Inquilab Logo

بہار : ایک بار پھر مکمل لاک ڈاؤ ن کا اعلان

Updated: July 15, 2020, 12:59 PM IST | Agency | Patna

سولہ جولائی سے۳۱؍ جولائی تک ریاستی ہیڈکوارٹر ، ضلع ہیڈکوارٹر ، ضلع سب ڈویژن اور بلاک ہیڈکوارٹر کے ساتھ ساتھ نگر نگم کے علاقوں میں لاک ڈاؤن کی پابندیا ں نافذ ہوں گی ۔ فی الحال دیہی علاقوں کو ۱۵؍ روزہ لاک ڈاؤن سے باہر رکھا گیا ہے

Covid Center Patna - Pic : PTI
دارالحکومت پٹنہ کا ایک کووڈ سیمپل مر کز ۔ ( پی ٹی آئی

بہار میں کورونا انفیکشن کی روک تھام کیلئے ریاستی حکومت نے  دیہی علاقوں کو چھوڑ کر پوری ریاست میں۱۶؍ سے۳۱؍ جولائی تک لاک ڈاؤن  کےنفاذ کا فیصلہ کیا ہے ۔
  اس سلسلے میں منگل کو  اطلاعات اوررابطہ عامہ محکمہ کے سیکریٹری انوپم کمار نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ منعقدہ پریس کانفرنس میں کہاکہ منگل کو ہنگامی حالات سے نمٹنے سے متعلق کمیٹی  کی  میٹنگ میں۱۶؍ جولائی سے۳۱؍ جولائی  تک ریاستی ہیڈکوارٹر ، ضلع ہیڈکوارٹر ، ضلع سب ڈویژن  اور بلاک ہیڈکوارٹر کے ساتھ ساتھ نگر نگم علاقوںمیں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس دوران ضروری اشیاء کے سوا سبھی خدمات بند رہیں گی ۔
  انوپ کما رنے بتایاکہ ریاست میں۳۱؍ جولائی تک لاک ڈاؤن کی مدت میں پرائیوٹ اداروں ، پرائیوٹ دفاتر  اور عوامی ٹرانسپورٹ کو مکمل بند کیا گیا ہے لیکن ضروری اور لازمی خدمات سے متعلق اداروں کو اس حکم سے باہر رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران طبی خدمات ، ٹیلی مواصلات ، خوراک، کرانہ کی دکان ، میڈیکل  اسٹور، پھل ، سبزی کی دکانیں ، ڈیری ، رسوئی گیس ایجنسی ، پیٹرول پمپ ، سی این جی اسٹیشن ، بینک ، اے ٹی ایم، ڈاک گھر ، کوریئر خدمات ، ای کامرس خدمات  نیز پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا اس حکم سے متاثر نہیں ہوںگے ۔
  پریس کانفرنس میں ٹرانسپورٹ سیکریٹری سنجے اگروال ، ہیلتھ سیکریٹری لوکیش کمار سنگھ اور ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل آف پولیس ( ہیڈکوارٹر ) جتندر کمار بھی شامل تھے۔ اس دوران ٹرانسپورٹ سیکریٹری سنجے اگروال نے بتایاکہ اس مدت میں کارگو گاڑی ،ایمبولینس ، ضروری اور ایمرجنسی خدمات سے متعلق گاڑیوں کی آمدورفت کی اجازت ہوگی ۔ ساتھ ہی سرکاری کاموں متعلق گاڑیوں کی آمدورفت کو بھی اس حکم سے الگ رکھا گیا ہے۔ موٹر گیراج اور سڑک کے کنارے ڈھابے کھلے رہیںگے لیکن وہاں بیٹھ کر کھانے کی اجازت نہیںہوگی ۔ کھانا پیک کرواکر لوگ اپنی گاڑی میں کھاسکتے ہیں۔
  اگروال نے مزید بتایاکہ ٹرین اور ہوائی جہازکی آمدورفت مرکزی حکومت کے رہنما اصول کے مطابق حسب سابق جاری رہے گی۔ عوامی اور نجی بسیں نہیں چلیںگی ۔ ٹیکسی ، آٹورکشا اور  سائیکل رکشا کے آمدورفت کی اجازت ہوگی۔ ان کے مطابق دفتر اور جن سرگرمیوں کو لاک ڈاؤن سے الگ رکھا گیا ہے وہاں تک آنے جانے کیلئے پرائیوٹ گاڑیوں کے استعمال کی اجازت دی گئی ہے ۔ اس کے لئے کسی پاس کی ضرورت نہیں ہوگی۔  آمد روفت کیلئے صرف اپنے کام سے متعلق شناختی کارڈ دکھا نا ہوگا ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK