Inquilab Logo

بہار کی انتخابی مہم میں وزیر اعظم مودی اور راہل گاندھی کا داخلہ

Updated: October 24, 2020, 3:04 AM IST | Patna

وزیر اعظم مودی نے دفعہ کشمیر سے ۳۷۰؍ ہٹانے کا معاملہ اٹھایا، کہا کہ اپوزیشن اس فیصلے کو تبدیل کرنا چاہتا ہے ،لیکن اب ملک کسی بھی قیمت پر پیچھے نہیں ہٹے گا ۔

Tejaswi Yadav and Rahul Gandhi during the rally. Photo: PTI
تیجسوی یادو اور راہل گاندھی ریلی کے دوران ۔تصویر : پی ٹی آئی

بہار اسمبلی انتخابات کے لئے پہلے مرحلے کی ووٹنگ۲۸؍ اکتوبر کو ہے۔ اس سے پہلے بی جے پی کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) اور راشٹریہ جنتا دل کی قیادت والے عظیم اتحاد نے تیاریاں تیز کردی ہیں ۔ اسی ضمن میں وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی الگ الگ مقامات پر انتخابی ریلیاں ہوئیں ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے تین انتخابی جلسے کیے اور این ڈی اےکے امیدواروں کو فتح دلانے کی اپیل کی ۔ اس دوران انہوں نے آرجے ڈی اور کانگریس پر سخت حملہ کیا ہے۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بہار کی ترقی کی ہر اسکیم کو اٹکانے اور لٹکانے والے یہ لوگ ہیں ، جنہوں نے اپنے۱۵؍ سال کے اقتدار میں بہار کومسلسل لُوٹا۔ آپ نے بہت اعتماد کے ساتھ انہیں اقتدار سونپا تھالیکن انہوں نے اقتدار کو اپنی تجوری بھرنے کا ذریعہ بنا لیا جب بہار کے لوگوں نے انہیں اقتدار سے بے دخل کردیا اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو موقع دیا تو یہ بوکھلا گئے۔ اس کے بعد۱۰؍ سال تک ان لوگوں نے یوپی اے کی حکومت میں رہتے ہوئے بہار پر اور بہار کے لوگوں پر اپنا غصہ نکالا۔
  وزیر اعظم نےپوچھا کہ جموں کشمیر سےدفعہ۳۷۰؍ ہٹنے کا انتظار ملک برسوں سے کر رہا تھا یا نہیں ؟ اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم نے جواب دیا کہ یہ فیصلہ ہم نےکیا، این ڈی اے کی حکومت نےکیالیکن آج یہ لوگ اس فیصلے کو پلٹنے کی بات کر رہے ہیں ۔ یہ کہہ رہے ہیں کہ اقتدار میں آئے تو آرٹیکل۳۷۰؍ پھر نافذ کردیں گے۔ ان لوگوں کو آپ کی ضرورت سے کبھی سروکار نہیں رہا۔ ان کا مفاد صرف اپنی تجوری بھرنا ہے۔یہی وجہ ہےکہ بھوجپور سمیت پورے بہار میں طویل وقت تک بجلی، سڑک، پانی جیسی بنیادی سہولتیں دستیاب نہیں ہوسکی تھیں ۔

وزیر اعظم مودی اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار ریلی کے دوران ۔
کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے مودی اور نتیش کمار دونوں کو نشانہ بنایا ، کہا کہ کورونا میں دونوں ہی لیڈروں نے بہار کے مہاجر مزدوروں کو تنہا چھوڑ دیا تھا 
 کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی جمعہ کو انتخابی مہم کا آغاز کیا۔ راہل گاندھی نے نوادہ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر زبردست حملہ کیا۔راہل گاندھی نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم فوجیوں کی بات تو کرتے ہیں لیکن ان کے لئے کرتے کچھ بھی نہیں ۔ انہوں نے لاک ڈاؤں کے دوران مہاجر مزدوروں کی پریشانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی اور نتیش کمار نے غریب مزدروں کو بے سہارا چھوڑ دیا تھا ۔ ان کے لئے کچھ نہیں کیا بلکہ یہ اعلان کروادیا کہ بہار میں کسی کو بھی داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اس لئے اب عوام انہیں انتخابات میں جواب دیں گے۔ 
 راہل گاندھی نے اپنی تقریر کے آغاز میں ہی نتیش کمار اور وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے لوگوں سے پوچھا کہ ان کا بھاشن کیسا لگا؟ کانگریس لیڈر نے کہا کہ سوال شہیدوں کے سامنے سر جھکانے کا نہیں ہے، سوال یہ ہے کہ جب بہار کے فوجی شہید ہوئے تو ملک کے وزیر اعظم نے کیا کہا اور کیا کیا! تیجسوی یادو کے ساتھ نوادا میں مشترکہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وزیر اعظم مودی اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر زبردست حملہ کیا ۔راہل گاندھی نے لوگوں سے پوچھا کہ کیا مودی جی نے آپ کو روزگار دیا؟ پچھلے انتخابات میں بھی انہوں نے پیکیج دینے کی بات کی تھی، کیا وہ ملا؟راہل نے پوچھا کہ عوام کو نوٹ بندی سے کیا فائدہ ہوا؟ آپ نے جو پیسے جمع کئے کہاں گئے؟ اس سے صرف صنعتکاروں کا قرض معاف کیا گیا۔ انہوں نے لداخ میں سرحد کی حفاظت پر مامور یوپی اوربہار کے جوانوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعلق سے بھی وزیر اعظم نے کبھی ملک کو سچائی نہیں بتائی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK