Inquilab Logo

بہارـ: سیلاب کے پیش نظر محکمۂ صحت الرٹ

Updated: June 15, 2021, 11:30 AM IST | Inquilab News Network | Patna

ریاست کے نشیبی علاقوں کیلئے تین درجن کشتیوں میں موبائل کلینک بنائی گئی، سیلاب کے دوران متاثرین کا علاج ہوگا کلینک پر ڈاکٹر کےساتھ اے این ایم اور پیرا میڈکس بھی رہیں گے۔نوزائیدہ اورحاملہ کی ٹیکہ کاری کا بھی انتظام

Muzaffarpur: A scene of evacuation from the flood-hit area. Picture:PTI
مظفر پور : سیلاب زدہ سے علاقہ سے نقل مکانی کا ایک منظر۔تصویر : پی ٹی آئی

بہار کے تقریباً۲؍ درجن اضلاع میں سیلاب کے امکان کے پیش نظر محکمہ صحت نے صحت سے متعلق ہر مسئلے کو حل کرنے کی حکمت عملی تیار کی ہے۔  محکمہ نے سیلاب سے متاثرہ آبادی کو بروقت علاج کی سہولیات کی فراہمی کے لئے کشتیوں پر موبائل کلینک قائم کی ہے۔ کشتیوں پر ۳؍درجن سے زیادہ موبائل کلینک قائم کردی گئی ہیں جو سڑک سے رابطہ منقطع ہونے کی صورت میں متاثرہ  افرادکے گھر علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرے گی۔ محکمہ صحت سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کشتیوں پر بنائی گئی موبائل کلینک کی نگرانی پر مامور افسران کو ہدایات دی گئی ہیں کہ یہ کلینک متاثرہ علاقوں میں مستقل گھومتی رہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر متاثرہ شخص کےگھر کے باہر اس کی صحت کی دیکھ بھال کی جا سکے۔ کشتیوں پر قائم موبائل کلینک میں دوا کے لئے بھی خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ یہ دوائیں  متاثرن مفت فراہم کی جائیں گی۔ محکمہ سے ملی معلومات کے مطابق کشتیوں پر بنائی گئی کلینک میں ڈاکٹر اور اے این ایم کے ساتھ پیرا میڈکس بھی   رہیں گے۔
؍۲۷؍ اضلاع میں سیلاب کا خطرہ  
  واضح رہےکہ ریاست کے تقریباً۲۷؍ اضلاع میں سیلاب کا خطرہ ہے۔ ان اضلاع میں تقریبا۲۳۳؍ بلاک اور ۲۱۰۰؍ سے زائد گرام پنچایتیں جزوی یا مکمل طور پر سیلاب سے متاثر ہوتی ہیں جس کی زد میں تقریباڈیڑھ کروڑ آبادی آتی ہے۔
نوزائیدہ اور حاملہ کی ٹیکہ کاری کابھی انتظام
 ڈیڑھ ماہ تک رہنے والے سیلاب کے دوران نوزائیدہ بچوں کے ساتھ حاملہ کو ٹیکہ لگانے کا عمل جاری رہے گا۔ بلاک سطح پر مامور اے این ایم اور آشا کارکنوں نے پہلے ہی ان خاندانوں کی نشاندہی کی ہے جہاں بچہ پیدا ہوا ہے اور جن گھروں میں  حاملہ ہیں۔ سیلاب کی صورت میں بھی شناخت  کئے گئے بچوں اور حاملہ کی بروقت ٹیکہ کاری جاری رہے گی۔ 
زچگی کا بھی انتظام
 ٹیکہ کاری کے ساتھ ہی ڈیلیوری  کے انتظامات بھی محکمہ صحت کی طرف سے کئےگئے ہیں۔ اس مقصد کے لئے باقاعدہ میٹرنٹی ہٹ بھی بنائے گئے ہیں۔ممکنہ سیلاب کے پیش نظر محکمہ صحت مکمل طورپر الرٹ موڈ میں ہے اور پہلے سے ہی صحت سے متعلق تیاریوں میں سرگرم ہے ۔ محکمہ صحت کی کوشش ہے کہ سیلاب کے سبب کسی مریض کی علاج میں کوئی پریشان نہ ہو اس لئے کشتیوں پر موبائل کلینک بنائی گئی ہے۔
نتیش کمار بھی میٹنگ کرچکےہیں
   مئی کے آخر میں جون کے پہلے ہفتے میں بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار  سیلاب سے نمٹنے کیلئے   افسران اور عوامی نمائندوں سےعلاحدہ علاحدہ میٹنگ کرچکے ہیں ۔اس دوران   عوامی نمائندوں  نے گزشتہ تجربات کی روشنی میں اپنے   علاقے کی صورتحال کے بارے میں بتایا اور سیلاب سے نمٹنے کیلئے تجو یز پیش کی ۔  نتیش کمار نے متعلقہ محکمہ کو ہدایت دی ہے کہ سیلاب کی صورت میں پشتوں کی نگرانی کے لئے خصوصی احتیاط برتی جانی چاہئے۔ اس کے لئے گشت کا کام باقاعدگی سے کرنا چاہئے۔ ان کے مطابق نگرانی  کرنے والی ٹیم کو خصوصی تربیت دی جانی چاہئے۔ محکمہ آبی وسائل کو اس کو یقینی بنانا چاہئے۔ سیلاب زدہ علاقوں میں کشتیوں کمی نہیں ہونی چاہئے۔ نتیش کمار نے بھی کہا تھا کہ   بارش کے بعد سیلاب کی وجہ سے بچوں کو گڑھے میں ڈوبنے کے خدشات کے پیش نظر خصوصی مہم چلا ئی جائے  تاکہ بچوں کے ڈوبنے کے واقعات ہوں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK