Inquilab Logo

بھیونڈی:کورونا متاثرین کے علاج کیلئے جدید کووڈ اسپتال کا افتتاح

Updated: March 30, 2021, 6:22 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

یہاں شہر سے ملحق سواد گاؤں میں ۲؍لاکھ ۳۰؍ ہزار مربع فٹ میں بنے کورونا اسپتال کا افتتاح تھانے ضلع کے نگراں وزیر ایکناتھ شندے نے کیا۔

Eknath Shinde
بھیونڈی کے دیہی علاقوں کے مریضوں کیلئے کووڈ اسپتال کا افتتاح کیا گیا۔

یہاں شہر سے ملحق سواد گاؤں میں ۲؍لاکھ ۳۰؍ ہزار مربع فٹ میں بنے کورونا اسپتال کا افتتاح تھانے ضلع کے نگراں وزیر ایکناتھ شندے نے کیا۔کورونا سے متاثر مریضوںکے علاج کیلئے بنایا گیا یہ نیا اسپتال بھیونڈی ،   شاہ پور، کلیان اور امبر ناتھ کے کورونا مریضوں کوبہتر سہولیات فراہم کرے گا۔کورونا سے متاثر مریضوں کے علاج کیلئے بنایا گیا یہ جدید ترین اسپتال بھیونڈی کلیان روڈ پر سواد گرام پنچایت علاقے کے ایک گودام میں بنایا گیا ہے۔ اسپتال کی تعمیر میں اس بات کا خیال رکھا گیا تھا کہ کورونا کے بعد بھی اس اسپتال کا استعمال بہتر علاج اور دوسرے وبائی امراض کیلئے کیا جائے گا۔اسپتال میںسینٹرالائزآکسیجن کے ساتھ روبوٹک آلات نصب کئے گئے ہیں۔اس اسپتال کی تعمیر کا آغاز نومبر۲۰۲۰ء میں شروع کیا گیا تھا۔تقریب افتتاح اَپر کلکٹرویدھی رانڈے،پرانت آفیسر ڈاکٹر موہن نلدکر،تحصیلدار ادھیک پاٹل اور درجنوں سیاسی لیڈران موجود تھے۔
اسپتال میں۸۱۹؍بیڈ
 ۲؍لاکھ ۳۰؍ہزار مربع فٹ رقبے میں پھیلے اس  جدید ترین اسپتال میں۸۱۹؍بستر ہیں۔ اس میں ۳۷۹؍بستر مردوں کے لئے،۳۶۰؍بستر خواتین کے لئے مختص ہیں۔اسپتال میں۸۰؍بیڈ کا ایک آئی سی یوروم بھی ہے جس میں۲۰؍ وینٹی لیٹربیڈ،  ۲۰؍بیڈ بائیپیک اور۴۰؍بیڈ  ہائی فلو نوزل ہیں۔
مریضوں کو ویڈیو کال کی سہولیت
 اس اسپتال میں استعمال ہونے والے تمام ساز و سامان’فائر پریوینشن‘ ہیں اورسامان  دوبارہ استعمال کیا جاسکتا ہے اور ان کی لاگت بھی بہت کم ہے۔ خاص طور پر اس اسپتال میں آنے والے مریضوں کی بہترصحت کیلئے یوگا،تفریح کیلئے کیرم ،ٹیلی ویژن اور مریضوں کے رشتے داروں سے ویڈیوں کال کے ذریعہ گفتگو کرانے کیلئے ۱۰؍ٹیب کاانتظام کیا گیا ہے۔
۷۵؍سی سی ٹی وی کیمرہ
حفاظتی نقطہ نظرنیز اسپتال اور مریضوں پر نگاہ رکھنے کے لئے اسپتال کے احاطے میں۷۵؍ سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔ اسپتال میں کنٹرول روم بھی بنایا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK