Inquilab Logo

کورونا کے تعلق سے بیداری لانے کیلئے بڑے برانڈس نے اپنے ’لوگو‘ تبدیل کردئیے

Updated: March 28, 2020, 11:16 AM IST | New Delhi

میکڈونالڈس ، فاکس ویگن ، آئوڈی ، کوکاکولا اور دیگرعالمی برانڈس نے ’سماجی دوری ‘ بنائے رکھنے کا پیغام دیا ،عوام سے ہر طرح کی احتیاط برتنے کی اپیل ۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

  کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملات پر قابو پانے کی کوشش دنیا کی ہر حکومت کررہی ہے ۔ اس سلسلے میں بیداری لانےکی کوششیں بھی مسلسل ہو رہی ہیں ۔ حکومتی سطح سے تو عوام کو بیدار کرنے کے اقدامات کئےہی جارہے ہیں اب صنعتی سطح پر بھی یہ اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اطلاعات ہیں کہ دنیا کے بڑے برانڈس نے عوام میں کورونا کے تعلق سے بیداری لانے اور ’سماجی دوری ‘ کو فروغ دینے کے لئے اپنے اپنے لوگو تبدیل کردئیے ہیں ۔ واضح رہے کہ کسی بھی کمپنی کا لوگو اس کی شناخت کا اہم حصہ ہو تا ہے۔ اسی وجہ سے اگر کوئی کمپنی اپنا لوگو تبدیل کرتی ہے تو اسے بہت بڑا قدم مانا جاتا ہے۔ اس بارے میں مشہور فوڈ چین میک ڈونالڈس کے انتظامیہ نے کہا کہ اپنے گاہکوں میں سوشل ڈسٹنسنگ کو فروغ دینے کے لئے ہم یہ قدم اٹھارہے ہیں ۔ اس سے عوام میں ایک مثبت پیغام جائے گا اور وہ بھی کورونا سے بچنے کے لئے سماجی دوری کی اہمیت کو سمجھیں گے۔ 
 مشہور کار برانڈ آئوڈی نے کہا کہ ہمارا لوگو ۵؍ براعظموں کےمیل جول کی نشانی ہے لیکن موجودہ حالات میں ہم نے اسے تبدیل کردیا ہے تاکہ کورونا کے تعلق سے ایک پیغام دیا جاسکے۔ اس بارے میں جرمن کار کمپنی فاکس ویگن کا کہنا ہے کہ سماجی دوری کا ہم خیر مقدم نہیں کرسکتے لیکن کورونا سے بچائو کے لئے یہ بہت ضروری ہے۔ اسی وجہ سے ہم نے اپنے لوگو میں تبدیلی کرکے عوام کو یہ پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ وہ بھی فی الحال سماجی دوری کی اہمیت کو سمجھیں اور ایک دوسرے سے دوری برقرار رکھیں تاکہ کورونا کو شکست دی جاسکے۔ اس سلسلے میں مشہور کولا برانڈ کوکا کولا نے بھی یہی پیغام دیا ہے اور اپنے برانڈ لوگو میں اس مقصد کے تحت تبدیلی کردی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK