اگر ضابطۂ اخلاق نافذ ہونے سے قبل ابھے یوجنا (ٹیکس معافی اسکیم) کا اعلان کیا جائے تو وصولی میں دو گنا بہتری آ سکتی ہے۔
EPAPER
Updated: November 02, 2025, 10:03 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
اگر ضابطۂ اخلاق نافذ ہونے سے قبل ابھے یوجنا (ٹیکس معافی اسکیم) کا اعلان کیا جائے تو وصولی میں دو گنا بہتری آ سکتی ہے۔
میونسپل حدود میں جائیداد ٹیکس وصولی رواں مالی سال کے ابتدائی ۶؍ ماہ میں انتہائی مایوس کن ثابت ہوئی ہے۔ موصولہ اعداد و شمار کے مطابق کارپوریشن اب تک صرف ۲۹؍کروڑ۳۵؍ لاکھ ۸۹؍ ہزار روپے ہی وصول کر پائی ہے، جو مجموعی ہدف کا نہایت قلیل حصہ ہے۔ اس سست رفتار وصولی نے کارپوریشن کی مالی حالت پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق میونسپل حدود میں حدود میں تقریباً ڈھائی لاکھ جائیدادیں رجسٹرڈ ہیں، جن پر ٹیکس عائد کیا جاتا ہے۔ ان کی وصولی کے لئے۵؍ پربھاگ دفاتر میں تقریباً۷۵؍ ملازمین تعینات ہیں لیکن ملازمین کے تبادلوں، انتظامی سستی اور متوقع میونسپل انتخابات کی تیاریوں نے وصولی مہم کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ بھیونڈی میونسپل انتخابات کے اعلان کا امکان جلد ہےاور نومبر کے تیسرے ہفتے میں ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کا قوی امکان ہے۔ انتخابی عمل میں مصروف عملے کے باعث ٹیکس وصولی تقریباً رک گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو مالی سال کے اختتام تک کارپوریشن کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ممکن نہیں ہوگا۔ انتظامیہ کے بعض ذمہ دار حلقوں نے تجویز پیش کی ہے کہ اگر ضابطۂ اخلاق نافذ ہونے سے قبل ابھے یوجنا (ٹیکس معافی اسکیم) کا اعلان کیا جائے تو وصولی میں دو گنا بہتری آ سکتی ہے۔ کارپوریشن کے ایک ٹیکس اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سب سے زیادہ بقایہ دار رہائشی عمارتوں کے مالکان ہیں۔ ان کے خلاف کارروائی کے لئے محکمہ آب رسانی سے پلمبر طلب کئے گئے تھے تاکہ پانی کے کنکشن منقطع کر کے دباؤ ڈالا جا سکے مگر محکمے سے تعاون نہ ملنے کے باعث کارروائی التواء کا شکار ہے۔