Updated: November 14, 2025, 10:06 PM IST
| New York
امریکی پاپ اسٹار بلی ایلش نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں ایلون مسک کی کھرب پتی حیثیت پر تنقید کرتے ہوئے دولت کی غیر منصفانہ تقسیم اور عالمی عدم مساوات پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے ایک سرگرم تنظیم کی معلومات شیئر کیں جن میں دکھایا گیا تھا کہ مسک اپنی بے پناہ دولت کے ایک حصے سے عالمی بھوک، صاف پانی کی فراہمی اور خطرے سے دوچار نسلوں کے تحفظ جیسے بڑے مسائل حل کر سکتے ہیں۔
مشہور پاپ اسٹار بلی ایلش نے سوشل میڈیا پر پوسٹس کی ایک سیریز میں دنیا کے پہلے کھرب پتی ایلون مسک پر تنقید کرتے ہوئے دولت کی شدید غیر مساوی تقسیم کی نشاندہی کی۔ اپنے انسٹاگرام اسٹوریز میں بلی نے مسک کیلئے سخت الفاظ استعمال کئے اور انہیں ’’انتہائی قابلِ افسوس‘‘ اور ’’بزدل‘‘ قرار دیا۔ ایلش نے ایک سرگرم گروپ ’’مائی وائس، مائی چوائس‘‘ کی تیار کردہ معلوماتی سلائیڈز شیئر کیں جن میں یہ بتایا گیا تھا کہ ایلون مسک اپنی بے مثال دولت کا ایک چھوٹا سا حصہ خرچ کرکے عالمی سطح پر بڑے مسائل حل کر سکتے ہیں۔ یہ پوسٹ ایک کیروسل کی شکل میں تھی، جس کی پہلی سلائیڈ میں ایلون مسک کی تصویر کے ساتھ لکھا تھا:’’ایلون مسک دنیا کے پہلے کھرب پتی بن گئے۔ وہ اپنی دولت کے ساتھ یہ سب کچھ کر سکتے ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ایپل نے آئی فون پاکٹ لانچ کیا، قیمت ۲۰؍ ہزار روپے، سوشل میڈیا پر ٹرول
آگے آنے والی سلائیڈز میں درج تھا کہ مسک اپنی دولت سے، دنیا میں بھوک ختم کرنے کیلئے ہر سال ۴۰؍ بلین ڈالر خرچ کر سکتے ہیں، اگلے سات سال تک دنیا بھر کیلئے ۱۴۰؍ بلین ڈالر میں صاف پانی کا محفوظ نظام قائم کر سکتے ہیں،اور صرف ۲۱؍ بلین ڈالر سالانہ خرچ کر کےخطرے سے دوچار ۱۰؍ ہزار ۴۳۳؍ نسلوں کو تحفظ فراہم کر سکتے ہیں۔ ایک اور سلائیڈ میں کہا گیا کہ ۲ء۵۳؍ بلین ڈالر میں مسک غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کی تعمیرِ نو ممکن بنا سکتے ہیں، اگرچہ اقوام متحدہ کا اندازہ غزہ کیلئے صرف ۷۰؍ بلین ڈالر سے زیادہ ہے۔ مزید یہ کہ اگر وہ چاہیں تو ۲؍ بلین ڈالر خرچ کر کے یوکرین اور شام کی تعمیر نو میں بھی مدد دے سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ: ۲۳۲؍ سال بعد کرنسی سکوں کی ڈھلائی بند، ظاہری قیمت سے زیادہ پیداواری لاگت اسکے پیچھے بڑی وجہ
بلی ایلش کی یہ پوسٹ ایسے وقت میں سامنے آئی جب ٹیسلا شیئر ہولڈرز نے مسک کیلئےایک تاریخی مالیاتی پیکیج منظور کیا جس کے بعد وہ دنیا کے پہلے کھرب پتی بن گئے۔ مسک کے اثاثوں کی موجودہ مالیت ۴۶۵؍ بلین ڈالر ہے، اور اگر وہ ٹیسلا کی مارکیٹ ویلیو کو ۴ء۱؍ ٹریلین سے بڑھا کر ۵ء۸؍ ٹریلین ڈالر تک لے جائیں، ۱۰؍ لاکھ ہیومنائیڈ روبوٹس فروخت کریں اور سیلف ڈرائیونگ سافٹ ویئر کے ۱۰؍ ملین ملین پیڈ سبسکرائبرز حاصل کر لیں، تو انہیں ایک ٹریلین ڈالر کے اسٹاک آپشنز ملیں گے۔ واضح رہے کہ بلی ایلش اس سے قبل بھی ارب پتیوں کی بڑھتی ہوئی دولت اور عوامی ضروریات کے درمیان موجود وسیع فرق کے خلاف آواز اٹھا چکی ہیں۔ گزشتہ ماہ ڈبلیو ایس جے انوویٹر ایوارڈز میں تقریبِ پذیرائی کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ ’’دنیا بہت مشکل دور سے گزر رہی ہے، لوگ پہلے سے زیادہ مدد کے محتاج ہیں۔ اگر آپ کے پاس دولت ہے تو اسے دوسروں کی بھلائی کیلئے استعمال کرنا چاہئے۔‘‘
اس تقریب میں مارک زکربرگ، پریسیلا چان، ہیلی بیبر اور جارج لوکاس جیسے بڑے نام موجود تھے۔ اسی اسٹیج پر ایلش نے اعلان کیا کہ وہ اپنے ’’ہٹ می ہارڈ اینڈ سافٹ‘‘ ٹور کی آمدنی میں سے ۵ء۱۱؍ ملین ڈالر مختلف تنظیموں اور خیراتی اداروں کو عطیہ کر رہی ہیں۔ اکتوبر ۲۰۲۵ء تک بلی ایلش کے اثاثوں کی مجموعی مالیت تقریباً ۵۳؍ ملین ڈالر ہے۔