Inquilab Logo

جھارکھنڈ  میں بی جےپی لیڈر نے گھریلو ملازمہپر ظلم کی انتہا کردی، ویڈیو وائرل ، پارٹی سے معطل

Updated: August 31, 2022, 11:19 AM IST | ranchi

’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘ مہم کی ریاستی کنوینر نے ۲۹؍ سالہ ملازمہ کو گھر میں قید رکھا، زبان سے فرش صاف کروایا،گندگی تک چاٹنے پر مجبور کیا، سلاخ سے دانت توڑ ڈالے اور گرم توے سے چہرے کو داغا

Housekeeper Sunita is undergoing treatment at the hospital.
گھریلو ملازمہ سنیتا اسپتال میں زیر علاج۔

: جھارکھنڈ  میں بی جےپی کی  سینئر لیڈر اور ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر بی بی پاترا کی بیوی سیما پاترا جوبی جےپی کی سینئر لیڈر بھی ہیں  پر اپنی گھریلو ملازمہ کو برسوں گھر میں قید رکھنے،  زبان سے فرش صاف کروانے، پیشاب تک چاٹنے  پر مجبور کرنے،  لوہے کی سلاخ سے مار کر دانت توڑ دینے اور گرم توے سے چہرے کو داغنے  کے سنسنی خیز الزامات عائد ہوئے ہیں۔
 سیما پاترا کے مظالم    کا انکشاف اس وقت ہوا جب ان کے بیٹے نے اس کا تذکرہ وویک نامی اپنے دوست سے کیا ۔ وویک  نے فوری طور پر پولیس کو اس کی اطلاع دی جس نے سیما پاترا کے گھر پہنچ کر سنیتا نامی  ۲۹؍ سالہ ملازمہ کو نہ صرف ظالم بی  جےپی لیڈر کے چنگل سے آزاد کرایا بلکہ اسے اسپتال داخل کیا۔ وویک ریاستی سیکریٹریٹ میں  ملازم ہیں جنہوں نے ضلع مجسٹریٹ کو ان مظالم سے آگاہ کیا اور پھر ضلع مجسٹریٹ نے پولیس کے توسط سے کارروائی کرروائی۔ 
  سنیتا کا علاج ریمس میں چل رہا ہے جہاں  سے اس کاویڈیو بھی وائرل ہواہے۔ ویڈیو میں اس کی حالت کو دیکھ کر اس پر ہونے والے  مظالم کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتاہے۔ سنسنی خیز اور دل کو دہلا دینے والی اس واردات کے منظر عام  پرآنے کے بعد سیما پاترا کی گرفتاری کا مطالبہ کیا جارہاہے جبکہ زعفرانی پارٹی نے انہیں فوری طور پر معطل کردیا ہے۔ سیما  پاترا کے فیس بک پروفائل کے مطابق جھارکھنڈ  میں ’’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘ مہم کی کنوینر تھیں جبکہ زعفرانی پارٹی کی خواتین سے متعلق مرکزی ورکنگ کمیٹی کی  رکن تھیں۔معاملے کے منظر عام پر آتے ہی سیمانے اپنے اوپر عائد ہونے والے الزامات کو جھوٹ پر مبنی بتایا اور کہا کہ ان کا بیٹا آیوشمان ( جس نے  سنیتا کی حالت زار اپنے دوست کو بتائی )ذہنی مریض ہے۔  دوسری طرف پولیس نے بتایا کہ سنیتا کا تعلق آدیواسی سماج سے ہے جو ۱۰؍ برسوں سے پاترا کے ہاں ملازمت کررہی تھی۔  پولیس نے سنیتا پر ہونے والے مظالم کے تعلق سے خاموشی اختیار کی اور کہا کہ ابھی جانچ کی جارہی ہے۔دوسری طرف کانگریس نے اس معاملے میں فوری کارروائی کی مانگ کی ہے۔  بہرحال ۲۹؍ سالہ سنیتا کا اسپتال سے جو ویڈیو وائرل ہوا ہے وہ دل دہلادینے والا ہے۔  اس کے  جسم پر جابجا زخموں کے نشان دیکھے جاسکتے ہیں۔  میڈیا رپورٹس  کے مطابق سیما پاترا کی بیٹی  جب ملازمت کے سلسلے میں دہلی منتقل ہوئی تو سنیتا کو بھی بطور نوکرانی اس کے ساتھ بھیجا گیا ۔ سنیتا کے مطابق جب وہ واپس رانچی آئی تو اس پر ظلم کی انتہا کردی گئی۔ اس نے اپنے گاؤں واپس  جانے کی اجازت مانگی مگر مبینہ طورپر سیما پاترا نے اسے ایک کمرے میں قید کردیا اور پھر ظلم کا لامتناہی سلسلہ شروع ہوگیا۔ سنیتا نےا س بات کا اعتراف کیا کہ پاترا کے بیٹے نےا س کی مدد کی اوراسی کی وجہ سے وہ زندہ بھی ہے۔ 

bjp leader Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK