Inquilab Logo

بہار پولیس سشانت سنگھ کے سابق منیجر کی خودکشی معاملے کی بھی تحقیقات کریگی

Updated: August 03, 2020, 5:45 AM IST | Agency | Mumbai

داکارسشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے کیس کی تحقیقات کیلئے بہار پولیس بھی ممبئی میں ڈیرہ ڈالے ہوئے ہے۔این ڈی ٹی وی کے مطابق اب بہار پولیس سشانت سنگھ کے سابق منیجر دشا سالین کی موت کی بھی تحقیقات کرے گی

SP Patna City - PIC : Sameer Markandey
پٹنہ شہر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ونئے تیواری ۔ تصویر : سمیر مارکنڈے

داکارسشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے کیس کی تحقیقات کیلئے بہار پولیس بھی ممبئی میں ڈیرہ ڈالے ہوئے ہے۔این ڈی ٹی وی کے مطابق اب بہار پولیس سشانت سنگھ کے سابق منیجر دشا سالین کی موت کی بھی تحقیقات  کرے گی۔ واضح رہے کہ سشانت سنگھ کے والد نے اپنے بیٹے کی دوست اداکارہ ریا چکرورتی کے خلاف مبینہ طور پر ۱۵؍ کروڑ روپے اپنے بیٹے کے اکاؤنٹ سے منتقل کرنے اور اسے ہراساں کرنے کی شکایت درج کرائی تھی۔ یہ بھی یاد رہے کہ   دشا سالین (۲۴)نے ۸؍ جون کو ملاڈکی فلک بوس عمارت سے کود کر خودکشی کرلی تھی۔ اس کے ایک ہفتے کے اندر ہی سشانت سنگھ نے بھی خودکشی کرلی۔
  اس بارے میں پٹنہ کے انسپکٹر جنرل آف پولیس سنجے سنگھ نے کہا کہ ’’ہم سشانت سنگھ کے سابق منیجر دشا سالین کی خودکشی کی تفتیش بھی کرنے جارہے ہیں اور ہم اس کے دوست سدھارتھ پیتھانی سے سوالات کریں گے جو گزشتہ ایک سال سے اداکار کے ساتھ مقیم تھے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’سدھارتھ پیتھانی سے رابطہ کی اب تک کی کوشش کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔ ہمارے افسران ہر اس جگہ جارہے ہیں جن کا اس معاملے سے تعلق ہے۔ وہ سشانت سنگھ کی رہائش گاہ بھی گئے تھے اور اس پورے منظر کو دوبارہ کیا تھا تاکہ اس معاملے کو اچھے سے سمجھا جاسکے۔ آئندہ دنوں مزید افراد سے اس  معاملے میں سوالات کئے جانے کا امکان ہے۔‘‘ممبئی اور بہار پولیس کے ذریعے متوازی طورپرتفتیش سے سشانت سنگھ کی موت کا معاملہ پیچیدہ ہوگیا ہے۔
 اس بارے میں ممبئی ایئرپورٹ پر اتوار کو پٹنہ شہر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ونئے تیواری  نے کہا کہ ’’میں یہاں اپنی ٹیم کی نگرانی کیلئے آیا ہوں۔ ہم تمام ممکنہ زاویے کی تحقیقات کریں گے۔ ممبئی پولیس اپنے طریقے سے اس معاملے کی تفتیش کررہی ہے اور ہم اپنے طریقے سے کریں گے۔ اگر ضرورت ہوئی تو ہم بالی ووڈ کی ان شخصیات کے بیانات بھی ریکارڈ کریں گے جنہوں نے اپنے بیانات ممبئی پولیس کے پاس ریکارڈ کرائے تھے۔ انکوائری سے متعلق پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ  یہ کہنے کا  ابھی صحیح وقت نہیں ہے کہ بہار پولیس کو ممبئی پولیس سے تعاون نہیں مل رہا ہے۔
 دریں اثناء سپریم کورٹ اداکارہ ریاچکرورتی کی اس عرضی پر ۵؍ اگست کو سماعت کرسکتی ہے جس میں اس نے مالیاتی بے ضابطگی کے کیس کو پٹنہ سے ممبئی منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔بہار حکومت یقیناً اسے روکنے کی کوشش کرے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK