Inquilab Logo

بائیڈن کا خوف پر اُمید ا ور جھوٹ پر سچ کو ترجیح دینے کا اعلان

Updated: April 30, 2021, 12:11 PM IST | washington

امریکی کانگریس سے نومنتخب صدر کا پہلا خطاب، اعلان کیا کہ امریکہ ایک بار پھر اُڑان بھرنے کو تیار ہے، کورونا اور ماحولیاتی تبدیلی کو بطور چیلنج قبول کیا

Joe Biden addressing a joint session of Congress for the first time as President.Picture:PTI
جو بائیڈن بطور صدر کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے پہلی بار خطاب کرتے ہوئے تصویرپی ٹی آئی

 ٹرمپ  کے دور صدارت میں امریکی قدروںکو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے عزم کے ساتھ  امریکہ کی مسند صدارت سنبھالنے والے جو بائیڈن نے بدھ کو  کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے پہلا خطاب کرتے ہوئے اپنی حکومت کی پالیسیوں کو واضح کیا اور یہ پیغام دیا کہ  امریکہ ایک بار پھر اٹھ کھڑا ہوا ہے  اور پوری دنیا کی قیادت کیلئے تیار ہے۔  اس دوران جو بائیڈن نے چین کے تعلق سے متنبہ بھی کیا کہ وہ تیزی سے آگے آرہاہے۔ 
 کورونا  اور  ماحولیاتی تبدیلی کو بڑا چیلنج قرار دیتےہوئے  جو بائیڈن نےروشن مستقبل کی امید  کے ساتھ  اعلان کیا ہے کہ ’’امریکہ خوف پر امید کو ،جھوٹ پر سچ کو اور اندھیرے پر روشنی کو ترجیح دیتے ہوئے  ایک بار پھر اٹھ کھڑا ہوا ہے ۔‘‘اپنی حکومت کے ابتدائی ۱۰۰؍ دنوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطرات کو امکانات میں، بحران کو مواقع میں اور رکاوٹ کو طاقت میں بدل دیا گیا ہے۔بائیڈن  نے ملک میں کورونا کی  وبا سے بچاؤ کیلئے سرکاری اقدامات، معیشت کی بحالی، معاشی مساوات اور  بندوقوں کے تشدد  کے خاتمے سمیت کئی اہم اقدامات کا اعادہ کیا ہے۔
 اپنی حکومت کے ابتدائی ۳؍ مہینوں کا احاطہ کرتے ہوئے  امریکی صدر نے کہا  ہے کہ ’’مجموعی طور پر اپنے پہلے۱۰۰؍  دنوں میں ہم نے اپنی جمہوریت پر لوگوں کے اعتماد کو بحال کرنے کے لیے کام کیا ہے۔ ہمیں یہ ثابت کرنا ہو گا کہ جمہوریت اب بھی کار گر ہے۔‘‘ بائیڈن نے یاد دہانی کرائی کہ  جب انہوں نے مسندصدارت سنبھالی تھی تب کورونا جیسی وبا کا سامنا تھا، ملک معاشی بحران سے گزر رہا تھا اور  امریکہ کی جمہوریت کو خانہ جنگی کے بعد بدترین حملے درپیش تھے۔ 
 امریکہ میں جمہوریت اور عالمی سطح پر امریکہ کے وقار کی بحالی   کا دعویٰ کرتے ہوئے امریکی صدر نے بتایا کہ ’’عالمی لیڈروں  سے بات چیت میں جو بات میں سب سے زیادہ سنتا ہوں وہ یہ ہے کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ امریکہ لوٹ آیا  ہے۔  مگر کتنے دنوں کیلئے؟‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں یہ دکھانا ہوگا کہ ہم نہ صرف لوٹ آئے ہیںبلکہ ہم یہاں  اس مقام پر قائم رہیں گے۔ ہم اکیلے نہیں ہوںگے بلکہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔ہمارے دور کو جن بحرانوں کا سامنا ہے، دنیا کا کوئی ملک ان کا اکیلے مقابلہ نہیں کرسکتا۔ دہشت گردی ہو، نیوکلیائی  پھیلاؤ کا معاملہ ہو یا نقل مکانی کا مسئلہ، سائبر خطرات ہوں، ماحولیات کی تبدیلی  کے سبب وجود میں آنےوالے مسائل ہوں  یا پھر موجودہ وبا، عالمی برادری کو مل کر ان کا مقابلہ کرنا ہوگا۔‘‘اس کے ساتھ ہی بائیڈن نے اپنے ہم وطنوں کو یاد دہانی کرائی کہ ان کی حکومت نے ٹیکہ کاری کا وعدہ پورا کردیا ہے۔

Joe Biden Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK