Inquilab Logo

بہار:کانگریس دفتر پر محکمہ انکم ٹیکس کا چھاپہ،دفتر کے باہرکار سے۸؍لاکھ برآمد

Updated: October 24, 2020, 7:00 AM IST | Asfar Faridi | Patna

دفتر کے باہر نوٹس چسپاں کیا،کانگریس نے سوال اٹھائے،کہا:بی جے پی، جی ڈی یو اتحاد الیکشن ہار رہا ہے اس لئے ایسی حرکتیں کی جارہی ہیں ۔

Chaos during the income tax raid. Photo: INN
انکم ٹیکس کے چھاپے کے دوران افراتفری۔ تصویر: آئی این این

کانگریس کے ریاستی دفتر صداقت آشرم کے باہر انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے چھاپہ ماری کر کے ۸؍ لاکھ روپے برآمد کیے ہیں ۔اطلاع کے مطابق شام قریب ۵؍ بجے آئی ٹی اہلکاروں نےچھاپہ ماری کرکے اشوک سنہا نامی شخص کی گاڑی سے۸؍لاکھ روپے برآمد کیے ہیں ۔ البتہ آئی ٹی کی طرف سے خبر لکھے جانے تک اس کی تفصیل عام نہیں کی گئی ہے کہ کتنے پیسے برآمد ہوئے ہیں ۔ اس دوران آئی ٹی نےصداقت آشرم کے صدر دروازےپرنوٹس چسپاں کیا ہے۔جس وقت چھاپہ ماری کی گئی اس وقت بہار کانگریس کے انچارج شکتی سنگھ گوہل بھی صداقت آشرم میں موجود تھے۔ انہوں نے اس سلسلے میں ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیسے صداقت آشرم سے باہر کسی گاڑی سے برآمد ہوئےہیں ، دفتر کے احاطے سے نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جےڈی یو بی جے پی گٹھ بندھن بہار میں الیکشن ہار رہا ہے۔ شکتی سنگھ گوہل نے کہا کہ ’’میں گجرات سے ہوں اور جانتا ہوں کہ جب جب یہ ہار رہے ہوتے ہیں تو وہ طریقے اپناتےہیں جس کی جمہوریت میں کوئی جگہ نہیں ہے۔‘‘ کانگریس جنرل سیکریٹری نے کہا کہ انکم ٹیکس والےکہہ کر ہمیں نوٹس دینے آئے ہیں کہ صداقت آشرم کے باہر گاڑی سے رقم ملی ہے۔ لیکن نوٹس دینے سے پہلے وہ اس سوال کا جواب نہیں دے پائے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے اجازت ہےکہ نہیں ۔جب انکم ٹیکس والے نوٹس دے رہے ہیں تو ہم نےانہیں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ ہم نے ان سے کہا ہے کہ آپ کو جو چاہیے ، وہ ہم دیں گے کیونکہ کالا دھن تو سارا بی جے پی کے پاس ہے۔ ہم تو نہ یہاں اقتدار میں ہیں اور نہ ہی دہلی میں ہماری حکومت ہے۔ شکتی سنگھ گوہل نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطوں کے مطابق ہم فی امیدوار ۳۰؍ لاکھ روپے تک دے سکتے ہیں ، لیکن ہم ابھی تک ۲۰؍ لاکھ سے زیادہ آرٹی جی ایس نہیں کرسکے ہیں ۔ کانگریس لیڈر نے کہا’’ہم نے واضح طور پر کہا ہے کہ آپ صداقت آشرم کاکونا کونا چھان لیں ، ایک بھی غلط پیسہ نہیں ملے گا کیونکہ ہمارے پاس کالا دھن نہیں ہے۔
 لوٹ پاٹ شروع: مانجھی
 صداقت آشرم کے باہر انکم ٹیکس کی چھاپہ ماری کے معاملے میں اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ہندوستانی عوام مورچہ کے صدر جیتن رام مانجھی نے کہا کہ بہار میں حکومت بنانے سے پہلے ہی مہاگٹھ بندھن کے لیڈران لوٹ پاٹ کرنے لگے۔ انکم ٹیکس مہاگٹھ بندھن کے لیڈروں کےیہاں چھاپے ماری کرے تواربوں روپےملیں گے۔بہارکے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مہاگٹھ بندھن والے لوٹ اور گھوٹالوں کے پیسے سے الیکشن لڑرہے ہیں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK