Inquilab Logo

حرام خور کسےکہا تھا؟:ہائی کورٹ

Updated: September 29, 2020, 9:47 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

بنگلے میں انہدامی کارروائی کے معاملے میں عدالت نے سنجے راؤت سے جواب طلب کیا۔ کنگنا اور راؤت کے ٹویٹ کی تفصیلات اورآڈیو عدالت میں پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔ بی ایم سی نے انہدامی کارروائی کو صحیح بتاتے ہوئے حلف نامہ پیش کیا

Sanjay Raut and Kangana Ranawat - Pic : INN
سنجے راؤت اور کنگنا رناوت ۔ تصویر : آئی این این

بی ایم سی کے ذریعے کنگنا رناوت کے بنگلے میں غیرقانونی تعمیرات کو منہدم کرنے کے خلاف داخل کردہ عرضداشت پر پیر کو بامبے ہائی کور ٹ میںجاری بحث کے دوران شیوسینا کے ترجمان  سنجے راؤت کے ذریعے کہے گئے لفظ ’حرام خور ‘ پرہائی کورٹ نے ان سے جواب طلب کیا ہے ۔ عدالت نےسنجے راؤت کے وکیل سے جہاں یہ تفصیلات فراہم کرنے کو کہا کہ یہ لفظ کس کیلئے استعمال کیا گیا ہے وہیں کنگنا کے وکیل کے ذریعہ سنجے راؤت کی آواز میں موجود ایک آڈیو بھی سنایا گیا تھا جس سے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی کہ سنجے راؤت کے حکم پر بی ایم سی نے قانونی نہیں بلکہ جبراً اور قصداً انہدامی کارروائی کی ہے ۔
 بامبے ہائی کورٹ کی ۲؍  رکنی بنچ ایس جے کاتھا والا اور جسٹس ریاض چھاگلا کے روبرو ہونے والی بحث کے دوران اداکارہ کنگنا رناوت کے وکیل ڈاکٹر بریندر سراف نے کہا کہ ’’میری موکلہ نے مہاراشٹر حکومت کے خلاف جو ٹویٹ کیا ہے اور جو بیان دیا ہے ، یہ اسی کا نتیجہ ہے کہ ان کے بنگلے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے  نوٹس دینے کے بعد ۲۴؍ گھنٹے کی مہلت بھی نہیں دی گئی اور   جواب داخل کرنے کا وقت بھی نہیں دیا گیا بلکہ میری موکلہ کے بنگلے میں چند ترمیمات کے ساتھ کئے جانے والی تعمیرات کو طے شدہ منصوبے کے تحت جبراً  اور قصداً منہدم کردیا گیا تھا۔‘‘انہوں نے اس تعلق سے شیوسینا ترجمان کے ذریعے بی ایم سی سے ہوئی بات چیت کا ایک آڈیو پیش کیا تھا ۔ 
 وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سنجے راؤت نے اداکارہ کے خلاف نازیبا کلمات کا استعمال کرتے ہوئے ’حرام خور ‘کا لفظ بھی استعمال کیا ہے اور یہ بھی کہا تھا کہ اس کو سبق سکھائیں گے ۔
 آڈیو سنائے جانے پر سنجے راؤت کے وکیل پردیپ جے تھوراٹ نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ’’ میرے موکل نے اس آڈیو میں  عرضداشت گزار کا نام استعمال نہیں کیا ہے ۔ ‘‘
 اس پر جسٹس کاتھا والا نے کہا کہ ’’تو کیا اس بات کو ریکارڈ پر لیا جائے کہ آپ کے موکل ( سنجے راؤت )نے عرضداشت گزار کو مخاطب کرتے ہوئے ’حرام خور لڑکی‘ کا لفظ استعمال نہیں کیا ہے ۔ ‘‘سنجے راؤت کے وکیل نے عدالت کے اس بیان پر حلف نامہ داخل کرنے کے لئے کل تک کے لئے وقت طلب کیا  جسے عدالت نے قبول کر لیا ہے ۔
 دریں اثناء بی ایم سی نے کنگنارناوت کی شکایت کو گمراہ کن اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’ اداکارہ نے سیاستداں اور موجودہ حکومت کو اس انہدامی کارروائی سے جوڑنے کی کوشش کی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اداکارہ نے غیر قانونی تعمیرات کی ہیں۔ ‘‘
 ہائی کورٹ نے اس سلسلہ میں منگل کو جہاں سنجے راؤت کو اپنی صفائی پیش کرنے کا موقع دیا ہے  وہیں فریقین کو اس معاملہ میں دیئے جانے والے بیانات اور ٹویٹ کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت کو کل تک کے لئے ملتوی کر دیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK