Inquilab Logo

بہار اسمبلی انتخابات کا اعلان ، تین مرحلوں میں پولنگ ،۱۰؍نومبر کو نتائج

Updated: September 26, 2020, 6:02 AM IST | Mumtaz Alam Rizvi | New Delhi

اٹھائیس اکتوبر کو پہلے مرحلے کی پولنگ ،۳؍ نومبر کو دوسرے اور ۷؍ نومبر کو آخری مرحلے کی پولنگ ہو گی ،چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑا نے شیڈول کا اعلان کیا ، کہا کہ کورونا کے دور میں یہ دنیا کا پہلا بڑا الیکشن ہو گا ۔ رائے دہندگان کی حفاظت کیلئے انتظامات کا دعویٰ۔

Sunil Arora at the press conference. Photo: PTI
سنیل اروڑا پریس کانفرنس میں ۔ تصویر: پی ٹی آئی

کورونا کے دور میں ملک میں پہلی مرتبہ اسمبلی انتخابات ہونے جا رہے ہیں جس کو دنیا کا پہلا بڑا الیکشن بھی قرار دیا جارہا ہے ۔ ملک کے چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑا نے یہاں پریس کانفرنس کے ذریعہ بہار اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ رائے دہندگان کی صحت اور تحفظ کا خاص خیال رکھا جائے گا ۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہو گیا۔ چیف الیکشن کمشنر بتایا کہ کورونا کی وجہ سے اس مرتبہ بہار میں ۲۴۳؍ سیٹوں کے لئے صرف تین مرحلے میں انتخابات کرائے جائیں گے ۔ پہلے مرحلے کی پولنگ ۲۸؍ اکتوبر کو ہوگی ۔اس میں ۱۶؍ اضلاع کی ۷۱؍ اسمبلی سیٹوں کے لئے پولنگ کرائی جائے گی۔ دوسرے مرحلے کی پولنگ ۳؍ نومبر کوہوگی ۔ اس میں ۱۷؍ اضلاع کی کل ۹۴؍ سیٹوں پر پولنگ ہوگی جبکہ تیسرے اور آخری مرحلے کی پولنگ ۷؍ نومبر کو ہوگی ۔ اس میں ۱۵؍ اضلاع کی کل ۷۸؍ سیٹیں شامل ہیں جہاں پولنگ کرائی جائے گی۔ 
  سنیل اروڑا کے مطابق ۱۰؍ نومبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی اور نتائج کا اعلان کیا جائے گا ۔ان کے مطابق کورونا کے دور میں ملک کا ہی نہیں بلکہ دنیا کا یہ پہلا بڑا الیکشن ہونے جا رہا ہے اسی لئے رائے دہندگان کی صحت کے ساتھ ساتھ سیکوریٹی کا بھی پورا پورا خیال رکھا جائے گا ۔ انھوں نے کہا کہ پہلے ایک پولنگ بوتھ پر رائے دہندگان کی تعداد ۱۵۰۰؍ ہوتی تھی لیکن اس مرتبہ اس کو کم کرکے صرف ایک ہزار کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ سبھی مقامات پر صبح ۷؍ بجے سے شام ۶؍ بجے تک پولنگ کا وقت رکھا گیا ہے ۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ دنیا کے ۷۰؍ ممالک نے کورونا کےسبب الیکشن ملتوی کر د ئیے ہیں لیکن ہم نے الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا کیونکہ الیکشن عوام کا جمہوری حق ہے، اس لیے الیکشن کرانا ضروری ہے ۔ انھوں نے کہا کہ کسی کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہےکیونکہ کورونا کے پیش نظرکافی تیاری کی گئی ہے اور کئی ضروری قدم اٹھائے گئے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ اس مرتبہ سبھی پولنگ بوتھ گراونڈ فلور پرہوں گے۔ کورونا کے دور میں یہ سب سے بڑا الیکشن ہونےجا رہا ہے اس لئے اس مرتبہ ۶؍ لاکھ پی پی ای کٹ، ۴۶؍لاکھ ماسک، ۶؍لاکھ فیس شیلڈ، ۲۳؍ لاکھ گلوز، ۴۷؍ لاکھ ہینڈسینی ٹائزر کے انتظامات کئے گئے ہیں ۔
 چیف الیکشن کمشنر اروڑا نے بتایا کہ بہار میں ۷؍ کروڑ ۷۹؍رائے ہندگان ہیں ۔ان میں ۳؍کروڑ۳۹؍لاکھ خواتین رائے دہندگان ہیں ۔ انھوں نےکہاکہ جو کورونا کے مریض ہیں وہ بھی انتخابات کے آخری دورمیں ووٹنگ کر سکیں گےجبکہ سیاسی پارٹیاں گھرگھرجاکر انتخابات کی تشہیر کر سکتی ہیں لیکن ان کی تعداد صرف ۵؍ رکھی گئی ہے ۔ امیدوار کاغذات نامزدگی کے دوران صرف دو گاڑیاں ہی لے سکتے ہیں اور اگر کوئی امیدوار نہیں جانا چاہتا تو آن لائن بھی کاغذات داخل کئے جا سکیں گے۔انھوں نے کہا کہ انتخابات کا پرچار صرف ورچوئل طریقے سےہی ہوگاجبکہ بڑی عوامی ریلی نہیں ہو سکے گی ۔ الیکشن کمشنر نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کوئی بھی اگر معاشرے میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اس پر قانونی کارروائی ہوگی۔انھوں نے کہا کہ امیدواروں کو اپنے سلسلہ میں معلومات ویب سائٹ پر فراہم کرانی ہوگی ۔ واضح رہے کہ ۲۰۱۵ء میں بہار اسمبلی انتخابات ۷؍ مرحلوں میں کرائے گئے تھے لیکن اس مرتبہ صرف ۳؍ مرحلے میں کرائے جا رہے ہیں ۔ انتخابات کے اعلان کا سبھی پارٹیوں نے استقبال کیا ہے ۔حالانکہ پہلے کچھ پارٹیوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ انتخابات ملتوی کئے جائیں کیونکہ کورونا کا خطرہ لاحق ہے لیکن اب سب متفق ہیں ۔
الیکشن کمیشن کے اہم اعلانات 
 اس مرتبہ سبھی پولنگ بوتھ گراونڈ فلور پر ہوں گے ۔ ساتھ ہی ۶؍ لاکھ پی پی ای کٹ ، ۴۶؍لاکھ ماسک، ۶؍لاکھ فیس شیلڈ ، ۲۳؍ لاکھ گلوز ، ۴۷؍ لاکھ ہینڈ سینی ٹائزر کے انتظامات کئے گئے ہیں ۔ جو کورونا کے مریض ہیں وہ بھی انتخابات کے آخری دور میں ووٹنگ کر سکیں گے۔آن لائن بھی کاغذات نامزدگی داخل کئے جاسکیں گے۔ پرچار صرف ورچوئل ذریعہ سے ہی ہو سکے گا جبکہ بڑی عوامی ریلی نہیں ہو گی ۔سوشل میڈیا پر کوئی بھی اگر معاشرے میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اس پر قانونی کارروائی ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK