Inquilab Logo Happiest Places to Work

آخری رسومات کیلئے بی ایم سی کی آن لائن بکنگ سہولت

Updated: July 19, 2025, 11:15 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

بُکنگ سے متعینہ وقت پر تدفین اور آخری رسومات ادا کرکے انتظار سے بچاجاسکتا ہے۔ قبرستان میں دستیاب خالی جگہ کی تفصیل آن لائن نظر آئے گی

When booking online, a time will be set for the last rites at the cemetery or crematorium. (File photo)
آن لائن بکنگ کرنے پرقبرستان یا شمشان بھومی میں آخری رسومات کیلئےوقت متعین کیا جائےگا۔(فائل فوٹو)

 بی ایم سی نے شہریوں کی سہولت کیلئے تمام مذاہب کے ماننے والوں کیلئے اپنی دیکھ ریکھ والی جگہوں پر آخری رسومات ادا کرنے کے لئے آن لائن رجسٹریشن شروع کیا ہے جس کے ذریعہ تدفین وغیرہ کیلئے بکنگ کرکے وقت کی بچت کی جاسکتی ہے یعنی بکنگ کرلینے پر انتظار کئے بغیر متعینہ وقت پر آخری رسومات ادا کرنے کا موقع مل جائے گا۔ اس دوران جن لوگوں کے پاس انٹرنیٹ کی سہولت نہیں ہے یا جو آن لائن کارروائیوں سے نابلد ہیں ان کیلئے آف لائن سہولت بھی جاری رہے گی۔ 
 اس سہولت کا مقصد مشکل وقت میں شہریوں کو انتظار سے بچانا، سہولت فراہم کرنا اور قبرستان اور شمشان وغیرہ کے اسٹاف اور شہریوں کے درمیان بہتر تال میل پیدا کرنا ہے۔
 برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے سنیچر، ۱۹؍ جولائی سے یہ سہولت شروع کردی ہے جسے ’کریمیٹوریم مینجمنٹ سسٹم‘ نام دیا گیا ہے اور شہری انتظامیہ کی ویب سائٹ https://portal.mcgm.gov.in پر جاکر اس میں (For Citizen) ’فار سٹیزن‘ کے کالم پر کلک کرنےپر (Apply) ’اپلائی‘ کے عنوان سے ایک فہرست نظر آئے گی۔اس فہرست میں سب سے اخیر میں (Funeral Registration Portal) (فیونرل رجسٹریشن پورٹل) پر کلک کرنا ہے۔ اس پر کلک کرنے پر اپنا موبائل فون درج کرنا ہوگا، اس پر ایک ’او ٹی پی‘ (وَن ٹائم پاسورڈ) بھیجا جائے گا۔ او ٹی پی درج کرنے پر پورٹل کھل جائے گا۔ اس میں جانے پر میت کی ذاتی تفصیلات کے عنوان کے صفحہ پر تفصیلات بھرنی ہوں گی۔
 سب سے پہلے میت کا نام ’آدھار‘ یا ’ڈیتھ سلپ‘ کے حساب سے پوچھا گیا ہے۔ اس کے بعد نام میں ٹائٹل یعنی مسٹر، مسز یا مس۔ پھر پہلا نام، والد یا شوہر کا نام، سرنیم، عمر، جنس، مذہب، زمرہ، مرنے کی جگہ، رہائش کی جگہ(ممبئی میں یا ممبئی کے باہر)، کس جگہ تدفین چاہتے ہیں(جائے پیدائش، میت کا رہائشی علاقہ یا کوئی دیگر جگہ) اس کے آگے کے کالم میں ممبئی کے مختلف علاقوں کے نام درج ہیں۔  
 اس کے بعد دستاویز اَپ لوڈ کرنے ہوں گے۔ موت کی وجہ۔ آدھار کارڈ، پولیس کا اجازت نامہ۔ یہ صفحہ مکمل ہونے کے بعد مزید ۲؍ صفحات کو پُر کرنا ہے ۔ جب تک پہلا صفحہ مکمل طور پر پُر نہیں ہوجاتا تب تک اگلے صفحہ پر نہیں جاسکتے۔
 فارم پُر کرلینے کے بعد شہری کو ایس ایم ایس کے ذریعہ تصدیق بھیجی جائے گی اور ’یونیک رجسٹریشن نمبر‘ موصول ہوگا۔ اس کے علاوہ اگر اوقات میں کوئی تبدیلی ہوتی ہے یا بکنگ منسوخ کی جاتی ہے تو اس کا بھی ایس ایم ایس موصول ہوگا۔ مزید یہ کہ اگر بکنگ کئے گئے وقت پر تدفین یا آخری رسومات ادا نہیں کی گئیں تو اس وقت اور جگہ پر کسی دیگر کو آخری رسومات ادا کرنے کی اجازت دےدی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK