Inquilab Logo

بھیونڈی:لفٹ گرنے سے مزدور کی موت،۴؍افراد کیخلاف معاملہ درج

Updated: December 05, 2022, 9:11 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

۱۰؍دنوں میں کارخانے اور زیر تعمیر عمارت میں نصب لفٹ گرنے سے ۳؍افراد ہلاک ہوچکے ہیں،شہریوں کا انتظامیہ پر لاپرواہی برتنے کا الزام

The elevator in which one person died due to cable breakage.
وہ لفٹ جس کا تار ٹوٹنے سے ایک شخص کی موت ہوگئی۔

 یہاں انتظامیہ کی لاپرواہی کے سبب کارخانوں، گوداموں،عمارتوں اور زیر تعمیر عمارتوں میں لگائی گئی لفٹ جان لیوا ثابت ہو رہی ہیں۔ گزشتہ ۱۰؍ دنوں میں ۲؍ لفٹ گرنے سے ۳؍ مزدور جاں بحق ہو چکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مرمت نہ ہونے اور اوور لوڈ ہونے کی وجہ سے لفٹ ٹوٹنے کے حادثات میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس کے باوجود انتظامیہ ایسے حادثات کی روک تھام میں بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
 پولیس کے مطابق بھیونڈی کے کھونی گاؤں میں ہنس مکھ دیا بھائی پٹیل کاپاور لوم کارخانہ ہے۔ انہوںنے اس کارخانے کی عمارت کی بالائی منزل سے سامان کی لوڈنگ اور اَن لوڈنگ کیلئے لفٹ لگائی گئی ہے۔ تقریباً۵۰؍ فٹ اونچی لفٹ لگانے کیلئے کسی قسم کی اجازت نہیں لی گئی تھی۔ اس لفٹ سے اوپر کی منزل پر سامان لوڈ کرتے ہوئے اچانک لفٹ ٹوٹ گئی جس کی وجہ سے لفٹ میں مال لے جانے والے مزدور پون کمار کیشو پرساد سہانی (۴۶) کی لفٹ کاتار ٹوٹنے سے دردناک موت ہو گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی نظام پور پولیس موقع پر پہنچی اور فیکٹری کے مالک ہنس مکھ دیا بھائی پٹیل اور لفٹ آپریٹر راجیش کمار شری کانت یادو اور دیگر ۲؍ لوگوں کے خلاف شکایت درج کی لیکن ابھی تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
۱۰؍دنوں قبل بھی لفٹ گرنے سے ۲؍مزدورہلاک ہوچکے ہیں
  اسی طرح ۱۰؍ روز قبل ملت نگر علاقہ کے ایک زیر تعمیر عمارت کی لفٹ ٹوٹنے کا حادثہ پیش آیا تھا جس میں ۲؍مزدور جاں بحق ہو گئے تھے۔شام کے وقت کام ختم کرکے مزدورلفٹ کے ذریعہ نیچے آرہے تھے کہ اچانک لفٹ کا وائر ٹوٹ گیا۔اس حادثے میں جلال الدین (۲۴) اور  اوم پرکاش( ۴۲) کی موت ہوگئی۔ حادثہ کے بعدنظام پورہ پولیس نے حادثاتی موت کا معاملہ درج کیا ہے۔ شہریوں نے تعمیراتی مقام پرمزدوروں کی حفاظت کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔شہریوں نے پولیس افسران سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی تحقیقات کے دائرے میں صرف ٹھیکیدار اور چھوٹے افراد کے بجائے  بلڈر، میونسپل کارپوریشن اور فائر بریگیڈ افسر کو بھی شامل کریں اور قصوروار پائے جانے والے افراد کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔
انتظامی غفلت اور اوورلوڈ کے باعث حادثات میں اضافہ؟
 اطلاع کے مطابق بھیونڈی میں سیکڑوں اونچی عمارتوں کے ساتھ ساتھ کئی کارخانوں اور گوداموں میں سامان کو لانے اور لے جانے کیلئے لفٹ لگائی گئی ہیں۔تاہم ذرائع سے پتہ چلتا ہے کہ چند کو چھوڑ کر مالکان نے یہ لفٹ شہری انتظامیہ  کی اجازت کے بنا اورسبھی قانونی اور ضروری حفاظتی خانہ پری کے بغیر لگائی گئی ہیں۔اسی طرح لفٹ کی بروقت دیکھ بھال اور وقت پر منٹیننس نہ کرانے اور اوور لوڈ کی وجہ سے لفٹ خستہ حال ہوجاتی ہیںلیکن مالکان کی اس کی مرمت اور ضروری حفاظتی انتظامات کی جانب دھیان نہ دینے سے لفٹ گرنے کے حادثات میں اضافہ ہورہا ہے۔  اس کے بعد بھی شہری انتظامیہ کی آنکھیں نہیں کھل رہی ہیںجس کی وجہ سےمستبل میں اس طرح کے حادثات سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK