Inquilab Logo

بھیونڈی:راجیو گاندھی فلائی اوور مرمت کیلئے بند

Updated: March 24, 2021, 12:08 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

ایس ایم سی انفرااسٹرکچر پرائیویٹ لمیٹیڈ کو ٹھیکہ دیا گیا، ۴؍ ماہ میں کام مکمل ہونے کی امید

Rajiv Gandhi Flyover
راجیو گاندھی فلائی کو آج سے ٹریفک کےلئے بند کر دیا گیا ہے۔

یہاں آج (بدھ)سے راجیو گاندھی فلائی اوور سے آمد ورفت کو مکمل طور پر بند کرکے اس کی مرمت کاآغاز کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ اس کی مرمت میں۴؍ماہ لگ سکتے ہیں۔ مرمت کا ٹھیکہ  ایس ایم سی  انفرااسٹرکچر پرائیویٹ لمیٹیڈ تھانے کو ۶؍کروڑ۸۱؍لاکھ ۷۳؍ ہزار ۲۱۰؍ روپے میں دیا گیا ہے۔ٹھیکیدار کمپنی کے ذریعہ فلائی اوور کے اوپر کا ڈامر نکال کر۸۰؍ایم ایم موٹا آر سی سی سلیب ڈالنے کے ساتھ ساتھ اس کے اوپر ڈامرماسٹک ڈالا جائے گا۔ اس کے علاوہ پل کے سبھی ایکسپانشن جوائنٹ کے ساتھ ساتھ بیئرنگ کی بھی مرمت کی جائے گی۔فلائی اوور کو بند کرنے سے شہریوں کو ٹریفک کا عذاب جھیلنا پڑے گا تاہم شہریوں کو امید ہے کہ مرمت کے بعد اس فلائی اوور سے بڑی گاڑیوں کی آمد ورفت کی اجازت دینے کے بعد انہیں ٹریفک کے سنگین مسئلے سے نجات ملنے کی اُمید ہے۔
 واضح رہےکہ کلیان ناکہ سے ونجار پٹی ناکہ تک ٹریفک کی سنگین صورتحال کے پیش نظر بھیونڈی نظام پورشہرمیونسپل کارپوریشن نے رامیشور مندر سے  لے کر باغ فردوس مسجد تک تقریباً  سواکلومیٹر طویل راجیو گاندھی فلائی اوور تعمیر کیاتھا۔میسرس جئے کمار اینڈ کمپنی کے ذریعہ ۲۰۰۳ء سے ۲۰۰۶ء تک ،۳؍ برسوں میں تعمیر کیا گیا۔ اس کاتخمینہ ۱۴؍کروڑ ۹۴؍لاکھ ۵۵؍ہزار ۳۲۱؍روپے تھا۔فلائی اوور مکمل ہوتے ہوتے اس کا خرچ ۷؍کروڑ روپے بڑھ گیاجس کے بعد اس کی مجموعی لاگت ۲۱؍کروڑ۹۷؍لاکھ۶۲؍ہزار ۶۸؍روپے تک پہنچ گئی۔اس فلائی کاافتتاح ۳۰؍اپریل۲۰۰۶ء کواُس وقت کے وزیراعلیٰ آنجہانی ولاس راؤ دیشمکھ نے کیا تھا۔ 
   فلائی اوور بننے کے بعد سے ہی میونسپل کارپوریشن نے اس کی دیکھ بھال میں لاپرواہی کی ، جس کے نتیجے میں فلائی اوورمحض ۱۳؍ برسوں میں ہی اس قدر خستہ حال ہو گیا  کہ ۵؍ ستمبر۲۰۱۸ء کوراجیو گاندھی فلائی اوور کا وہ حصہ ٹوٹ کرنیچے گرگیا جہاں مسلسل کئی برسوں سے بارش کا پانی جمع ہوتاتھا۔ فلائی اوورکاملبہ گرنے کے بعدانتظامیہ نے اس کی مرمت کیلئے اسے ۲؍ ہفتوں کیلئے بند کردیا تھا اور پل کا جو حصہ ٹوٹ کر گر گیا تھا اس کے اطراف کے خستہ حال حصہ جو گرنے والا تھا اسے نکال کر وی جے ٹی آئی کے ماہر انجینئرز کے مشورے پراسے کانکریٹ اور واٹر پروف بنایا گیا تھا۔   انجینئرز کی فائنل رپورٹ آنے تک انتظامیہ نے گنیش اتسواور محرم جیسے تہواروں کے موقع پر پریشان شہریوں کوراحت پہنچانےکے مقصد سے۲۱؍ ستمبر ۲۰۱۸ء کو عجلت میں اس فلائی اوور کی عارضی مرمت کے بعداسے ٹریفک کیلئے کھول دیاتھا۔تاہم وی جے ٹی آئی نے اپنی فائنل رپورٹ میں راجیو گاندھی فلائی اوور کو خستہ حال قرار  دے کر پورے فلائی اوور کی مرمت کا مشورہ دیا تھا ۔ اس کے بعد میونسپل کارپوریشن نے جون ۲۰۱۹ء میں اس پر سے بڑی گاڑیوں کی آمد ورفت کو مکمل طور پر بند کردیا تھا جو اب تک جاری تھا۔
 مرمت کے بعد شہریوں کو اُمید ہے کہ فلائی اوور ایک مرتبہ پھر چھوٹی بڑی گاڑیوں کیلئے کھول دیا جائے گا جس کے سبب ٹریفک سے بے حال شہریوں کو کچھ حد تک راحت مل سکے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK