Inquilab Logo

’’بی جے پی نے عام آدمی پارٹی کے امیدوار کواغوا کرلیا‘‘

Updated: November 17, 2022, 9:33 AM IST | ahmedabad

گجرات الیکشن میں ’ آپ‘ کے امیدوار کو گھسیٹ کر لے جاتے ہوئے ویڈیو وائرل ، پارٹی لیڈروں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی والوں نے انہیں زبردستی نام واپس لینے پر مجبور کیا

Manish Sisodia (right) and Arvind Kejriwal both blamed the BJP (file photo).
منیش سیسودیا ( دائیں) اور اروندکیجریوال دونوں ہی نے بی جے پی پر الزام عائد کیا ( فائل فوٹو)

گجرات اسمبلی انتخابات کے دوران  بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے درمیان رسہ کشی جاری ہے اور دونوں ہی پارٹیاں ایک دوسرے پر الزام لگانے میں دریغ نہیں کر رہی ہیں۔  بدھ کو عام آدمی پارٹی  نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے ان کی ایک خاتون امیدوار کو اغوا کر لیا ہے۔ بعد  میں اس امیدوار نے الیکشن سے اپنا نام بھی واپس لے لیا۔ پارٹی نے اسے بی جے پی کی غنڈہ گردی قرار دیا ہے۔  
 گجرات الیکشن میں عام آدمی پارٹی کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے امیدوار نامزد کئے گئے ایشودان گڑھوی  نے بدھ کو ایک ٹویٹ کیا جس میں انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے سورت ( مشرق) سے عام آدمی پارٹی کے امیدوار کنچن زری والا کو اغوا کر لیا ہے۔ ان کے ساتھ ان کا پورا خاندان غائب ہے۔ یشودان گڑھوی نے لکھا کہ ’’بی جے پی  عام آدمی پارٹی سے  سے اتنی خوفزدہ ہے کہ اس نے غنڈہ گردی پر اُتر آئی ہے۔‘‘ آگے وہ کہتے ہیں’’ بی جے پی والے کچھ دنوں سے سورت(مشرق) سے الیکشن لڑنے والے عام آدمی پارٹی کے امیدوار کنچن زری والا  کا پیچھا کر رہے تھے اور آج وہ لاپتہ ہیں۔ مانا جا رہا ہے کہ بی جے پی کے غنڈے انہیں اٹھا لے گئے ہیں۔ ‘‘ گڑھوی کا دعویٰ ہے کہ ’’ان کا خاندان بھی لاپتہ ہے۔ بی جے پی کہاں تک گرے گی؟  
 دوسری طرف عام آدمی پارٹی کے ترجمان   راگھو چڈھا نے ایک ویڈیو شیئر کیا ہے جس میں عام آدمی پارٹی کے امیدوار کنچن زری والا کئی لوگوں سے گھرے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ وہ سب ان کے ساتھ کھینچا تانی کر رہے ہیں۔ ان میں پولیس والے بھی شامل ہیں۔ ویڈیو میںیہ نہیں سمجھ میں آ رہا ہے کہ پولیس والے زری والا کی مدد کر رہے ہیں یا انہیں کھینچنے والوں کا ساتھ دے رہے ہیں۔  راگھو چڈھا نے کہا کہ’’ دیکھ لیجئے! کس طرح بی جے پی کے غنڈے اور پولیس والے مل کر سورت (مشرق) سے ہمارے امیدوار کو گھسیٹتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کے دفتر لے جا رہے ہیں اور انہیں اپنا نام واپس لینے پر مجبورکر رہے ہیں۔‘‘
 سینئر لیڈروں کا رد عمل
  دیکھتے ہی دیکھتے یہ معاملہ اس قدر طول پکڑ گیا کہ اس پر عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈروں نے بھی بیان جاری کئے۔  ’  آپ‘ کے  سینئر لیڈر اور رکن پارلیمان سنجے سنگھ نے بھی   ایک ویڈیو شیئر کیا اور  کرتے ہوئے لکھا، ’’گجرات میں الیکشن ہو رہے ہیں یا جمہوریت کا کھلے عام گلا گھونٹا جا رہا ہے۔ سورت ایسٹ کے امیدوار کنچن زری والا کل سے لاپتہ ہیں۔ ویڈیو میں موجود لوگ بی جے پی سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان پر ایکشن لے کر امیدوار کا سراغ لگایا جا سکتا ہے۔ بی جے پی نے انتخابات سے قبل شکست تسلیم کر لی ہے۔ اب وہ امیدوار کو اغوا کر رہی ہے۔ اس کے بعد دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سیسودیا نے بھی ٹویٹ کیا۔ سیسودیا نے اپنے ٹویٹ میں الیکشن کمیشن کو بھی ٹیگ کیا تھا۔  انہوں نے لکھا کہ ’’ ایک امیدوار کو اغوا کر لیا گیا۔ اسے بندوق  دکھا کر الیکشن سے اپنا نام واپس لینے پر مجبور کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کیلئے اس سے بڑی ہنگامی صورتحال اور کیا ہوگی؟‘‘ سیسودیا نے کہا’’ ہم الیکشن کمیشن کے پاس آئے ہیں یہ درخواست لے کر کہ وہ جلد از جلد کارروائی کرے۔‘‘  بعد میں اروند کیجریوال نے خود بھی اس معاملے میں ٹویٹ کیا اور بتایا کہ کنچن زری والا کل شام سے غائب ہیں آج انہوں نے اپنا نام الیکشن سے واپس لے لیا ہے ، تو کیا واقعی وہ اغوا کر لئے گئے ہیں؟ 
  الیکشن کمیشن نے منیش سیسودیا کے ٹویٹ کے جواب میں کہا ہے کہ اس نے یہ معاملہ چیف الیکشن کمشنر کے سپر د کر دیا ہے اور اس معاملے کی پوری چھان بین کی جائے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK