کے صدر نے کہا کہ اس حکومت کی ترجیحات عوام کے بجائے خواص ہیں اور وہ اپنے چند خاص سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچانے کیلئے کام کررہی ہے۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK