Inquilab Logo

بھیونڈی:میونسپل کارپوریشن کے صدر دروازے پر کچرا پھینک کراحتجاج

Updated: July 30, 2020, 10:42 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

نظام پور کے کارپوریٹربہاء الدین نے انتباہ دیا کہ عید الاضحی سے قبل صفائی میں تساہلی کی گئی توکارپوریشن کے سامنے کچرے کا انبار لگادیں گے

Bhiwandi Garbage Issue
بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کے باہر کچرا پھیلا ہوا دیکھا جاسکتاہے

یہاں عید الا ضحی سے قبل صاف صفائی اور کچرااُٹھانے میں تساہلی سے برہم کارپوریٹر فراز بہاءالدین نےمیونسپل کارپوریشن کے صدر دروازے پر کچراپھینک کرشدید احتجاج کیا۔ فرازبہاءالدین نے انتباہ دیا کہ اگر آج شام سے شہر کا کچرا اُٹھنا شروع نہیں ہوا تو وہ کارپوریشن کے سامنے کچرے کاڈھیر لگادیں گے۔ ڈپٹی میونسپل کمشنر(ہیڈ کواٹرز)دیپک ساونت نے یقین دلایا کہ بدھ کی شام سے ہی شہر سے کچرا اُٹھنا شروع ہوجائے گا۔
 انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے کارپوریٹر فرازبہاءالدین (بابا)نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن نے شہر سے کچرا اُٹھا کر ڈمپنگ گراؤنڈ میں پھینکنے والی گھنٹہ گاڑی کےٹھیکیداروں کا ۵؍سے۶؍ماہ کا بل روک دیا ہےجس پر احتجاج کرتےہوئےگھنٹہ گاڑی ٹھیکیداروں نے ۱۰؍روز قبل ایک روز کی علامتی ہڑتال کرکے کارپوریشن کو وارننگ دی تھی کہ اگر ان کی ادائیگی نہیں کی گئی تو وہ ہڑتال پر چلے جائیں۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کاتہوار سر پر ہونے کے سبب میںنے میونسپل کمشنر ڈاکٹر پنکج آشیاسے درخواست کی کہ آپ کسی بھی طرح سے یہ ہڑتال نہ ہونے دیں۔پیر کی شام بھی میں نےکمشنر صاحب کو فون کرکے بتایاکہ منگل سے گھنٹہ گاڑی کے ٹھیکیدار ہڑتال پر جارہے ہیں۔اس وقت بھی کمشنر نے یقین دلایا کہ ایسا کچھ نہیں ہوگا۔لیکن منگل سے گھنٹہ گاڑیوں نے شہر سے کچرا اُٹھانا بند کردیا۔منگل اور بدھ ۲؍دنوں سے کچرا نہ اُٹھانے سے شہر میںہرجانب کچرے کے ڈھیر لگنا شروع ہوگئے ہیں۔ جس کے سبب شہر میں گندگی اور تعفن بڑھ گیا ہے ۔شہر جیسے کچرے کی کنڈی میں تبدیل ہوتا جارہا ہے۔عید سر پر ہونےکے باوجود جب میونسپل کارپوریشن نے کچرے کو اُٹھانے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا تومیں نے آج کارپوریشن کےصدردروازے پر کچرا پھینک کر انتظامیہ کو بیدار کرنے کی کوشش کی۔کارپوریٹرفراز بابا نے بتایا کہ ان کے احتجاج پر ڈپٹی میونسپل کمشنر(ہیڈ کواٹرز)دیپک ساونت نے یقین دلایا ہے کہ آج شام۴؍بجے سے شہر کا کچرا اُٹھنا شروع ہوجائے گا۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر شہر سے کچرا صاف نہیں کیاگیا تو وہ کارپوریشن کے سامنے کچرے کا ڈھیر لگا کر احتجاج کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK