Inquilab Logo

بھیونڈی : کچرا اٹھانے والی گاڑیوں پر پتھراؤ

Updated: November 05, 2022, 9:09 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

مقامی افراد ٹھیکہ داروں کے ذریعے پروسیس کرنے کے بجائے اسے جلانے پر برہم،۲؍دنوں سے کچرا نہ اٹھانے سے ناراضگی

Local Samajwadi Party leaders giving memorandum to Municipal Commissioner.
سماجوادی پارٹی کے مقامی لیڈران میونسپل کمشنر کو میمورنڈم دیتے ہوئے۔

 شہر کے مختلف علاقوں سے روزانہ نکلنے والے تقریباً ۴۵۰؍ ٹن کچرا پرائیویٹ ٹھیکیداروں کے ذریعہ چاوندرا کے ڈمپنگ گراؤنڈ میں پھیکا جاتا ہے۔ ڈمپنگ گراؤنڈ میں ٹھیکیدار کے ذریعہ کچرے کی پروسیسنگ کے بجائے اسے جلانے سے  ناراض شہریوں نے کچرا اٹھانے والی گاڑیوں پر پتھراؤ کر کے زبردست احتجاج کیا۔  مقامی شہریوں نے کچروں کے دھوئیں کو صحت کیلئے انتہائی نقصان دہ قرار دیکر ڈمپنگ گراؤنڈ میں کچرے کی گاڑیوں کو داخلہ ممنوع قرار دے دیا ہے   جس کے باعث ۲؍ روز سے شہر کے مختلف  علاقوں سے کچرا نہیں اٹھایا گیا۔ 
   معلوم ہو کہ ڈمپنگ گراؤنڈ کے قریب چاوندرا ، گائتری نگر، نائیگاؤں، رام نگر اور پوگاؤں کے علاقوں میں بڑی تعداد میں لوگ رہائش پذیر ہیں۔  ڈمپنگ گراؤنڈ میں کچرا جلانے اور وہاں آئے دن آگ لگنے سے اس کے آلودہ دھوئیں سے مقامی شہریوں میں سانس کی بیماری میں اضافہ ہو گیا ہے۔  اس کے ساتھ ہی بارش کے دوران ڈمپنگ گراؤنڈ سے نکلنے والے آلودہ اور کیمیکل ملے پانی کی وجہ سے چاوندرا اور پو گاؤں کے کسانوں کی ۵۰؍ایکڑ سے زیادہ زرعی زمین بنجر ہو گئی ہے۔ کسانوں کو ان کا معاوضہ بھی نہیں ملتا  جس کی وجہ سے ان کی کاشتکاری سے ہونے والی آمدنی بھی ختم ہو گئی۔ سماجی کارکن اننتا پاٹل پچھلے کئی برسوں سے ڈمپنگ گراؤنڈ کو بند کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ 
 معلوم ہوکہ میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ  شہر کے مختلف علاقوں سے کوڑا اٹھا کر ڈمپنگ گراؤنڈ تک لے جانے اور اس کو پروسیس کرنے کیلئے آر اینڈ بی انفرا پروجیکٹ پرائیویٹ لمیٹڈ  نامی  نجی کمپنی کو ۱۲۲۹؍روپے فی ٹن کی شرح سے ۶؍سال کے لئے ٹھیکہ دیا گیا ہے۔ اس کے عوض کارپوریشن ہر سال ۲۲؍کروڑ ۷۵؍لاکھ روپے سے زائد رقم نجی کمپنی کو دی جاتی ہے۔ اس کے باوجود کچرا اٹھانے والے ٹھیکیدار ڈمپنگ گراؤنڈ میں کچروں کے پروسیس میں تساہلی اور مجرمانہ لاپرواہی کررہی ہے۔
  ڈمپنگ گراؤنڈ کے قریب رہنے والے کسانوں کا کہنا تھا کہ ٹھیکیداروں کی جانب سے کچرے کی پروسیسنگ نہ ہونے کی وجہ سے بارش کے دوران اس کا آلودہ پانی کھیتوں میں بہہ جاتا ہے  جس کی وجہ سے ان کی کھیتی برباد ہو چاتی ہے۔  مزدوروں کی ایک بڑی تعداد ڈمپنگ گراؤنڈ کے آس پاس کی جھوپڑی میں رہتی ہے۔  مزدوروں نے بتایا کہ کچرا اٹھانے والی گاڑیاں اتنی تیزی سے چلتی ہیں کہ آئے دن حادثات ہوتے رہتے ہیں۔  وہاں موجود ایک خاتون نے بتایا کہ گزشتہ سال کچرا اٹھانے والے ڈمپر ڈرائیور کی لاپرواہی کے باعث ڈمپر ان کی جھوپڑی میں ہی گھس گیا تھا  جس کے ملبے میں دب کر ان کا شوہر ہلاک ہو گیا۔ 
۲؍ دنوں سے کچرا نہ اٹھانے سے ناراضگی  
 بھیونڈی شہر ضلع سماجوادی پارٹی نے ۲؍ دنوں سے شہر سے کچرا نہ اٹھانے پر  ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے ضلعی جنرل سیکریٹری جاوید انصاری کے ساتھ ایک وفد نے میونسپل کمشنر سے ملاقات کی اور انہیں ایک میمورنڈم دیا جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ ٹھیکیدار کی جانب سے شہر کے بیشتر علاقوں میں  دوسرے اور تیسرے دن کچرا اٹھایا جاتا ہے  جس کی وجہ سے کچرا سڑک کے کنارے پڑا رہتا ہے۔ اس کی بدبو سے شہری پریشان رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچرا نہ اٹھانے پر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ٹھیکیدار پر ۲۰۰؍روپے فی پوائنٹ جرمانہ عائد کیا جاتا ہے  لیکن ٹھیکیدار کی صفائی اہلکاروں کے ساتھ ملی بھگت ہونے کی وجہ سے  اس پر کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ۔
    جاوید انصاری نے میونسپل کمشنر سے روزانہ کچرا اٹھانے کا مطالبہ کیا ۔ کچرا اٹھانے والے ٹھیکیدار ریحان خان نے بتایا کہ کچرے کو پروسیس کیا جاتا ہے  لیکن بارش کے باعث  کام روک دیا گیا۔  فضلے کی پروسیسنگ دوبارہ شروع کی جائے گی۔  انہوں نے بتایا کہ گاڑیوں پر پتھراؤ کرنے والوں کے خلاف میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کارروائی کی جائے گی۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK