Inquilab Logo

بھیونڈی:کامواری ندی میں بڑھتی گندگی اور اس کے کنارے قبضہ پرتشویش

Updated: December 03, 2022, 10:10 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

اس تعلق سے میٹنگ میں سماجی تنظیم نے شہری انتظامیہ سے شکایت کی ۔میونسپل کارپوریشن نےندی کی صفائی میں شہریوں سے تعاون کی درخواست کی

Dirt and pollution in Kamwari river can be estimated from the below picture. (Photo: inquilab)
زیرنظر تصویر سے کامواری ندی میں گندگی اورآلودگی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ (تصویر: انقلاب)

شہر میں پانی کی قلت اور وسائل پر منعقدہ  میٹنگ میں کامواری ندی کے کنارے بڑھتی غیر قانونی تعمیرات اورندی میں بڑھتی گندگی پرسخت تشویش کااظہار کیا گیا۔ میٹنگ میں پانی  بچاؤ کیلئے کام کرنے والی سماجی تنظیم کے اراکین نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ  شہری انتظامیہ  شکایات کے  باوجود آلودگی پھیلانے والوں اور تجاوزات کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتا۔اس موقع پر میونسپل کارپوریشن نے کامواری ندی کی صفائی میں شہریوں سے تعاون کی درخواست کی ہے۔یاد رہےکہ آزادی کے امرت مہوتسو کے تحت حکومت مہاراشٹر کے محکمہ شہری ترقیات کی جانب سے میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر میں ’ چلو ندی کی اور‘ عنوان سے ایک میٹنگ منعقد کی گئی تھی جس میں میونسپل کارپوریشن کی حدود میں ندیوں کے مسائل کا جائزہ لیا گیا ۔ اس میٹنگ میں ’جل پرہاری‘ کے رکن ڈاکٹر اسنیہل ڈوندے، سٹی انجینئر سنیل گھنگھے، واٹر سپلائی انجینئر ایل پی گائیکواڑ کے علاوہ سٹی پلاننگ ڈپارٹمنٹ، تحصیلدار، مہاراشٹرپولیوشن بورڈ کے افسران اور متعلقہ محکموں کے سربراہان موجود تھے۔
 میٹنگ میں ڈاکٹر اسنیہل ڈوندے نے سلائیڈ شو کے ذریعے کامواری ندی میں ہونے والی آلودگی اور غیرقانونی قبضہ جات کے بارے میں تفصیلی معلومات دی۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا گندہ پانی اور دیہی علاقوں میں قائم ڈائنگ اور سائزنگ کمپنیوں کا کیمیکل والا پانی بھی براہ راست ندی  میں چھوڑا  جاتا ہے جس کی وجہ سے کامواری ندی میں آلودگی تیزی سے بڑھ رہی  ہے۔انہوںنے یہ بھی کہا کہ شہریوں اورسماجی تنظیموں کی شکایات کے باوجود آلودگی پھیلانے والوں اور تجاوزات کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ہے۔ کامواری ندی میں بڑھتی آلودگی اور گندگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر ڈوندے نے اس کے تدارک کیلئے کئی مفیدمشورے بھی دیئے۔
 میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل میونسپل کمشنر اوم پرکاش دیوٹے نے قبول کیا کہ ندی کے کناروں پر غیرقانونی تعمیرات  کی وجہ سے  ند ی کا اصل بہاؤ کم ہو گیا ہے۔ مختلف طریقوں سے ندی  میں دن بہ دن بڑھتی آلودگی پانی کا سنگین مسئلہ پیدا کر رہی ہے جس سے شہری بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ اس کی وجہ سے مستقبل میں پانی کی شدید قلت کے امکانات ہیں۔انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ کامواری ندی کی صاف صفائی میں میونسپل کارپوریشن کے ساتھ  تعاون کریں۔
 انہوں نے مزیدکہا کہ پانی زندگی ہے جس کیلئے اس زندگی کو جینے کے قابل بنانے کیلئے  ندی اور ماحولیات کو بچانا ہمارا اوّلین فرض ہے۔ اس کیلئے  ہم سب کو ایمانداری سے کام کرنے کی ضرورت ہے ورنہ آنے والی نسل آپ کو بالکل معاف نہیں کرے گی۔ شہریوں کو ’جل ہے تو کل ہے‘ کے تحت براہ راست ذمہ داری لیتے ہوئے ندی بچاؤ کے کام میں حصہ لینا چاہئے۔ہم اس وقت ہی فطرت اور ماحول کی حفاظت کرسکیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK