Inquilab Logo

بھیونڈی:اومیکرون سے نمٹنے کیلئےمیونسپل کارپوریشن تیار

Updated: January 08, 2022, 9:08 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

میونسپل کمشنر نےشہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اومیکرون سے خوفزدہ ہونے کے بجائے سختی کے ساتھ احتیاطی تدابیر اور گائیڈ لائن پر عمل کریں۔انہوںنے دعویٰ کیا کہ کارپوریشن مریضوں کے علاج کیلئے بہتر نظم کر رہا ہے ۔

In Khuda Bakhsh Community Hall, 50 beds including 62 oxygen beds have been prepared for the treatment of patients.
خدا بخش کمیونٹی ہال میں۵۰؍آکسیجن بیڈ سمیت۶۴؍بیڈ مریضوں کے علاج کیلئے تیار رکھے گئے ہیں۔

بھیونڈی:یہاں میونسپل کارپوریشن نے کورونا کے نئے قسم اومیکرون سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیارہونے کا دعویٰ کیا ہے۔شہریوں کے علاج کیلئے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ۳؍مراکز پر ۲۵۰؍سے زائد بیڈ ،جن میں ۱۰۰؍سے زائد آئی سی یو بیڈ ہیں، تیار رکھے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی آکسیجن کا بھرپور انتظام ہونے کا دعویٰ بھی کیا گیاہے۔ میونسپل کمشنر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا کے نئے وائرس سے خوف زدہ ہونے کے بجائے کورونا کے متعلق احتیاطی اقدامات پر سختی سے عمل پیرا ہوں۔
  واضح رہے کہ ان دنوں شہر میں کورونا سے متاثر مریضوں کی تعداد میں خاصا اضافہ ہوا ہےجس کے سبب میونسپل انتظامیہ کے ساتھ ہی شہریوں میں بھی تشویش ہے۔اسکول کالج بند ہونے کے اعلان نے شہریوں کو مزید فکرمند کردیا ہے۔اسے دیکھتے ہوئے میونسپل کارپوریشن نے شہریوں کو نئی گائڈ لائن جاری کی ہے اور درخواست کی ہے کہ شہری خوف زدہ ہونے کے بجائے سختی سے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
 میونسپل کارپوریشن کے محکمہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر کاربھاری کھرات نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن کورونا اور اس کے نئے ویریئنٹ سے نپٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کے بہتر علاج کے لئے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر کے ۳؍علاقوں میں بنائے گئے مراکز میں آکسیجن کے ساتھ ۱۰۰؍ آئی سی یو بیڈ تیار رکھے گئے ہیں۔ ان مراکز میں پرشرام ٹاورے اسٹیڈیم میں واقع خدا بخش کمیونٹی ہال میں ۵۰؍ آکسیجن سمیت ۶۵؍ بیڈ،سمپدا نائک ہال میں ۵۰؍ آکسیجن سمیت ۶۴؍ بیڈ اور ورلاتالاب ہال میں ۱۳۴؍بیڈتیار رکھا گیا ہے۔ شہر کو آکسیجن کی قلت سے دور رکھنے کیلئے تینوں کورونا اسپتالوں میں پی ایس اے کاپلانٹ بھی تیار رکھا گیا ہے۔
 انہوں نے بتایا کہ اس کے ساتھ ہی اندرا گاندھی سب ڈسٹرکٹ اسپتال میں لکویڈمیڈیکل آکسیجن پلانٹ شروع کرنے کیلئے تیاری مکمل کر لی گئی ہے،جسے ضرورت پڑنے پر فوری طور پر شروع کردیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ کورونا سے متاثر مریضوں کی کمی کے باعث ملازمین کو ویکسی نیشن کے کام پر لگادیا گیا ہے جنہیں ضرورت کے مطابق مریضوں کے علاج معالجے پر دوبارہ بلالیا جائے گا۔اس کے ساتھ ہی کارپوریشن کے ذریعہ ۱۲۰؍ڈاکٹروں اور نرسوں کاانٹرویو لیا جاچکا ہے، ضرورت پڑنے پر انہیں بھی کام پر بلایا جائے گا۔ڈاکٹر کھرات نے بتایا کہ مریضوں کی ٹیسٹنگ کیلئے روزانہ ۵۰۰؍کی گنجائش والا آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ  اور اینٹی جن ٹیسٹ بھی تیارہے۔
خوف زدہ ہونے کے بجائے سختی سے احتیاطی تدابیر اختیار کریں
 میونسپل کمشنر سدھاکر دیشمکھ نے کورونا کی نئی قسم سے خوف زدہ ہونے کے بجائے کورونا قوانین پر عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اومیکرون وائرس کے خطرے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے حکومت نے رات ۹؍ بجے سے صبح۶؍ بجے تک لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔ حکومت کا خیال ہے کہ صحت کی حفاظت کے لئے لاک ڈاؤن ضروری ہے۔لاک ڈاؤن کے دوران ضروری خدمات، میڈیکل اسپتال، ایمبولنس وغیرہ کے علاوہ تمام تجارتی اداروں کو بند کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK