Inquilab Logo

میونسپل کمشنرکا کورونا سے پاک بھیونڈی اورکورونا سےاموات کوصفرتک پہنچانےکا ہدف

Updated: July 29, 2020, 10:23 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

صحت یابی کی شرح ایم ایم آر ریجن میں۸۰؍فیصد تک پہنچ گئی،ڈاکٹر پنکج آشیا نے کورونا کو شہر سے دربدر کرنے کیلئے عوام سے مدد کی اپیل کی

Pankaj Ashia
میونسپل کمشنر ڈاکٹر پنکج آشیا

میونسپل کمشنر ڈاکٹر پنکج آشیانے کورونا سے پاک بھیونڈی کا نعرہ بلند کرتے ہوئے کوروناسے متاثر مریضوں کی اموات کی تعداد کو صفر تک پہنچانے کے عزم کااظہار کیا ہے۔انہوں نے شہریوں کو خوش خبری سناتے ہوئے کہا کہ سب کی کوششوں سے صنعتی شہرمیں ۸۰؍فیصد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔صحت یابی کی یہ شرح ایم ایم آر ریجن میں سب سے بہتر ہے۔اسی کے ساتھ ہی مریضوں کی تعداد دگنی ہونے کی شرح ۴۷؍دن تک پہنچ گئی ہے۔ ڈاکٹرآشیا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ہم کورونا کو شہربدر کرنے کے قریب پہنچ گئے ہیںلیکن لڑائی ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ہم اس وباءکے چنگل سے اس وقت ہی نکل سکتے ہیں جب شہری کووِڈ کے اصول و ضوابط پر مکمل طور پر عمل کریں گے۔ 
میونسپل کمشنر کا ہدف
  میونسپل کمشنر نے کہا کہ کارپوریشن کے پاس موجود ایک ہزار بیڈوں میں ۷۰؍سے۸۰؍فیصد بیڈ اب بھی خالی پڑے ہیں۔ڈاکٹر آشیا نے کورونا سے پاک بھیونڈی اور کورونا سے ہونے والی اموات کو صفر تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم کورونا سے پاک بھیونڈی کے بہت قریب پہنچ گئے ہیں۔ ہمارا ہدف ہے کہ شہر کو کورونا سے پاک کردیا جائے ،یہاں ایک بھی شخص کی موت کووِڈکے سبب نہیں ہونی چاہئے۔ان دونوںہدف کو پورا کرنے کیلئے انہوں نے شہریوںسے تعاون طلب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی مدد کے بغیر یہ ہدف مشکل ہے۔شہری کسی بھی قسم کی بیماری ہونے پر فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔کووِڈ کے معمولی سے بھی علامات پر فوری طور پر کارپوریشن کے محکمہ صحت کے ذریعہ بنائے گئے کووِڈ کیئر سینٹر پر جاکر اپنا ٹیسٹ کروائیں۔علاج سے آپ صحت یاب ہوجائے گے۔شہری کووِڈ کے اصول و ضوابط پر مکمل طور پر عمل کریں۔ ۱۰۰؍فیصد شہری ماسک پہنے اور سوشل دسٹینسنگ پرسختی سے عمل کریں ۔شہریوں کا یہی تعاون ہمیں کورونا کو شہر سے بھگانے میںمددگار ہوگا۔
زائد بل کی رقم مریضوں کو واپس کروائی جائےگی
 میونسپل کمشنر نے بتایا کہ کچھ پرائیویٹ اسپتالوں کے ذریعہ مریضوں سے زائد بل وصول کرنے کی شکایت موصول ہونے پر اسپتالوں کے خلاف جانچ کروائی گئی ہے۔ جن میں ۴؍اسپتال خاطی پائے گئے ہیں ۔ان اسپتالوں کو شوکاز نوٹس جاری کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ان  اسپتالوں نے مریضوں سے جو زائد بل وصول کیا ہے وہ رقم بھی مریضوں کو واپس دلائی جائےگی۔

 آئی جی ایم  میں اب نان کووِڈ مریضوں کا بھی علاج

 میونسپل کمشنر ڈاکٹر پنکج آشیا نے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اندرا گاندھی اسپتال جسے کووِڈ اسپتال میں منتقل کرکے اس کی خدمات کو دوسرے پرائیویٹ اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا تھااب دوبارہ  نان کووِڈ مریضوں کے علاج کا سلسلہ عنقریب ہی جاری کردیا جائے گا۔  اس سے اسپتال میں کووِڈ اور نان کووِڈدونوں مریضوں کا علاج ہوگا اور اسپتال میں داخل ہونے کیلئے دونوں قسم کے مریضوںکے علیحدہ علیحدہ دروازے مختص کئے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK