Inquilab Logo

اگنی پتھ کیخلاف احتجاج سے بی جےپی پریشان، سینئر لیڈروں کو دفاع کی ذمہ داری

Updated: June 18, 2022, 1:32 PM IST | Agency | New Delhi

راج ناتھ، امیت شاہ اور فوجی سربراہ نے نوجوانوں کو اسکیم سے فیض یاب ہونے کی تلقین کی مگر مظاہروں پر کوئی اثر نہیں، بی جےپی لیڈروں کے املاک کو بھی نشانہ بنایاگیا، اتحادی جے ڈی یو نے بھی نظر ثانی کا مطالبہ کیا

 Young people protesting against the Agneepath scheme.Picture:INN
اگنی پتھ اسکیم کے خلاف نوجوان احتجاج کرتے ہوئے۔ احتجاج کی وجہ سے بی جےپی اور حکومت دونوں کے ہاتھ پاؤں پھول گئے ہیں۔ تصویر: آئی این این

فوج میں بھرتی کی ’گنی پتھ ‘ اسکیم کے خلاف  پورے  ملک میں جس طرح آگ لگ گئی ہے اور نوجوان سڑکوں پر اتر آئے ہیں اس نے  بی جےپی کو پریشان کردیا ہے۔ پارٹی نے بلند بانگ دعوؤں اور سبز خواب دکھاتے ہوئے جاری کی گئی  مودی سرکار کی اس اسکیم کے دفاع کی ذمہ داری سینئر وزیروں اور پارٹی کے سینئر لیڈروں کوسونپ دی ہے جس  کے بعد جمعہ کو اکثر لیڈروں نے اسکیم کو عوام کے حق میں فائدہ مند بتاتے ہوئے مظاہروں کا ٹھیکرا اپوزیشن کے سر پھوڑنے کی کوشش کی۔ انہوں  نے الزام لگایا کہ مودی سرکار کی اسکیم کے تعلق سے اپوزیشن  کے ذریعہ پیدا کی گئی غلط فہمی کی وجہ سے نوجوان سڑکوں  پر اتر آئے ہیں۔ 
 جلد بھرتی شروع ہونے کا اعلان
  مظاہروں کے دوران وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ کورونا وبا کی وجہ سے بھرتی سے محروم رہ جانے والے طلبہ جلد ہی شروع ہونے والی اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کیلئے اپنی تیاری شروع کر دیں۔راج ناتھ سنگھ  نے اس اسکیم کو   نوجوانوں کے مستقبل کے تئیں وزیراعظم کی فکر مندی کا نتیجہ قرار دیا اوراس کیلئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے میں نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ فوج میں بھرتی کا عمل چند دنوں میں شروع ہونے والا ہے۔ اس کے لیے  اپنی تیاریاں شروع کردیں۔  
  فوجی سربراہ نے بھی اپیل کی
  احتجاجی مظاہروں کے درمیان فوجی سربراہ  جنرل منوج پانڈے نے بھی کورونا کے سبب گزشتہ ۲؍برسوں سے بھرتی سے محروم جوانوں  سے اپیل کی کہ وہ فوج میں شامل ہونے کے اس موقع سے استفادہ کریں ۔  جنرل پانڈے نے   بھی عمر کی حد میں اضافے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ  اس حساس فیصلے سے ان  محب وطن نوجوانوں کو موقع ملے گا جو کورونا  کی بنا پر فوج میں بھرتی  سے محروم رہ گئے تھے۔ جنرل پانڈے  نے کہا کہ فوج میں اگنی وروں کی بھرتی کے تفصیلی شیڈول کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ 
 بی جےپی لیڈروں کی املاک پر حملے
  اس بیچ بی جےپی کی اتحادی جے ڈی  یو نے بھی حکومت ہند سے اگنی پتھ اسکیم پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا ہے۔دوسری طرف مظاہروں میں لگاتار تیسرے دن کوئی کمی نہیں آئی۔   اہم بات یہ ہے کہ مظاہرین ملک بھر میں بی جےپی  کے دفاتر اور پارٹی کے لیڈروںنشانہ بنارہے ہیں۔  جن لیڈروں پر حملہ ہوا ان میں بہار کی  ایم ایل اے ونئے بہاری قابل ذکر ہیں جن کی گاڑی کو نشانہ بنایاگیا۔ اس کے علاوہ بیتیا ضلع میں بی  جےپی کے  ریاستی صدر سنجے جیسوال  کے گھر پر حملہ کیا۔اس کے علاوہ  بی جےپی کے دفاتر پر متعدد مقامات پر حملے کئے گئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK