Inquilab Logo

الیکٹورل بونڈ کا ۹۵؍فیصد حصہ بی جے پی کو ملتا ہے، اشوک گہلوت کا الزام

Updated: October 30, 2022, 9:56 AM IST | surat

گجرات کے ۴؍روزہ دورےپر سورت میںکانگریس لیڈر نےکہا:اگر دوسری پارٹی کو چندہ دیا گیاتو ای ڈی اور انکم ٹیکس افسران عطیہ دینے والےکے گھر پرپہنچ جاتے ہیں،کیجریوال پر بھی تنقید

Congress leader Ashok Gehlot can be seen among his supporters
کانگریس لیڈر اشوک گہلوت اپنے حامیوں کے درمیان دیکھے جاسکتے ہیں

:راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نےدعویٰ کیا ہےکہ الیکٹورل بانڈز کے ذریعے دیئے گئے کل عطیات کا۹۵؍فیصد حصہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو مل رہا ہے کیونکہ عطیہ دہندگان خوف کی وجہ سےدوسری پارٹیوں کو فنڈز فراہم نہیں کر رہے ہیں۔
 آئندہ گجرات اسمبلی انتخابات کیلئےکانگریس کی مہم کے ایک حصے کے طور پر سورت میں ایک پریس کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے، پارٹی کے سینئر لیڈرنےبی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ کارپوریٹس کو بھی ’دھمکی‘دے رہی ہے، جو کانگریس اور دیگر سیاسی جماعتوں کو چندہ دینا چاہتے ہیں۔
 انہوں نے عام آدمی پارٹی (آپ) اور اس کے سربراہ اروند کیجریوال کو بھی نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے خلاف کسی بھی منفی خبر کو دبانے کے لیے پیسہ خرچ کرتے ہیں۔انہوںنے کہا ’’اگرچندہ دوسری پارٹیوںکودیا گیا تو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ عطیہ دہندگان کے دروازے پر دستک دیں گے۔ ہماری جمہوریت میں چندہ بھی صرف ایک پارٹی کو جاتاہے۔انہوں نے کروڑوں روپے جمعکیے ہیں، جسے وہ ملک بھر میں پانچ ستارہ پارٹی کے دفاتر بنانے کیلئے استعمال کرتے ہیں۔‘‘
 انہوں نے دعوی کیا کہ ’’انتخابی بانڈ متعارف کرانےکےبعد، کل عطیات کا ۹۵؍ فیصد حصہ بی جےپی کوجا رہا ہے۔ ڈونرز خوف سے دوسری پارٹیوں کوپیسہ نہیں دے رہے ہیں۔ بی جے پی نے ایک ماڈل متعارف کرایاہے جس میں چندہ کے ذریعے جمع ہونےوالی رقم کو ریاستی حکومتوں کو تبدیل کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جیسا کہ انہوں نے مہاراشٹرا اور کرناٹک میں کیا۔‘‘
 حکمراں بی جے پی پر ’فاشسٹ‘ طاقت ہونے کا الزام لگاتے ہوئےگہلوت نے کہا کہ پارٹی کسی پالیسی،پروگرام یا اصولوں کے بجائے مذہبی خطوط پر الیکشن جیتتی ہے۔ انہوں نے کہا’’گجرات مہاتما گاندھی کی سرزمین ہے، لیکن یہاں تشدد اور بدامنی کا ماحول ہے۔یہ صورتحال جمہوریت کے لیے خطرناک ہے۔سماج کے تمام طبقے بی جے پی سے ناخوش ہیں۔اس حکومت کو بدلنے کا وقت آگیا ہے اور کانگریس نئی حکومت تشکیل دینے کے لیے تیار ہے۔‘‘ ریاستی بی جے پی کے لیڈر،ان کے الزامات کے تعلق سےتبصرہ کرنے کیلئے دستیاب نہیں تھے۔
 راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت،جو گجرات اسمبلی کے آئندہ انتخابات کیلئےکانگریس کے سینئر مبصرہیں، نے آپ اور اس کےقومی کنوینر اروند کیجریوال پر پیسے کے ذریعے میڈیا کو کنٹرول کرنے کا الزام بھی لگایا۔ انہوںنے کہا’’(اروند) کیجریوال جو کچھ کر رہے ہیں وہ  بھی جمہوریت کیلئے خطرناک ہے۔ وہ اپنے خلاف کسی بھی منفی خبرکو دبانے کے لیے پیسہ خرچ کرتے ہیں اور اپنےاعلانات لگاتار چلاتےہیں۔ ان کے ٹی وی انٹرویوزبھی جعلی ہیں۔  انھوں نے گزشتہ ۳؍ مہینوں میں ایسا ماحول بنایا کہ سب کچھ(ان کےحق میں) بدل گیاہے لیکن  یہ سچ نہیں ہے۔ لوگ ان کی چالوں کو جانتے ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK