Inquilab Logo

بہار : پھر سردی آگئی مگر سیلاب متاثرین کو گھر لےجانے والے آئے ہی نہیں

Updated: November 26, 2020, 8:43 AM IST | Inquilab News Network | Sapol

سپول :کوسی ندی کی تباہی سے متاثر ہزاروںبے گھر خاندانوں کو ۱۲؍ برس بعد بھی چھت نصیب نہیں ہوئی ہے ، پشتے ہی پر پنا ہ لئے ہوئے ہیں ، حکومت مالی مدد نہیں کررہی ہے

Bihar
سپول:۲۰۰۸ء کے سیلاب سے بے گھر افراد کوسی پشتے پر پناہ لئے ہوئے ہیں۔

بہار کے ضلع سپول میں کئی بر س  پہلے سیلاب کی مار جھیلنے والے  اب تک در در کی ٹھو کریں کھارہےہیں ۔ انہیں ان کا ٹھکانہ نہیں ملا ۔ ہر سال طرح انہیں اس بار بھی سر د راتوں کا عذاب جھیلنا ہوگا۔ 
  ضلع کی کوسی ندی کی تباہی  سے متاثر ہزاروں خاندان گزشتہ۱۲؍برس سےسرائے گڑھ بھپٹیاہی بلاک کے علاقے میں پشتے پر پناہ لئے ہوئے ہیں۔ ان خاندانوں کے مالی معاوضے کیلئے حکومت اب بھی کچھ نہیں کررہی ہے اور اس کی وجہ سے ایسے  افراد کو زندگی گزارنے کے لئے کوئی دوسرا سہارابھی نہیں مل رہا ہے۔
 ۲۰۰۸ءمیں تباہ کن سیلاب اور کٹاؤ کے  سبب بنیان ، ڈھولی اور لوکہا پنچایتوں کے سیکڑوں کنبے بے گھر ہوگئے تھے ۔ بعدازاں وہ کوسی کے مشرقی پشتہ اور مغربی گائیڈ ڈیم پر چلے گئے تھے۔ بنیان پنچایت کے لوگ مکمل طور پر بے گھر ہوگئے تھے۔ پشتے کے مختلف حصوں پر رہنے والے لوگ  طویل عرصے سے بہت ساری پریشانیوں سے لڑرہے ہیں۔ حکومت نے مکان تعمیر کرنے کے لئے ان  کو ۳؍ سے ۵؍ ڈسمل تک زمین دی ہے لیکن بہت سے خاندان اس جگہ جانا نہیں چاہتے ہیں۔ بے گھر افراد کا کہنا ہے کہ ۳؍ڈسمل زمین پر ان کے کنبے کاگزارا ممکن نہیں ہے ۔ اتنی زمین پرایک یا ۲؍ مکان تعمیر کئے جاسکتے ہیں۔ پشتے کے مختلف مقامات پر رہنے والوں کا کہنا ہے کہ وہ سب حکومت کی دی گئی زمین  پر مکانات تعمیر کراسکتے ہیں لیکن فی الحال ان کنبے کیلئے زندگی گزارنے کی کوئی راہ دکھائی نہیں دیتی ہے لہٰذا پشتے کے کنارے پر رہنے ہی میں وہ  خودکومحفوظ سمجھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہاں رہ کرکم از کم اپنی زمین دیکھ توسکتے ہیں۔ ایسے افراد کا کہنا ہے کہ کنبہ کی دیکھ بھال بیرونی آمدنی پر منحصر تھی لیکن کووڈ ۱۹؍ سے پیدا شدہ حالات نے ان کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔  دوسری ریاستوںمیں رہنے  والے افراد اپنے گھرکو لوٹ چکے ہیں اور گھر آکر کوئی روزگار نہیں پا رہے ہیں۔  
 ان  کے مطابق  بہت سارے لوگ مختلف جگہوں پر پشتے کے کنارے پناہ لئے ہوئے ہیں لیکن حکومت ان کے مسئلے پر  توجہ نہیں دے رہی ہے۔پشتے کے مختلف مقامات پر پناہ لینے والے بے گھر خاندانوں کے لوگ ’ پردھان منتری آواس یوجنا اور دیگر اسکیموں سے محروم ہیں۔ وزیر اعظم رہائش گاہ اسکیم کے لئے خود کی زمین ہونالازمی ہے لیکن وہ سب سرکاری زمین  پر آباد ہیں لہٰذا انہیں یہ رقم نہیں دی جاتی ہے۔ اسی طرح ان کو  دوسری سہولیات بھی فراہم نہیں کی گئی ہیں کیونکہ وہ تمام پشتے پر رہتے ہیں۔

bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK