Inquilab Logo

بہار ـ: سابق ڈی جی پی گپتیشور پانڈے کی نتیش کمار سے ملاقات

Updated: September 27, 2020, 4:46 AM IST | Agency | Patna

دس ؍ منٹ کی مختصر ملاقات کے بعد فی الحال کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہونے سے انکار کیا ۔ وزیرا علیٰ کی تعریف کی اور ان کا شکریہ ادا کیا

Gupteshwar Pandey - Pic : PTI
گپتیشور پانڈے جے ڈی یو آفس کے باہر ۔ ( پی ٹی آئی

بہار کے ڈی جی پی کے عہدے سے رضاکارانہ  طور پر سبکدوش ہونے والے گپتیشور پانڈے نے سنیچر کوجے ڈی یو کے قومی صدر اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ملاقات کی۔انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) کے۱۹۸۷ء بیچ کے افسر پانڈے نے جے ڈی یو کے ریاستی دفتر میں پارٹی کے قومی صدر اور بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار سے ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ نتیش کمار  سے ان کی  دوستانہ  ملاقات تھی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ جے ڈی یو میں شامل ہورہے ہیں تو انہوں نے کہا کہ وہ ابھی کسی پارٹی میں شامل نہیں ہو رہے ہیں۔
  پانڈے نے یہ بھی کہاـ: ’’میں وزیراعلی کمار کا شکریہ ادا کرنے آیا تھا۔ ڈی جی پی کے عہدے پر رہتے ہوئے انہوں نے مجھے کھل کر کام کرنے کا موقع فراہم کیا۔‘‘ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا :’’ ابھی الیکشن لڑنے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا ہوں۔ صرف باضابطہ طور پر وزیر اعلیٰ سے ملنے آیا تھا۔ ‘‘ پانڈے تقریباً ۱۰؍ منٹ جے ڈی یو کے دفتر میں رہے۔ اس دوران پارٹی کے کچھ دیگر سینئر لیڈر بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ پانڈے کی انڈین پولیس سروس سے رضاکارانہ  سبکدوشی کی درخواست کو محکمۂ داخلہ نے۲۲؍  ستمبر ۲۰۲۰ء  کو گورنر کے حکم سے منظور کرلیا تھا۔  اس کے بعد سے یہ کہا جارہا ہے کہ پانڈے اب سرگرم  سیاست میں حصہ لیں گے ۔  پانڈے نے محکمہ پولیس میں۳۳؍  سال خدمات انجام دیں۔ اس دوران انہوں نے سپرنٹنڈنٹ    پولیس سے لے کر ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس، انسپکٹر جنرل، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل تک کے سفر میں۲۶؍ اضلاع میں کام کیا۔   پانڈے کو۳۱؍ جنوری۲۰۱۹ء کو بہار کا ڈائریکٹر جنرل آف پولیس بنا دیا گیا تھا اور ان کی مدت ۲۸؍    فروری۲۰۲۱ء کو پوری ہونی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK