Inquilab Logo

بھیونڈی:شہر کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے کارپوریٹ سیکٹر کا سہارا

Updated: December 06, 2022, 10:28 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

ٹورینٹ پاور کمپنی نے کلیان ناکہ سے آئی جی ایم اسپتال تک سڑکوں کے درمیان پیڑ پودے لگا کرخوبصورت بنانے کا منصوبہ بنایا ہے

Tree plantation at the empty space under the bridge was inaugurated by Torrent Power Company
بریج کے نیچے خالی جگہ پر پیڑ پودے لگانے کا ٹورینٹ پاور کمپنی کی جانب سے افتتاح کیا گیا

 شہر کو سرسبز و شاداب رکھنے اور ماحول کو آلودگی سے بچانے کیلئے شہر میں فرنچائزی طرز پر بجلی فراہم کرنے والی ٹورینٹ پاور کمپنی نے راجیو گاندھی فلائی اوور کے نیچے سڑکوں کے درمیان خالی  زمین پر پیڑ پودے لگا کر خوبصورت بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ٹورینٹ پاور کمپنی کے ذریعہ سی ایس آرفنڈ(کارپوریٹ سوشل رسپانسبلیٹی فنڈ) سے کلیان ناکہ پر واقع راجیو گاندھی چوک سے اندرا گاندھی سب ڈسٹرکٹ اسپتال تک تقریباً ۲؍ ہزار مربع میٹر کے علاقے کو خوبصورت بنائے گی۔ جس کا افتتاح میونسپل کمشنر وجے کمار مہسال نے کیا۔ 
 واضح رہےکہ شہرمیں صاف صفائی کے فقدان کے سبب ہر طرف کچرا اور گندگی پھیلی ہوئی ہے۔سڑکوں سے اڑنے والے گردوغبار کے باعث شہریوں کا سڑک پر چلنا مشکل ہو گیا ہے۔ دوسری جانب شہر میں ٹریفک جام کے مسئلے سے چھٹکارا پانے کیلئے بنائے گئے فلائی اوور کے نیچے گاڑیاں کھڑی کرنےاور ٹھیلہ گاڑیوں سمیت دیگر دکانداروں کی جانب سے غیرقانونی قبضہ کرلیا گیا ہے۔  کارپوریشن کی جانب سے اس قبضہ کو اکثر و بیشتر ہٹا دیا جاتا ہے لیکن  اس کے بعد اس پر دوبارہ قبضہ کر لیاجاتا ہے۔اسے  دیکھتے ہوئے ٹورینٹ پاور کمپنی نے فلائی اوور کے نیچے پیڑ پودے لگا کر شہر کو خوبصورت بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔
 ٹورینٹ پاور کمپنی کے اے جی ایم سدھیر دیشمکھ نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں کمپنی کی جانب سے راجیو گاندھی چوک سے لے کر آئی جی ایم اسپتال تک تقریباً پونے ۲؍ ہزار مربع میٹر میں درخت اور پودے لگاکر بیوٹیفکیشن کیا جائے گا۔ پیڑ پودوں کی حفاظت کیلئے دونوں جانب آہنی جالیوں سے ڈھانپ دیا جائے گا۔ ان میں درخت اور پودے لگانے کے ساتھ ساتھ اس میں بیٹھنے کیلئے بینچ بھی رکھی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹورینٹ پاور کمپنی فلائی اوور کے نیچے ایک چھوٹا سا باغ تیار کرنے کا سارا خرچ برداشت کرے گی  لیکن اس کی سیکوریٹی کی ذمہ داری میونسپل انتظامیہ کی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی کی جانب سے شہر کی خوبصورتی کیلئے یہ تجربہ ۵؍ سال کیلئے  کیا جا رہا ہے۔ اگر کمپنی کا یہ تجربہ کامیاب ہوا تو کمپنی کی جانب سے شہر کے دیگر فلائی اوورز کے نیچے کے حصوں کو بھی خوبصورت بنانےکا کام کیا جائے گا۔
 اس موقع پرمیونسپل کمشنر وجے کمار مہسال نے بتایا کہ فلائی اوور کے نیچے کے علاقے کی خوبصورتی میں لینڈاسکیپ گارڈن، واکنگ ٹریک، پودے اور بلاک لگانا، بیٹھنے کیلئے بینچ فراہم کرنا، ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب اور مکمل ایم ایس گرل کی تنصیب وغیرہ شامل ہیں۔ ان کی ۵؍ سال تک رکھ رکھاؤ ٹورینٹ پاور کے ذریعہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ کام۲؍ ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔اس  موقع پر ٹورینٹ پاور کمپنی کے جنرل منیجر ابھیجیت کالے،اے جی ایم سدھیردیشمکھ،پی آر اوچیتن بادیانی ، ڈپٹی میونسپل کمشنر دیپک جھنجاڈ اور محکمہ ٹریفک کے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر تکارام جوشی موجود تھے۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK